ڈاکٹر طارق بنوری کو ہٹانے کے بعد چیئرمین ایچ ای سی کیلئے 3 نام تجویز
اسلام آباد: ہائر ایجوکیشن کمیشن (ایچ ای سی) کے چیئرمین ڈاکٹر طارق بنوری کو ان کے عہدے سے ہٹائے جانے کے تین دن بعد کمیشن نے خالی عہدے کے لیے تین نام تجویز کردیے۔
ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق کمیشن کے اجلاس میں ڈاکٹر عطا الرحمٰن، ڈاکٹر مختار احمد اور ڈاکٹر جاوید لغاری کو شامل کیا گیا۔
مزید پڑھیں: ایچ ای سی کے چیئرمین ڈاکٹر طارق بنوری کو عہدے سے ہٹا دیا گیا
امیدواروں کے نام حتمی منظوری کے لیے وزیر اعظم کے دفتر میں جمع کروانے کے لیے وزارت تعلیم کو بھیجے جائیں گے۔
خیال رہے کہ ایچ ای سی میں 18 رکنی کمیشن ہے چیئرمین ایچ ای سی کی تعیناتی کا فیصلہ کرتا ہے۔
دریں اثنا ہٹائے جانے والے ایچ ای سی کے چیئرمین ڈاکٹر طارق بنوری نے اپنی برطرفی کے خلاف سندھ ہائی کورٹ میں رٹ پٹیشن دائر کی ہے۔
دوسری جانب عدالت نے سماعت کی اگلی تاریخ تک حکومت کو نیا چیئرمین مقرر کرنے سے روک دیا ہے۔
ذرائع نے کمیشن کے اجلاس کو اس وقت انتہائی اہم قرار دیا کیوں کہ وفاقی حکومت کی ہدایت پر کمیشن نے 3 نام تجویز کیے۔
یہ بھی پڑھیں: بی اے/بی ایس سی پروگرام کے خاتمے کیلئے ایچ ای سی کا حتمی نوٹس
کمیشن کے ایک افسر نے کہا کہ اگر عدالت ڈاکٹر طارق بنوری کے حق میں سماعت کی اگلی تاریخ پر حکم امتناع منظور نہیں کرتی تو حکومت اس کمیشن کے کسی بھی ممبر کو قائم مقام ایچ ای سی چیئرمین مقرر کرے گی۔
خیال رہے کہ 27 مارچ کو ایچ ای سی کے چیئرمین ڈاکٹر طارق بنوری کو عہدے سے ہٹا دیا گیا تھا۔
ڈاکٹر طارق بنوری کو سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے مئی 2018میں تعینات کیا تھا اور انہیں بطور چیئرمین ایچ ای سی مئی 2022 تک 4 سالہ مدت پوری کرنا تھی۔
نوٹی فکیشن کے مطابق ہائیر ایجوکیشن کمیشن ترمیمی آرڈیننس 2021 کا اطلاق ہو گیا جس کے تحت چیئرمین ایچ ای سی کی مدت 2 سال کر دی گئی۔
یہ بھی پڑھیں: وزیر تعلیم خیبر پختونخوا نے تعلیمی اداروں کے حوالے سے اہم اعلان کر دیا
علاوہ ازیں تمام اسٹیک ہولڈرز نے ایچ ای سی کے چیئرمین ڈاکٹر طارق بنوری کو عہدے سے ہٹانے کے عمل کو شروع کرنے پر حکومت کی تعریف کی تھی۔
اس ضمن میں ذرائع کا کہنا تھا کہ سی سی ایل سی کی سفارش وزیر اعظم عمران خان کے سامنے رکھی جائے گی جو ایچ ای سی کے آرڈیننس میں ترمیم اور چیئرمین ایچ ای سی کی مدت ملازمت کو کم کرنے کے لیے صدر کو سفارشات بھیج سکتے ہیں۔