• KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm
  • KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm

فائزر کی ویکسین کم عمر بچوں کے لیے 100 فیصد مؤثر قرار

شائع March 31, 2021
ویکسین کا بالغ افراد میں استعمال جاری ہے—فائل فوٹو: رائٹرز
ویکسین کا بالغ افراد میں استعمال جاری ہے—فائل فوٹو: رائٹرز

امریکی فارماسیوٹیکل کمپنی فائزر و جرمن کمپنی بائیو این ٹیک نے اپنی کورونا سے تحفظ کی ویکسین کے کم عمر بچوں کے آزمائشی پروگرام کے نتائج جاری کردیے۔

خبر رساں ادارے ’رائٹرز‘ کے مطابق فائزر و بائیو این ٹیک کی جانب سے جاری کیے گئے نتائج میں دعویٰ کیا گیا کہ کورونا سے تحفظ کی ویکسین 12 سے 15 سال کی عمر کے بچوں کے لیے 100 فیصد مؤثر ہے۔

فائزر و بائیو این ٹیک نے پہلی مرتبہ ویکسین کے فروری 2021 کے وسط میں نتائج جاری کیے تھے، جس کے بعد ان کی ویکسین بالغ افراد کو لگانے کی اجازت دی گئی تھی۔

فائزر و بائیو این ٹیک کی ویکسین کو استعمال کرنے کی اجازت درجنوں ممالک دے چکے ہیں تاہم اب تک مذکورہ ویکسین صرف بالغ افراد یا پھر 16 سال سے زائد عمر کے افراد کو لگانے کی اجازت تھی۔

یہ بھی پڑھیں: جانسن اینڈ جانسن نومولود بچوں پر کووڈ ویکسین کی آزمائش کرنے کی خواہشمند

لیکن اب کمپنی نے اسکول جانے والے بچوں کی عمر کے افراد پر آزمائش کے بعد اس کے نتائج جاری کردیے، جس کے تحت ویکسین 12 سے 15 سال کے عمر کے افراد کے لیے 100 فیصد مؤثر ہے۔

کمپنی کی جانب سے جاری کیے گئے بیان میں بتایا گیا کہ فائزر و بائیو این ٹیک کی ویکسین کو 2260 کم عمر بچوں پر آزمایا گیا اور اس کے نتائج حیران کن طور پر مؤثر رہے۔

بیان میں بتایا گیا کہ جن کم عمر بچوں پر ویکسین کی آزمائش کی گئی تھی ان میں سے 18 بچے کورونا سے متاثر تھے۔

کمپنی نے دعویٰ کیا کہ ویکسین 12 سے 15 سال کی عمر کے نوجوانوں کے لیے 100 فیصد مؤثر ہے تاہم ساتھ ہی واضح کیا کہ اس کے کچھ معمولی سائیڈ افیکٹس بھی ہوسکتے ہیں۔

اگرچہ کمپنی نے کم عمر بچوں میں ویکسین کے سائیڈ افیکٹس کی وضاحت نہیں کی تاہم کمپنی کا کہنا تھا کہ ویکسین سے 25 سال کی عمر تک کے افراد کو سر درد، بخار اور جسم میں درد جیسی شکایات ہو سکتی ہیں۔

کم عمر بچوں میں ویکسین کی کامیاب آزمائش کے بعد اب کمپنی امریکی حکومت میں مذکورہ ویکسین کو بچوں میں استعمال کرنے کی اجازت کے لیے درخواست دائر کرے گی۔

مزید پڑھیں: امریکی کمپنی کی کووڈ ویکسین کا بچوں پرٹرائل شروع

خیال کیا جا رہا ہے کہ کمپنی کو جلد کم عمر بچوں میں ویکسین کے استعمال کی اجازت مل جائے گی، جس کے بعد ویکسین کا ابتدائی استعمال اسکول کے بڑے بچوں سے کیے جانے کا امکان ہے۔

ابتدائی طور پر اسے امریکا میں ہی اجازت ملنے کا امکان ہے تاہم کمپنی یورپ سمیت دیگر خطوں کے ممالک میں بھی ویکسین کے استعمال کی اجازت حاصل کر سکتی ہے۔

فائزر و بائیو این ٹیک کی ویکسین کو ابتدائی طور پر 2021 کے شروع ہوتے ہی استعمال کی اجازت مل گئی تھی۔

اب تک مذکورہ کمپنی کی ویکسین 6 درجن سے زائد ممالک میں استعمال کی جا رہی ہے اور اب تک دنیا کے 150 کے قریب ممالک میں کورونا سے تحفظ کی مختلف ویکسینز کا استعمال جاری ہے۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024