وزیر دفاع پرویز خٹک بھی کورونا کا شکار
پاکستان میں کورونا وائرس کی تیسری لہر کے دوران کیسز میں اضافے کی شرح بڑھ رہی ہے اور وزیراعظم عمران خان کے بعد صدر مملکت اور اب وزیر دفاع پرویز خٹک بھی کووڈ-19 کا شکار ہوگئے ہیں۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر گورنر سندھ عمران اسمٰعیل نے تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ 'پرویزخٹک کا کووڈ مثبت تشخیص ہوگیا ہے'۔
انہوں نے وزیر دفاع کی جلد صحت یابی کے لیے دعا بھی کی۔
مزید پڑھیں: وزیراعظم کے بعد صدر مملکت بھی کورونا وائرس سے متاثر
قبل ازیں صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے بھی ٹوئٹر پر کہا تھا کہ ان کا ٹیسٹ بھی مثبت آگیا ہے۔
انہوں نے کہا تھا کہ 'میرا کووڈ-19 ٹیسٹ مثبت آیا ہے، اللہ تمام کووڈ متاثرین پر رحم کرے'۔
صدر مملکت کا کہنا تھا کہ 'ویکسین کی پہلی خوراک لے چکا تھا لیکن دوسری خوراک لینے کے بعد اینٹی باڈیز بننا شروع ہوتے ہیں جو ایک ہفتے بعد لگنی تھی'۔
قبل ازیں وزیراعظم عمران خان بھی کورونا ویکسین کی پہلی خوراک لینے کے بعد وائرس سے متاثر ہوگئے تھے۔
وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے قومی صحت ڈاکٹر فیصل سلطان نے 20 مارچ کو ٹوئٹر پر تصدیق کی تھی کہ 'عمران خان کا کورونا ٹیسٹ مثبت آیا ہے'۔
انہوں نے بتایا تھا کہ وزیر اعظم عمران خان نے خود کو گھر میں قرنطینہ کرلیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: وزیر اعظم عمران خان کا کورونا ٹیسٹ مثبت آگیا
وزیراعظم عمران خان نے گزشتہ روز کورونا کی تیسری لہر کے حوالے سے پیغام میں کہا تھا کہ سال بھر میں نے احتیاط کی لیکن سینیٹ انتخابات کے دوران احتیاط نہیں کرسکا اور وائرس سے متاثر ہوا۔
وزارت قومی ادارہ برائے صحت نے ٹوئٹر پر واضح کیا کہ وزیر اعظم عمران خان میں کورونا وائرس کی تشخیص ایسے وقت پر ہوئی ہے جب انہیں کورونا وائرس سے بچاؤ کی مکمل خوراکیں نہیں دی گئیں۔
وزارت کی جانب سے کہا گیا تھا کہ وزیر اعظم کو محض دو روز قبل ویکسین کی پہلی خوارک دی گئی۔
انہوں نے کہا تھا کہ ویکسین کی دوسری خوراک کے دو سے تین ہفتے بعد ہی جسم میں وائرس سے بچاؤ کی صلاحیت پیدا ہوتی ہے۔
دوسری جانب نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) نے ملک بھر میں تمام اِن ڈور اور آؤٹ ڈور اجتماعات پر فوری پابندی کا نوٹی فکیشن جاری کردیا ہے۔
مزید پڑھیں: کورونا کی تیسری لہر: ملک بھر میں ہر طرح کے اجتماعات پر پابندی کا نوٹیفکیشن جاری
این سی او سی کی جانب سے جاری نوٹی فکیشن کے مطابق کورونا کیسز میں تیزی سے اضافے کے باعث نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر نے اضافی پابندیوں کی منظوری دی ہے، جن کا اطلاق ان شہروں اور اضلاع میں ہوگا جہاں مسلسل تین روز تک کورونا کے مثبت کیسز کی شرح 8 فیصد سے زیادہ ہوگی۔
کورونا وائرس کی تیسری لہر کے دوران ملک میں ہر گزرتے دن کے ساتھ کیسز کی تعداد بڑھتی جا رہی ہے اور ملک میں لگاتار چوتھے دن بھی 4 ہزار سے زائد کیسز رپورٹ ہوئے۔