• KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:10pm
  • LHR: Maghrib 5:04pm Isha 6:31pm
  • ISB: Maghrib 5:04pm Isha 6:33pm
  • KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:10pm
  • LHR: Maghrib 5:04pm Isha 6:31pm
  • ISB: Maghrib 5:04pm Isha 6:33pm

وزیر اعظم کے بعد صدر مملکت بھی کورونا وائرس سے متاثر

شائع March 29, 2021 اپ ڈیٹ March 30, 2021
صدر مملکت نے رواں ماہ ویکسین کی پہلی خوراک لگوالی تھی — فائل/فوٹو: ٹوئٹر
صدر مملکت نے رواں ماہ ویکسین کی پہلی خوراک لگوالی تھی — فائل/فوٹو: ٹوئٹر

صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی بھی کورونا ویکسین کی پہلی خوراک لگانے کے باوجود وائرس کا شکار ہوگئے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے بیان میں صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ 'میرا کووڈ-19 ٹیسٹ مثبت آیا ہے، اللہ تمام کووڈ متاثرین پر رحم کرے'۔

مزید پڑھیں: وزیر اعظم عمران خان کا کورونا ٹیسٹ مثبت آگیا

انہوں نے کہا کہ 'ویکسین کی پہلی خوراک لے چکا تھا لیکن دوسری خوراک لینے کے بعد اینٹی باڈیز بننا شروع ہوتے ہیں جو ایک ہفتے بعد لگنی تھی'۔

صدر مملکت نے کہا کہ 'احتیاط جاری رکھیں'۔

بیان میں علامات اور قرنطینہ کے حوالے سے وضاحت نہیں کی گئی تاہم انہوں نے عوام کو احتیاط برتنے کی تاکید کی ہے۔

قبل ازیں وزیر اعظم عمران خان بھی کورونا ویکسین کی پہلی خوراک لینے کے بعد وائرس سے متاثر ہوگئے تھے۔

وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے قومی صحت ڈاکٹر فیصل سلطان نے 20 مارچ کو ٹوئٹر پر تصدیق کی تھی کہ 'عمران خان کا کورونا ٹیسٹ مثبت آیا ہے'۔

انہوں نے بتایا تھا کہ وزیر اعظم عمران خان نے خود کو گھر میں قرنطینہ کرلیا ہے۔

وزیراعظم عمران خان نے گزشتہ روز کورونا کی تیسری لہر کے حوالے سے پیغام میں کہا تھا کہ سال بھر میں نے احتیاط کی لیکن سینیٹ انتخابات کے دوران احتیاط نہیں کرسکا اور وائرس سے متاثر ہوا۔

واضح رہے کہ 15 مارچ کو صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی اور ان کی اہلیہ ثمینہ علوی نے اسلام آباد میں کورونا ویکسین لگوائی تھی۔

یہ بھی پڑھیں: بھارتی وزیراعظم کا کورونا کا شکار عمران خان کیلئے نیک خواہشات کا اظہار

صدر مملکت نے ٹوئٹر پر ویکسین لگانے کی تصویر بھی جاری کی تھی اور بیان میں کہا گیا تھا کہ صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کورونا کی ویکسین لگوانے اسلام آباد میں کووڈ ویکسی نیشن مرکز ترلائی پہنچے جہاں صدر مملکت اور ان کی اہلیہ ثمینہ عارف علوی کو کورونا کی ویکسین لگائی گئی۔

صدر مملکت نے کہا تھا کہ دنیا بھر میں اشرافیہ نے لائن توڑ کر ویکسین لگوائی، پاکستان میں عمر کے حساب سے اپنی باری پر ویکسین لگائی جارہی ہے۔

انہوں نے کہا تھا کہ میں نے 1166 پر رجسٹریشن کروائی اور نمبر آنے پر ویکسین لگوائی، حکومت نے ویکسی نیشن کا آسان اور بہترین نظام بنایا ہے۔

صدر مملکت کا کہنا تھا کہ ویکسین ملنے کے باوجود احتیاط جاری رکھیں، کورونا کی تیسری لہر کے پیشِ نظر ماسک پہننا، ہاتھ دھونا اور فاصلہ برقرار رکھنا جاری رکھیں۔

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2024
کارٹون : 21 دسمبر 2024