• KHI: Fajr 5:34am Sunrise 6:54am
  • LHR: Fajr 5:12am Sunrise 6:37am
  • ISB: Fajr 5:20am Sunrise 6:47am
  • KHI: Fajr 5:34am Sunrise 6:54am
  • LHR: Fajr 5:12am Sunrise 6:37am
  • ISB: Fajr 5:20am Sunrise 6:47am

پاکستان کووڈ-19 کے بعد زمبابوے کا دورہ کرنے والی متوقع پہلی ٹیم

شائع March 29, 2021
پاکستان کے دورہ زمبابوے کے دوران شائقین کو اسٹیڈیم میں آںے کی اجازت نہیں ہوگی— فائل فوٹو: اے ایف پی
پاکستان کے دورہ زمبابوے کے دوران شائقین کو اسٹیڈیم میں آںے کی اجازت نہیں ہوگی— فائل فوٹو: اے ایف پی

پاکستان اور زمبابوے کے درمیان ٹی20 اور ٹیسٹ سیریز کے لیے شیڈول کا اعلان کردیا گیا ہے اور پاکستان کی ٹیم کورونا وائرس کے بعد زمبابوے کا دورہ کرنے والی پہلی ٹیم ہو گی۔

پاکستان کی ٹیم 17 اپریل کو جوہانسبرگ سے ہرارے پہنچے گی جہاں دونوں ٹیموں کے درمیان 21 اپریل سے 11 مئی کے درمیان دو ٹیسٹ اور تین ٹی20 میچز کھیلے جائیں گے۔

مزید پڑھیں: جنوبی افریقہ پہنچنے والے قومی اسکواڈ کا کورونا ٹیسٹ منفی آگیا

دونوں ٹیموں کے درمیان 21، 23 اور 25 اپریل کو تین ٹی20 میچز کھیلے جائیں گے جس کے بعد دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز کا انعقاد ہو گا۔

سیریز کا پہلا ٹیسٹ میچ 29 اپریل کو ہو گا جو ستمبر 2013 کے بعد دونوں ٹیموں کے مابین پہلا ٹیسٹ میچ ہو گا جبکہ سیریز کا دوسرا ٹیسٹ میچ 7 مئی سے کھیلا جائے گا۔

واضح رہے کہ یہ میچز بند دروازوں کے پیچھے کھیلے جائیں گے اور شائقین کو اسٹیڈیم میں جانے کی اجازت نہیں ہو گی۔

کورونا وائرس کے پھیلاؤ کے بعد پاکستان کی ٹیم نے بائیو سیکیور ببل میں رہتے ہوئے انگلینڈ اور نیوزی لینڈ کا دورہ کرنے کے ساتھ ساتھ زمبابوے اور جنوبی افریقہ کی میزبانی بھی کی۔

اس دوران پاکستان شاہین نے بھی نیوزی لینڈ کا دورہ کیا جبکہ ویمن ٹیم نے جنوبی افریقہ اور زمبابوے کے دورے کیے۔

یہ بھی پڑھیں: ٹی20 اور ون ڈے سیریز کیلئے پاکستان کا اسکواڈ جنوبی افریقہ روانہ

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے ڈائریکٹر انٹرنیشنل کرکٹ زاکر خان نے کہا کہ کووڈ-19 کے بعد کرکٹ کی سرگرمیوں کی بحالی کے سلسلے میں پی سی بی کا کردار انتہائی اہم رہا ہے اور دورہ زمبابوے بھی اسی سلسلے کی کڑی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہمارا ماننا ہے کہ کووڈ-19 کی موجودگی میں بھی محفوظ ماحول میں کرکٹ کی سرگرمیوں کا انعقاد ہو سکتا ہے اور اس مشکل اور چیلنجنگ وقت میں کھیل کی ترقی کے لیے اس کا عملی مظاہرہ کرتے رہیں گے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان وویمن ٹیم کے بعد مردوں کی ٹیم کا دورہ زمبابوے اس بات کا منہ بولتا ثبوت ہے کہ دونوں ملکوں کے کرکٹ بورڈز کے درمیان خوشگوار تعلقات ہیں اور دونوں ایک دوسرے سے تعاون پر تیار رہتے ہیں۔

ٹی20 میچز میں پاکستان کا زمبابوے کے خلاف ریکارڈ انتہائی شاندار ہے اور تمام 14 میچز میں فتح نے پاکستان کے قدم چومے۔

ٹیسٹ کرکٹ کی بات کی جائے تو 17 ٹیسٹ میچوں میں سے پاکستان نے 10 میں کامیابی حاصل کی، تین میں زمبابوے کی ٹیم فاتح رہی اور چار میچ ڈرا ہوئے۔

کارٹون

کارٹون : 22 نومبر 2024
کارٹون : 21 نومبر 2024