وزیر خزانہ کی برطرفی دراصل پی ڈی ایم کی کامیابی ہے، بلاول بھٹو زرداری
پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ وزیر خزانہ ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ کی برطرفی دراصل پی ڈی ایم کی کامیابی ہے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر ٹوئٹ میں بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ 'وزیر خزانہ کی برطرفی دراصل پی ڈی ایم کی کامیابی ہے، پی ٹی آئی ایم ایف کے وزیر کو عہدے پر کام جاری رکھنے کے لیے سینیٹ میں کامیابی درکار تھی جسے ان کی شکست نے ناممکن بنادیا'۔
انہوں نے کہا کہ 'اب حکومت اپنی ناکام پالیسیوں کی وجہ سے ہونے والی بدترین مہنگائی کا اعتراف کر رہی ہے، پارلیمانی سیاست حکومت کے خلاف سب سے مؤثر ثابت ہوئی ہے'۔
ادھر مسلم لیگ (ن) کے سیکریٹری جنرل احسن اقبال نے اپنی ٹوئٹ میں کہا کہ 'عمران نیازی کو حکومت چلانے کی سمجھ نہیں، جب انسان کھیل کی الف، ب سے واقف نہ ہو تو بار بار بیٹنگ آرڈر اور کھلاڑی تبدیل کر کے میچ نہیں جیت سکتا'۔
مزید پڑھیں: عبدالحفیظ شیخ کو عہدے سے ہٹانے کا فیصلہ، حماد اظہر نئے وزیر خزانہ مقرر
ان کا کہنا تھا کہ 'ان کے تجربات نے پاکستان کی معیشت کو تباہ کر دیا ہے، انتظامی مشین مفلوج کر دی ہے اور ریاستی اداروں کو متنازع کر دیا ہے'۔
انہوں نے وزیر اعظم عمران خان سے ایک بار پھر استعفے کا مطالبہ کیا۔
قبل ازیں وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات شبلی فراز نے تصدیق کی تھی کہ ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ کی جگہ وزیر صنعت و پیداوار حماد اظہر کو وزارت خزانہ کا قلمدان دے دیا گیا ہے۔
نجی چینل 'سما نیوز' سے بات کرتے ہوئے شبلی فراز نے کہا کہ 'حماد اظہر کو وزیر خزانہ کا اضافی چارج دیا گیا ہے، وزیر اعظم عمران خان کی سیاست کا محور غریب لوگ ہیں اور جتنی مہنگائی ہوگئی تھی اسے دیکھ کر وزیر اعظم نے نئی ٹیم لانے کا فیصلہ کیا ہے'۔
انہوں نے کہا کہ 'وزیر اعظم نے نئی معاشی ٹیم تشکیل دی ہے جس کی قیادت اب حماد اظہر کریں گے، عبدالحفیظ شیخ وزیر خزانہ نہیں رہے جبکہ ان کے مستقبل کے بارے میں علم نہیں'۔