• KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am
  • KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am

شائستہ لودھی 4 سال بعد اسکرین پر واپسی کے لیے تیار

شائع March 30, 2021
شائستہ لودھی تقریبا 4 سال بعد اسکرین پر دکھائی دیں گی—فائل فوٹو: انسٹاگرام
شائستہ لودھی تقریبا 4 سال بعد اسکرین پر دکھائی دیں گی—فائل فوٹو: انسٹاگرام

سابق میزبان و اداکار شائستہ لودھی طویل عرصے بعد دوبارہ اسکرین پر اداکاری کرنے کے لیے تیار ہیں اور جلد ہی ان کا نیا ڈراما ریلیز کردیا جائے گا۔

شائستہ لودھی آخری بار جیو ٹی وی کے ڈرامے ’خان‘ میں دکھائی دی تھیں، مذکورہ ڈراما 2017 میں ریلیز کیا گیا تھا۔

مذکورہ ڈرامے سے قبل ہی شائستہ لودھی شوبز کی دنیا سے دور ہوگئی تھیں اور انہیں نے غیر اعلانیہ طور پر شوبز کو خیرباد کہا تھا، تاہم وہ مختلف تقریبات میں دکھائی دیتی رہی تھیں۔

دو سال قبل 2019 میں انہوں نے ثمینہ پیرزادہ کو دیے گئے ایک انٹرویو میں شوبز کو چمکتی ہوئی دنیا قرار دیتے ہوئے کہا تھا کہ شوبز انڈسٹری میں آنے کے 2 سال بعد ہی انہیں احساس ہوگیا تھا کہ وہ غلط جگہ پر آ گئی ہیں اور یہ دنیا صرف چمک کی دنیا ہے، جہاں ہر چیز مصنوعی ہے۔

انہوں نے یہ اعتراف بھی کیا تھا کہ شوبز کی وجہ سے وہ اپنے خاندان کو مناسب وقت نہیں دے پا رہی تھیں اور ان کی زندگی متاثر ہو رہی تھی، اس لیے انہوں نے شوبز سے دوری اختیار کرلی۔

تاہم اب وہ دوبارہ ڈراموں میں نظر آنے کے لیے تیار ہیں اور خبریں ہیں کہ ان کے آنے والے ڈرامے کی شوٹنگ جاری ہے۔

یہ بھی پڑھیں: شائستہ لودھی نے شوبز کو کیوں خیرباد کہا، اب کیا کر رہی ہیں؟

شائستہ لودھی کی ٹیم کے ایک رکن نے ڈان امیجز کے ساتھ گفتگو میں تصدیق کی کہ شائستہ لودھی جلد ہی ٹی وی پر ایکشن میں دکھائی دیں گی۔

اداکارہ کی ٹیم کے رکن کے مطابق شائستہ لودھی اداکارہ مرینا خان کی ہدایت کاری میں بننے والے میگا سیریل ڈرامے ’پردیس‘ میں ایک شادی شدہ خاتون کا کردار ادا کرتی دکھائی دیں گی۔

’پردیس‘ میں شائستہ لودھی ایک ایسی پاکستانی خاتون کا کردار ادا کرتی دکھائی دیں گی، جن کے شوہر کمائی کے سلسلے میں بیرون ملک مقیم ہوتے ہیں اور ایک دوسرے سے دوری خاندان کی خوشیوں میں دراڑیں ڈالتی ہے۔

ڈرامے میں دکھایا گیا ہے کہ کس طرح روزگار کے سلسلے میں اہلیہ اور خاندان سے دور رہنے والا شخص ’پردیس‘ میں خاندان کی خوشیوں سے دور رہتا ہے۔

ڈرامے میں شائستہ لودھی کو ایک مضبوط خاتون کے کردار میں دکھایا گیا ہے، ساتھ ہی انہیں ایک روایتی پاکستانی خاتون کے طور پر بھی پیش کیا گیا ہے۔

مزید پڑھیں: شائستہ لودھی نے شادی کرلی؟

ڈرامے کی کہانی میں دکھایا گیا ہے کہ کس طرح ایک دوسرے سے عیلحدگی کی وجہ سے میاں اور بیوی کے تعلقات اثر انداز ہوتے ہیں۔

اداکارہ کی ٹیم کے رکن نے بتایا کہ شائستہ لودھی مذکورہ ڈرامے پر اداکار ہمایوں سعید کے کہنے کی وجہ سے کام کر رہی ہیں، انہوں نے ہی اداکارہ کو راضی کیا۔

شائستہ لودھی اس شرط پر ’پردیس‘ میں کام کرنے پر رضامند ہوئیں کہ مذکورہ ڈرامے کی ہدایات مرینا خان دے رہی ہیں۔

’پردیس‘ کی دیگر کاسٹ میں سرمد کھوسٹ، بشریٰ انصاری، گوہر رشید، شرمین علی، افن وحید اور دیگر اداکار شامل ہیں۔

ابھی یہ واضح نہیں ہے کہ ڈرامے کو کب تک ریلیز کیا جائے گا تاہم امکان ہے کہ ’پردیس‘ کو عیدالفطر کے بعد ریلیز کیا جائے گا۔

پردیس کو ممکنہ طور پر عیدالفطر کے بعد ریلیز کیا جائے گا—پرومو فوٹو
پردیس کو ممکنہ طور پر عیدالفطر کے بعد ریلیز کیا جائے گا—پرومو فوٹو

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2024
کارٹون : 21 دسمبر 2024