• KHI: Fajr 5:34am Sunrise 6:53am
  • LHR: Fajr 5:12am Sunrise 6:37am
  • ISB: Fajr 5:19am Sunrise 6:46am
  • KHI: Fajr 5:34am Sunrise 6:53am
  • LHR: Fajr 5:12am Sunrise 6:37am
  • ISB: Fajr 5:19am Sunrise 6:46am

ترک اداکار جلال آل نے اب تک کتنے پاکستانی ڈرامے اور فلمیں دیکھی ہیں؟

شائع March 30, 2021
جلال آل کے مطابق ترک عوام پاکستانیوں کی محبت اور قربانی کو نہیں بھلا سکتا—فوٹو: ڈان نیوز ڈاٹ ٹی وی
جلال آل کے مطابق ترک عوام پاکستانیوں کی محبت اور قربانی کو نہیں بھلا سکتا—فوٹو: ڈان نیوز ڈاٹ ٹی وی

شہرہ آفاق ترک ڈرامے’ارطغرل غازی‘ میں کمانڈر عبدالرحمٰن الپ کا کردار ادا کرنے والے اداکار جلال آل کا کہنا ہے کہ جس طرح پاکستانی عوام نے ان کا ڈراما دیکھا، اسی طرح وہ بھی یہاں کے ڈرامے دیکھتے ہیں۔

جلال آل 28 مارچ کو صوبہ سندھ کے دارالحکومت کراچی کے نجی ہوٹل میں ’عکاظ‘ نامی اسٹور چین کو متعارف کرائے جانے کی تقریب میں شریک ہوئے، جہاں انہوں نے پاکستان اور ترکی کے تاریخی تعلقات پر خطاب بھی کیا۔

جلال آل نے نجی ہوٹل میں ہونے والی تقریب میں خطاب کے دوران سلطنت عثمانیہ کو بچانے کے لیے برصغیر پاک و ہند کے مسلمانوں کی جانب سے دی گئی قربانیوں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ اس وقت سلطنت عثمانیہ کے لیے قربانیاں دینے والے مسلمانوں کا تعلق حالیہ پاکستان سے تھا۔

جلال آل نے پاکستانی لباس پہن رکھا تھا—فوٹو: ڈان نیوز ڈاٹ ٹی وی
جلال آل نے پاکستانی لباس پہن رکھا تھا—فوٹو: ڈان نیوز ڈاٹ ٹی وی

انہوں نے خطاب کے دوران علامہ اقبال کا خصوصی ذکر کیا اور کہا کہ انہوں نے سلطنت عثمانیہ کو بچانے کے لیے برصغیر میں شروع کی گئی تحریک خلافت میں اہم کردار ادا کیا۔

یہ بھی پڑھیں: فیروز خان کی ترک اداکار جلال آل سے ملاقات

جلال آل کا کہنا تھا کہ ترک لوگ یہ کبھی نہیں بھول سکتے کہ اس وقت پاکستانی مسلمانوں نے سلطنت عثمانیہ کو بچانے کے لیے نہ صرف مالی قربانیاں دیں بلکہ جانوں کا نظرانہ بھی پیش کیا۔

جلال آل نے ترک زبان میں خطاب کیا اور اس کے مترجم نے اردو میں ترجمہ کیا—فوٹو: ڈان نیوز ڈاٹ ٹی وی
جلال آل نے ترک زبان میں خطاب کیا اور اس کے مترجم نے اردو میں ترجمہ کیا—فوٹو: ڈان نیوز ڈاٹ ٹی وی

جلال آل کے مطابق انہوں نے اپنے بزرگوں سے سنا ہے کہ سلطنت عثمانیہ کو بچانے کے لیے اس وقت ایک غریب پاکستانی مسلم خاتون نے اپنا نوزائیدہ بچہ فروخت کرکے اس سے ملنے والی رقم سلطنت عثمانیہ کی مدد کے لیے بھیجی تھی۔

پروگرام کے بعد جلال آل کو اعزازی شیلڈ سے بھی نوازا گیا اور بعد ازاں ترک اداکار لوگوں میں گھل مل گئے۔

جلال آل نے پاکستانی لباس پہن رکھا تھا اور کورونا کے پیش نظر انہوں نے سماجی فاصلے کو بھی یقینی بنایا جب کہ انہوں نے پاکستانی مداحوں سے بہتر انداز میں گفتگو کرنے کے لیے اپنے ساتھ ماہر ترجمہ نگار کی خدمات بھی حاصل کی تھیں۔

