• KHI: Asr 4:12pm Maghrib 5:49pm
  • LHR: Asr 3:27pm Maghrib 5:04pm
  • ISB: Asr 3:26pm Maghrib 5:04pm
  • KHI: Asr 4:12pm Maghrib 5:49pm
  • LHR: Asr 3:27pm Maghrib 5:04pm
  • ISB: Asr 3:26pm Maghrib 5:04pm

میری اہلیہ کبھی اینتھونی جوشوا سے ملی ہی نہیں تھیں، عامر خان

شائع March 31, 2021
عامر خان اور فریال مخدوم نے 2013 میں شادی کی تھی—اسکرین شاٹ/ بی بی سی ویڈیو
عامر خان اور فریال مخدوم نے 2013 میں شادی کی تھی—اسکرین شاٹ/ بی بی سی ویڈیو

پاکستانی نژاد برطانوی باکسر عامر خان نے اعتراف کیا ہے کہ ماضی میں ان سمیت ان کی اہلیہ سے بھی بعض غلطیاں ہوئیں مگر اس الزام میں کوئی سچائی نہیں کہ ان کی اہلیہ برطانوی باکسر اینتھونی جوشوا سے ملی تھیں۔

عامر خان اور ان کی اہلیہ ماڈل و سوشل میڈیا اسٹار فریال مخدوم کے درمیان 2017 میں شدید اختلافات ہوگئے تھے اور دونوں کچھ عرصے کے لیے علیحدہ بھی ہوگئے تھے اور نوبت طلاق تک جا پہنچی تھی۔

دونوں نے تین سال تک دوستی رکھنے کے بعد 2013 میں شادی کی تھی اور جب 2017 میں ان کے اختلافات ہوئے تب دونوں ایک بچے کے والدین بھی تھے۔

باکسر عامر خان نے اہلیہ پر 2017 میں اپنے حریف برطانوی باکسر اینتھونی جوشوا سے تعلقات استوار رکھنے کے الزامات لگانے کے بعد علیحدگی اختیار کی تھی۔

یہ بھی پڑھیں: باکسر عامر خان نے اہلیہ سے علیحدگی اختیار کر لی

دونوں کے درمیان کچھ ماہ علیحدگی کے بعد فریال مخدوم نے اپنے حاملہ ہونے کی تصدیق کی تو دونوں کے درمیان اختلافات ختم ہوئے اور دونوں پھر سے ایک ہوگئے۔

اس وقت دونوں کے تین بچے ہیں اور اب وہ دونوں بہترین زندگی گزار رہے ہیں تاہم انہوں نے اعتراف کیا ہے کہ ماضی میں ان کی غلطیوں کو بہانا بنا کر لوگ بار بار ان سے متعلق باتیں کرتے رہتے ہیں۔

دونوں کے علیحدگی سے ان کے مداح حیران رہ گئے تھے—فائل فوٹو: انسٹاگرام
دونوں کے علیحدگی سے ان کے مداح حیران رہ گئے تھے—فائل فوٹو: انسٹاگرام

عامر خان اور فریال مخدوم نے ’بی بی سی تھری‘ کی جانب سے بنائے گئے خصوصی دستاویزی پروگرام ’میٹ دی خانز‘ میں اپنے مسائل، ازدواجی زندگی، بچوں کی پرورش، کاروبار اور مستقبل کے منصوبوں کے حوالے سے کھل کر بات کی۔

دونوں نے ’میٹ دی خانز‘ میں نہ صرف اپنے کیریئر اور ذاتی زندگی سے متعلق باتیں کیں بلکہ انہوں نے یہ بھی بتایا کہ ماضی میں ان کی جانب سے کی گئی غلطیوں کی وجہ سے انہیں تاحال تنقید کا نشانہ بنایا جاتا ہے۔

عامر خان کا کہنا تھا کہ اگرچہ انہوں نے متحدہ عرب امارات (یو اے ای) کی ریاست دبئی میں گھر خریدا ہے تاہم برطانوی میڈیا میں دبئی میں ان کی مہنگی کاروں کے ساتھ کھچوائی گئی تصاویر سے متعلق غلط معلومات پھیلائی گئی، تصاویر میں نظر آنے والی مہنگی کاریں ان کی نہیں تھیں۔

پروگرام میں انہوں نے لندن کے علاقے بولٹن میں خریدے گئے اپنے نئے گھر کی دوبارہ تزئین و آرائش سے متعلق بھی بتایا اور ساتھ ہی گھر کے ماحول سے متعلق بھی کھل کر باتیں کیں۔

فریال مخدوم کا کہنا تھا کہ گھر میں تو ان کا ہی حکم چلتا ہے اور وہ ایک طرح سے تین نہیں بلکہ چار بچے سنبھال رہی ہیں، کیوں کہ ان کے شوہر بھی بچوں کی طرح ہی ہیں۔

فریال مخدوم کے مطابق ان کے شوہر کی حرکتیں اور مطالبات یا فرمائشیں ان کے سب سے کم عمر بچے سے بھی زیادہ ہوتی ہیں۔

مزید پڑھیں: غلط فہمیاں دور: عامر اور فریال میں صلح ہوگئی

فریال مخدوم نے بتایا کہ سوشل میڈیا پر انہیں ان کی تصاویر، ویڈیوز اور طرز زندگی کی وجہ سے تنقید کا نشانہ بھی بنایا جاتا ہے اور انہیں ان کے بولڈ لباس کی وجہ سے مذہبی حوالوں سے طعنے بھی دیے جاتے ہیں۔

پروگرام میں دونوں نے اعتراف کیا کہ ماضی میں ان سے غلطیاں ہوئیں مگر لوگ ان کی ماضی کی غلطیوں کو یاد کرکے اب تک انہیں طعنے دیتے آ رہے ہیں۔

پروگرام میں عامر خان نے واضح کیا کہ ان کی اہلیہ فریال مخدوم دراصل ان کے حریف برطانوی باکسر اینتھونی جوشوا سے کبھی ملی ہی نہیں تھیں، ان کی ملاقات سے متعلق باتیں غلط معلومات پر مبنی تھیں۔

خیال رہے کہ عامر خان اور فریال مخدوم کی شادی 2013 میں ہوئی، ان کے ہاں 2014 میں پہلی بیٹی لمائسا خان کی پیدائش ہوئی۔

ان کے ہاں دوسری بیٹی کی پیدائش 24 اپریل 2018 کو ہوئی تھی جس کا نام انہوں نے علینا خان رکھا تھا جب کہ جوڑے کے ہاں تیسرے بچے کی پیدائش فروری 2020 میں ہوئی تھی اور دونوں نے بیٹے کا نام محمد زاویار خان رکھا تھا۔

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2024
کارٹون : 21 دسمبر 2024