• KHI: Asr 4:13pm Maghrib 5:49pm
  • LHR: Asr 3:27pm Maghrib 5:05pm
  • ISB: Asr 3:27pm Maghrib 5:05pm
  • KHI: Asr 4:13pm Maghrib 5:49pm
  • LHR: Asr 3:27pm Maghrib 5:05pm
  • ISB: Asr 3:27pm Maghrib 5:05pm

جنوبی افریقہ پہنچنے والے قومی اسکواڈ کا کورونا ٹیسٹ منفی آگیا

شائع March 27, 2021
قومی ٹیم گزشتہ روز جنوبی افریقہ روانہ ہوئی تھی — فائل/فوٹو: پی سی بی
قومی ٹیم گزشتہ روز جنوبی افریقہ روانہ ہوئی تھی — فائل/فوٹو: پی سی بی

جنوبی افریقہ کے خلاف سیریز کے لیے دورے پر پہنچنے والے قومی کرکٹ اسکواڈ کا پہلا کووڈ ٹیسٹ منفی آگیا، جس کے بعد انہیں ٹریننگ کی اجازت مل گئی۔

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق جنوبی افریقہ کے دورے پر کل جوہانسبرگ پہنچنے والے اسکواڈ کا ٹیسٹ کیا گیا تھا۔

مزید پڑھیں: ٹی20 اور ون ڈے سیریز کیلئے پاکستان کا اسکواڈ جنوبی افریقہ روانہ

بیان میں کہا گیا کہ قومی اسکواڈ میں شامل تمام 34 ارکان کے کووڈ-19 ٹیسٹ کی رپورٹ منفی آگئی ہے، جن میں 21 کھلاڑی اور 13 ارکان ٹیم انتظامیہ کے شامل ہیں۔

قومی اسکواڈ کل سے سپر اسپورٹس پارک سنچورین میں اپنی ٹریننگ کا آغاز کرے گا۔

پاکستانی اسکواڈ کا 28 مارچ بروز کو جنوبی افریقہ کے مقامی وقت کے مطابق دوپہر 2:30 بجے پہلا ٹریننگ سیشن ہوگا۔

خیال رہے کہ قومی اسکواڈ جنوبی افریقہ کے خلاف ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی سیریز کے لیے کل جوہانسبرگ پہنچ گیا تھا۔

دورہ جنوبی افریقہ کے لیے صرف وائٹ بال اسکواڈ جوہانسبرگ روانہ ہوا تھا جس کے بعد ٹیسٹ اسکواڈ کے 10 ارکان 12 اپریل کو زمبابوے روانہ ہوں گے۔

قومی ٹیم کے ہیڈ کوچ مصباح الحق نے جنوبی افریقہ روانگی سے قبل آن لائن پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا تھا کہ اچھی خبر یہ ہے کہ حسن علی سمیت سب کھلاڑیوں کے ٹیسٹ کلیئر ہیں، لہٰذا جنوبی افریقہ کی اہم سیریز کے لیے سب دستیاب ہیں اور سفر کر رہے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: آصف علی انجری کے شکار سعود شکیل کی جگہ ون ڈے اسکواڈ میں شامل

ان کا کہنا تھا کہ اس وبا کے دنوں میں کھلاڑیوں کے لیے بائیو سیکیور ببل میں رہتے ہوئے کھیلنا بہت مشکل ہے اور ایک اچھی چیز ہے کہ اپنی سماجی اور اخلاقی ذمہ داری سمجھتے ہوئے کھیلنے کے لیے تیار ہیں۔

ان دونوں دوروں کے لیے قومی ٹیم میں شامل سعود شکیل انجری کا شکار ہونے کے باعث اسکواڈ سے باہر ہو گئے ہیں اور ان کی جگہ آصف علی کو اسکواڈ میں شامل کر لیا گیا ہے۔

قومی ٹیم دورہ جنوبی افریقہ میں 3 ایک روزہ انٹرنیشنل میچ اور 4 ٹی20 میچ کھیلے گی۔

پاکستان بمقابلہ جنوبی افریقہ شیڈول:

2 اپریل : پہلا ون ڈے انٹرنیشنل میچ، سپراسپورٹس پارک، پریٹوریا

4 اپریل: دوسرا ون ڈے انٹرنیشنل میچ، وانڈررز اسٹیڈیم، جوہانسبرگ

7 اپریل : تیسرا ون ڈے انٹرنیشنل میچ، سپراسپورٹس پارک، پریٹوریا

10 اپریل: پہلا ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچ، وانڈررز اسٹیڈیم، جوہانسبرگ

12 اپریل:دوسرا ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچ، وانڈررز اسٹیڈیم، جوہانسبرگ

14 اپریل : تیسرا ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچ، سپراسپورٹس پارک، پریٹوریا

16 اپریل : چوتھا ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچ، سپراسپورٹس پارک ، پریٹوریا

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024