مزید پڑھیں: جلال آل کی عمران عباس کو ترک سوغات کھلانے کی تصویر وائرل

پروگرام کے بعد ڈان نیوز ڈاٹ ٹی وی سے خصوصی بات کرتے ہوئے جلال آل نے کراچی کو استنبول سے بڑا شہر قرار دیا اور کہا کہ صوبہ سندھ کے دارالحکومت میں ہر وقت رش لگا رہتا ہے، یہاں ٹریفک جام ہوتا ہے اور استنبول کے برعکس یہ شہر تنگ محسوس ہوتا ہے۔

جلال آل نے پاکستان اور ترکی کے دو پروڈکشن ہاؤسز کی جانب سے بنائے جانے والے ڈرامے ’ترکی لالا‘ پر کوئی بات کرنے سے گریز کیا تاہم انہوں بتایا کہ وہ مذکورہ منصوبے سمیت دیگر کچھ منصوبوں کے حوالے سے بھی پاکستانی برانڈز اور پروڈکش ہاؤسز کے ساتھ مصروف ہیں۔

جلال آل نے ارطغرل غازی پر شوبز شخصیات کی تنقید کے معاملے پر بات کرنے سے گریز کیا—فوٹو: ڈان نیوز ڈاٹ ٹی وی
جلال آل نے ارطغرل غازی پر شوبز شخصیات کی تنقید کے معاملے پر بات کرنے سے گریز کیا—فوٹو: ڈان نیوز ڈاٹ ٹی وی

جلال آل نے یہ بھی نہیں بتایا کہ وہ پاکستانی برانڈز یا ہاؤسز کے ساتھ کس طرح کے منصوبوں میں مصروف ہیں۔

ایک سوال کے جواب میں جلال آل نے کہا کہ انہوں نے معروف پاکستانی ڈراما ’خدا اور محبت‘ دیکھا ہے تاہم انہوں نے تاحال کوئی فلم نہیں دیکھی۔

جلال آل نے ’خدا اور محبت‘ میں فیروز خان، عمران عباس اور سعدیہ خان کی اداکاری کی تعریف کی۔

جلال آل کے مطابق انہوں نے خدا اور محبت ڈراما دیکھا ہے—پرومو فوٹو
جلال آل کے مطابق انہوں نے خدا اور محبت ڈراما دیکھا ہے—پرومو فوٹو

جب ان سے سوال کیا گیا کہ مہوش حیات یا ماہرہ خان میں سے کس پاکستانی اداکارہ کے ساتھ کام کرنا چاہیں گے؟ تو جلال آل نے بتایا کہ اگر انہیں موقع ملے اور پاکستان سے کوئی پیش کش ہو تو وہ ریما خان اور سعدیہ خان کے ساتھ کام کرنے کو ترجیح دیں گے۔

انہوں نے یہ واضح کرنے سے بھی معذرت کرلی کہ ریما خان اور سعدیہ خان ان کے ساتھ ’ترکی لالا‘ میں کام کرتی دکھائی دیں گی یا نہیں؟

جلال آل نے پاکستانی شوبز انڈسٹری کی شخصیات کی جانب سے ’ارطغرل غازی‘ پر تنقید کیے جانے کے معاملے پر بھی بات کرنے سے معذرت کی اور کہا کہ وہ ایسے موضوعات پر بات نہیں کرنا چاہتے۔

خیال رہے کہ ’ارطغرل غازی‘ گزشتہ برس سے پاکستان ٹیلی وژن (پی ٹی وی) پر اردو زبان میں نشر کیا جا رہا ہے اور خبریں ہیں کہ جلد ہی پاکستان اور ترکی مشترکہ طور پر ’ترکی لالا‘ نامی ڈراما بھی بنائیں گے۔

جلال آل نے جس پاکستانی ڈرامے ’خدا اور محبت‘ کی تعریف کی، اسے پہلی مرتبہ 2011 میں جیو ٹی وی پر نشر کیا گیا تھا اور اب اسی ڈرامے کا نیا سیزن بھی جیو ٹی وی پر نشر کیا جا رہا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: ریما خان بھی ’ترک لالا‘ کا حصہ ہوں گی؟

’خدا اور محبت‘ کی کاسٹ میں شامل فیروز خان اور عمران عباس ماضی میں جلال آل کے ساتھ ملاقاتیں بھی کر چکے ہیں جب کہ سعدیہ خان کو بھی ریما خان کے ساتھ ترکی میں جلال آل کے ساتھ دیکھا گیا تھا۔

خبریں ہیں کہ جلال آل، ریما خان، سعدیہ خان، ہمایوں سعید اور عدنان صدیقی سمیت دیگر ترک و پاکستانی اداکار ’ترکی لالا‘ پروگرام میں دکھائی دیں گے، تاہم اس حوالے سے کوئی واضح خبریں سامنے نہیں آئیں۔

کارٹون

کارٹون : 21 نومبر 2024
کارٹون : 20 نومبر 2024