• KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm
  • KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm

کورونا وائرس سے مزید 4 ہزار 757 افراد متاثر، فعال کیسز 50 ہزار سے تجاوز کر گئے

شائع March 31, 2021 اپ ڈیٹ April 1, 2021
ملک میں کورونا کیسز مثبت آنے کی شرح 10.8 فیصد رہی—فائل فوٹو: وائٹ اسٹار
ملک میں کورونا کیسز مثبت آنے کی شرح 10.8 فیصد رہی—فائل فوٹو: وائٹ اسٹار

پاکستان میں کورونا وائرس کی تیسری لہر کا پھیلاؤ تیزی سے جاری ہے ایسے میں 60 سال سے معمر افراد، ہیلتھ ورکرز کی ویکسینیشن کا سلسلہ جاری ہے جبکہ 50 سال سے زائد عمر کے افراد کی رجسٹریشن کا عمل شروع ہوگیا ہے۔

کووِڈ-19 کے اعداد و شمار کے لیے بنائی گئی نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) کی ویب سائٹ کے مطابق پاکستان میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 4 ہزار 757 افراد میں وائرس کی تشخیص ہوئی اور 78 مریض انتقال کر گئے۔

وائرس کی تشخیص کے لیے 29 مارچ کو مجموعی طور پر 43 ہزار 965 ٹیسٹس کیے گئے جس کے نتیجے میں ملک میں کورونا کیسز مثبت آنے کی شرح 10.8 فیصد رہی جبکہ فعال کیسز 50 ہزار 397 تک جا پہنچے۔

ملک بھر میں کورونا وائرس سے متاثرہ مریضوں کی تعداد 6 لاکھ 67 ہزار 957 ہو گئی ہے جبکہ مرنے والوں کی تعداد بھی 14 ہزار 434 تک پہنچ گئی۔

گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران مزید 2 ہزار 848 مریض صحتیاب ہوئے اور اب تک صحتیاب افراد کی مجموعی تعداد 6 لاکھ 3 ہزار 126 ہو گئی ہے۔

واضح رہے کہ ملک میں کورونا وائرس کا پہلا کیس 26 فروری 2020 کو رپورٹ ہوا تھا، جس کے بعد سے ملک میں وبا کے پھیلاؤ میں اتار چڑھاؤ جاری ہے اور اب تک بیماری کی 2 لہریں دیکھی جاچکی ہیں جبکہ تیسری لہر کا پھیلاؤ جاری ہے۔

تیسری لہر کے پیشِ نظر کئی علاقوں میں دوبارہ لاک ڈاؤن اور اسمارٹ لاک ڈاؤن لگایا گیا ہے جبکہ کاروباری سرگرمیوں کے اوقات کار بھی محدود کردیے گئے ہیں اس کے علاوہ زیادہ متاثرہ علاقوں میں تعلیمی ادارے بھی بند ہیں۔

پاکستان میں آج 31 مارچ کو چاروں صوبوں اور وفاقی اکائیوں میں کورونا وائرس کے کیسز سے متعلق رپورٹ کچھ یوں ہے:

پنجاب

وبا کی تیسری لہر نے صوبہ پنجاب کو بری طرح اپنی لپیٹ میں لے رکھا ہے اور گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید 2 ہزار 698 افراد میں وائرس کی تصدیق ہوئی جبکہ 46 اموات ہوئیں۔

پنجاب میں اب تک مجموعی کیسز 2 لاکھ 20 ہزار 392 ہو چکے ہیں جبکہ 6 ہزار 365 افراد موت کے منہ میں جا چکے ہیں۔

سندھ

ملک کے دوسرے بڑے صوبے سندھ میں ابھی تک صورتحال نسبتاً بہتر ہے اور یہاں گزشتہ 24 گھنٹوں میں 275 کیسز رپورٹ ہوئے جس کے بعد مجموعی کیسز کی تعداد 2 لاکھ 65 ہزار 433 ہو گئی ہے۔

صوبے میں کورونا وائرس سے مزید 2 مریضوں کا انتقال ہوا، مجموعی طور پر یہاں اب تک 4 ہزار 497 افراد لقمہ اجل بن چکے ہیں۔

خیبر پختونخوا

صوبہ خیبر پختونخوا میں بھی بیماری کا پھیلاؤ شدت اختیار کر گیا ہے اور یہاں ایک ہزار 11 نئے کیسز سامنے آئے جبکہ 23 مریض دم توڑ گئے۔

خیبر پختونخوا میں اب تک کیسز کی مجموعی تعداد 87 ہزار 55 ہو چکی ہے جبکہ مجموعی طور پر 2 ہزار 342 اموات ہوئیں۔

بلوچستان

بلوچستان میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 22 افراد میں وائرس کی تشخیص ہوئی۔

صوبے میں مزید کسی مریض کی موت رپورٹ نہیں ہوئی اب تک مجموعی طور پر 19 ہزار 557 کیسز جبکہ 207 اموات رپورٹ ہوچکی ہیں۔

اسلام آباد

اسلام آباد میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید 629 کیسز رپورٹ ہوئے جبکہ مزید 5 مریض اس وبا کے باعث زندگی کی بازی ہار گئے۔

وفاقی دارالحکومت میں اب تک 57 ہزار 833 افراد وائرس کا شکار ہوچکے ہیں جن میں سے 568 انتقال کر گئے۔

آزاد کشمیر

آزاد کشمیر میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید 114 افراد میں وائرس کی تصدیق ہوئی جبکہ 2 مریضوں کا انتقال ہوگیا۔

آزاد کشمیر میں اب تک 12 ہزار 663 افراد میں وائرس کی تصدیق ہو چکی ہے جبکہ مجموعی طور پر 352 افراد وفات پاچکے۔

گلگت بلتستان

گلگت بلتستان میں ملک کے دیگر حصوں کی مناسبت سے بیماری کا پھیلاؤ کافی حد تک کنٹرول میں ہے تاہم گزشتہ روز 8 نئے کیسز رپورٹ ہوئے یوں مجموعی کیسز 5 ہزار 24 ہوگئے۔

گلگت بلتستان میں 9 مارچ کے بعد مزید کسی مریض کا انتقال نہیں ہوا اور اموات کی تعداد 103 پر برقرار ہے۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024