پاکستانی شوبز انڈسٹری 'بہت منافق ہے‘، یاسر حسین
اداکار یاسر حسین کا کہنا ہے کہ وہ دوسرے پاکستانی اداکاروں کے مقابلے میں کھری بات کہنے کے عادی ہیں جب کہ باقی لوگ تنقید کے ڈر سے سوشل میڈیا پر کھل کر رائے کا اظہار نہیں کرتے۔
یاسر حسین کو سوشل میڈیا یا ٹی وی شوز پر جاکر کھری باتیں کرنے کی وجہ سے پہچانا جاتا ہے اور وہ کسی بھی اداکار یا اداکارہ کے حوالے سے پوچھے گئے سوال پر کھل کر جواب دیتے ہیں یا کھل کر اپنی رائے کا اظہار کرتے ہیں۔
کھل کر اپنی رائے کا اظہار کرنے کی وجہ سے ہی یاسر حسین پر تنقید کی جاتی ہے کہ وہ تنازعات پیدا کرتے ہیں مگر وہ خود ایسا نہیں سمجھتے اور ان کا کہنا تھا کہ دوسرے لوگ سوالوں کے جوابات دینے سے ڈرتے ہیں مگر وہ ایسا نہیں کرتے۔
برطانوی نشریاتی ادارے ’بی بی سی اردو‘ سے بات کرتے ہوئے یاسر حسین نے کہا کہ پاکستانی شوبز انڈسٹری شروع سے ہی ’منافق‘ ہے۔
انہوں نے دلیل دی کہ جب وہ کسی متنازع معاملے پر سوشل میڈیا پر بات کرتے ہیں تو کئی ساتھی اداکار انہیں فون کرکے ان کی حوصلہ افزائی کرتے ہیں مگر وہی لوگ ’منافقت‘ کرتے ہوئے ان کی پوسٹ پر کمنٹس نہیں کرتے، کیوں کہ وہ سوشل میڈیا پر تنقید سے ڈرتے ہیں۔
انہوں نے متنازع معاملات پر بات کرنے کے سوال کے جواب میں کہا کہ جب کوئی ان سے سوال کرے گا تو وہ جواب دیں گے لیکن ساتھ ہی حیرانی کا اظہار کیا کہ لوگوں کو سوال پوچھنے والا یا پھر ٹی وی یا سوشل میڈیا پیج غلط نہیں لگتا لیکن عام لوگوں کا ان کا جواب غلط لگتا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: شوبز انڈسٹری میں اقربا پروری موجود ہے، یاسر حسین
ٰیاسر حسین نے کہا کہ وہ جب بھی جس موضوع پر بات کرتے ہیں، وہ متنازع بن جاتی ہے اور ایک نئی بحث چھڑ جاتی ہے۔
اداکار نے دعویٰ کیا کہ نجی ٹی وی کا ایک شو ’گھبرانا منع ہے‘ ان کی شرکت کے بعد مشہور ہوا، حالانکہ ان سے قبل اسی شو میں ماہرہ خان اور ہمایوں سعید بھی شریک ہو چکے تھے لیکن لوگوں کو ان کی شرکت کے بعد مذکورہ شو کا علم ہوا۔
اسی طرح یاسر حسین کا کہنا تھا کہ انہوں نے ترک ڈرامے ’ارطغرل غازی‘ پر کھل کر تنقید کی تھی اور کہا تھا کہ پاکستان اور ترکی کو مشترکہ پروڈکشن کرنی چاہیے اور اب ہمایوں سعید اور عدنان صدیقی ترکی کے ساتھ مل کر کام کر رہے ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ بعض مرتبہ وہ کسی بھی شو پر اپنے قریبی دوست کا نام لے کر ان پر تنقید کرتے ہیں، کیوں کہ انہیں معلوم ہوتا ہے کہ ان کے دوست ان کی بات کو سمجھیں گے۔
مزید پڑھیں: یاسر حسین نے دنیا کو نئے انداز میں دیکھنا سکھایا، اقرا عزیز
یاسر حسین نے خود پر تنقید کرنے والے مداحوں کو مشورہ دیا کہ اگر انہیں اداکار کی باتیں اچھی نہیں لگتیں تو وہ انہیں سوشل میڈیا پر ان فالو کر سکتے ہیں۔
سوشل میڈیا کی طاقت پر بات کرتے ہوئے اداکار نے کہا کہ اب وہ زمانا آگیا ہے کہ ٹی وی چینلز اپنے ڈراموں کی تشہیر کے لیے سوشل میڈیا پر مشہور شخصیات کی خدمات حاصل کرتے ہیں۔
یاسر حسین کے مطابق ایک دور تھا جب سینما والے ٹی وی کو فلم کی تشہیر کے لیے پیسے دیتے تھے، اب سوشل میڈیا ٹی وی سے بھی بڑی اسکرین بن چکا ہے۔