• KHI: Zuhr 12:16pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 11:46am Asr 3:33pm
  • ISB: Zuhr 11:51am Asr 3:34pm
  • KHI: Zuhr 12:16pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 11:46am Asr 3:33pm
  • ISB: Zuhr 11:51am Asr 3:34pm

’اسٹرنگز‘ کو کامیاب بنانے پر بلال مقصود مداحوں کے شکر گزار

شائع March 27, 2021 اپ ڈیٹ March 28, 2021
بلال مقصود اور فیصل کپاڈیہ نے بینڈ کو ختم کرنے کا اعلان کیا تھا—فائل فوٹو: ٹوئٹر
بلال مقصود اور فیصل کپاڈیہ نے بینڈ کو ختم کرنے کا اعلان کیا تھا—فائل فوٹو: ٹوئٹر

دو دن قبل گلوکار و موسیقار بلال مقصود اور فیصل کپاڈیہ نے معروف بینڈ 'اسٹرنگز' کو 33 سال بعد 25 مارچ کو ختم کرنے کا اعلان کیا تھا۔

دونوں موسیقاروں نے سوشل میٰڈیا پوسٹس میں بینڈ کو ختم کرنے کا اعلان کرتے ہوئے بتایا تھا کہ اگرچہ بینڈ اب تکنیکی طور پر ختم ہوچکا ہے مگر ان دونوں گلوکاروں کے درمیان ایک نہ ٹوٹنے والا تعلق بن گیا ہے جو انہیں ایک ساتھ جوڑ کر رکھے گا۔

معروف میوزیکل بینڈ کو تین دہائیوں بعد ختم کرنے پر جہاں ان کے مداحوں نے افسردگی اور غم کا اظہار کیا تھا، وہیں بینڈ کے دونوں ارکان نے بھی اپنے فیصلے پر افسوس کا اظہار کیا تھا۔

تاہم سوشل میڈیا پر مداحوں کی جانب سے شدید دکھ کا اظہار کیے جانے کے بعد بلال مقصود نے تمام مداحوں کا شکریہ ادا کیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں؛ پاکستانی بینڈ ‘اسٹرنگز’ کی موسیقی کا سفر 33 سال بعد ختم

بینڈ کے اہم رکن بلال مقصود نے انسٹاگرام پوسٹ پر تمام مداحوں کا شکریہ ادا کیا اور بتایا کہ یقینا ان کا بینڈ مداحوں کی محبت اور توجہ سے ہی کامیاب بنا۔

بلال مقصود نے مختصر پوسٹ میں لکھا کہ اب اسٹرنگز بینڈ ختم ہوچکا ہے مگر وہ جانتے ہیں کہ بینڈ کو ختم کرنا آسان کام نہیں تھا۔

بلال مقصود خود بھی اسٹرنگ کو ختم کیے جانے کے فیصلے پر افسردہ دکھائی دیے، تاہم انہوں نے محبت دینے پر مداحوں کا شکریہ ادا کیا اور لکھا کہ وہ اور مداح ہمیشہ ایک ساتھ رہیں گے۔

بلال مقصود نے اسٹرنگز کو ختم کرنے اور مداحوں کی جانب سے دکھ کا اظہار کیے جانے پر لکھا کہ انہوں نے آج سے پہلے ایسی افسردگی نہیں دیکھی تھی۔

مزید پڑھیں: اسٹرنگز کا 33 سالہ سفر ختم ہونے پر موسیقی کے دیوانے افسردہ

خیال رہے کہ عالمی شہرت یافتہ پاپ راک بینڈ اسٹرنگ کو ابتدائی طور پر کالج کے چار طلبہ بلال مقصود (گلوکار و گٹارسٹ)، فیصل کپاڈیہ (گلوکار)، رفیق وزیر علی (سنتھیسائزر) اور کریم بشیر بھوئی (باس گٹار) نے 1988 میں قائم کیا تھا۔

بینڈ کو شروع کیے جانے کے چند سال بعد ہی 1992 میں بینڈ سے دو ارکان الگ ہوگئے تھے جس کے بعد بینڈ چند سال تک غیر متحرک رہا تھا، تاہم پھر 2000 میں بلال مقصود اور فیصل کپاڈیہ نے واپسی کی تھی۔

تین دہائیوں سے میوزک انڈسٹری پر راج کرنے والے 'اسٹرنگز' نے 'سر کیے یہ پہاڑ، نجانے کیوں، کوئی آنے والا ہے، آخری الوداع' جیسے سپر ہٹ گیت اور 'دھانی، دور' جیسی ایلبم پیش کیں۔

مذکورہ بینڈ نے بولی وڈ سے لے کر ہولی وڈ فلموں کے لیے بھی گیت گائے جب کہ کوک اسٹوڈیو میں بھی سر بکھیرے، علاوہ ازاں بینڈ نے متعدد سنگل گانے بھی جاری کیے۔

بینڈ کو اپنی کلاسکی گیتوں اور یادگار لائیو پرفارمنسز کی وجہ سے بھی کافی شہرت ملی اور ان کے کام کو ہر دور میں سراہا گیا۔

کارٹون

کارٹون : 5 نومبر 2024
کارٹون : 4 نومبر 2024