• KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm
  • KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm

سندھ، بلوچستان میں رواں ہفتے پہلی ہیٹ ویو کا امکان

شائع March 30, 2021
ایڈوائزری میں مزید کہا گیا کہ ملک کے اکثر پہاڑی علاقوں میں درجہ حرارت بڑھنے کا بھی امکان ہے — فائل فوٹو / شٹراسٹاک
ایڈوائزری میں مزید کہا گیا کہ ملک کے اکثر پہاڑی علاقوں میں درجہ حرارت بڑھنے کا بھی امکان ہے — فائل فوٹو / شٹراسٹاک

محکمہ موسمیات نے رواں ہفتے کے لیے ملک کے بیشتر میدانی علاقوں کے لیے ہیٹ ویو کا الرٹ جاری کردیا جس کے دوران درجہ حرارت معمول سے 4 سے 6 ڈگری زیادہ ہوسکتا ہے۔

محکمہ موسمیات سے جاری ایڈوائزری میں کہا گیا ہے کہ 'رواں ہفتے کے دوران گرم اور خشک موسم رہنے کا امکان ہے جس کی وجہ سے ملک کے بیشتر میدانی علاقوں میں ہیٹ ویو کی صورتحال کا امکان ہے'۔

الرٹ کے مطابق سندھ، جنوبی پنجاب، مشرقی اور جنوبی بلوچستان میں منگل (آج) سے ہفتہ تک موسم انتہائی گرم اور خشک رہے گا۔

ایڈوائزری میں مزید کہا گیا کہ ملک کے اکثر پہاڑی علاقوں میں درجہ حرارت بڑھنے کا بھی امکان ہے۔

محکمہ موسمیات نے کہا کہ 'رواں ہفتے سندھ اور بلوچستان میں گرد آلو ہوائیں چلنے کا امکان ہے جبکہ بیشتر پہاڑی علاقوں میں درجہ حرارت معمول سے 4 سے 6 ڈگری زیادہ ہوسکتا ہے'۔

یہ بھی دیکھیں: ہواؤں کا رخ تبدیل ہوتے ہی کراچی میں ہیٹ ویو کا خطرہ

الرٹ جاری ہونے کے بعد حکومت سندھ کے محکمہ بحالی نے صوبے کے تمام ڈپٹی کمشنرز کو خط کے ذریعے ہیٹ ویو کے دوران کسی بھی جانی نقصان سے بچنے کے لیے ضروری اقدامات اٹھانے کی ہدایت کی ہے۔

یاد رہے کہ سال 2015 میں کراچی کو 50 سال سے زائد عرصے میں سب سے خطرناک ہیٹ ویو کا سامنا کرنا پڑا تھا۔

اس سال 19 جون سے شروع ہونے والی پانچ روزہ ہیٹ ویو کے دوران شہر قائد میں ایک ہزار 200 سے زائد افراد جاں بحق اور 40 ہزار سے زائد متاثر ہوئے تھے۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024