• KHI: Fajr 5:25am Sunrise 6:42am
  • LHR: Fajr 5:00am Sunrise 6:23am
  • ISB: Fajr 5:07am Sunrise 6:31am
  • KHI: Fajr 5:25am Sunrise 6:42am
  • LHR: Fajr 5:00am Sunrise 6:23am
  • ISB: Fajr 5:07am Sunrise 6:31am

کراچی: سیکیورٹی اداروں کی کارروائی، خود کو فوجی افسر قرار دینے والا جعلساز گرفتار

شائع March 26, 2021
ترجمان کے مطابق ملزم کو مزید قانونی کارروائی کے لیے پولیس کے حوالے کردیا گیا — فائل فوٹو/اے پی پی
ترجمان کے مطابق ملزم کو مزید قانونی کارروائی کے لیے پولیس کے حوالے کردیا گیا — فائل فوٹو/اے پی پی

پاکستان رینجرز، سندھ نے دعویٰ کیا ہے کہ انہوں نے کراچی سے ایک جعلی فوجی افسر کو گرفتار کر لیا جو شہر میں متعدد جرائم میں ملوث تھا۔

رینجرز کے ترجمان کی جانب سے ملزم کی شناخت عرفان احمد کے نام سے کی گئی ہے، جسے خفیہ آپریشن کے دوران گرفتار کیا گیا، یہ آپریشن بوٹ بیسن کے علاقے میں پیراملٹری فورسز اور پولیس کی ٹیموں نے مشترکہ طور پر کیا۔

ترجمان رینجرز کے مطابق گرفتار شخص لیاری کے علاقے موسیٰ لین کا رہائشی ہے اور خود کو خفیہ ایجنسی کا کرنل ظاہر کرتا تھا۔

انہوں نے بتایا کہ ملزم نے میڈیکل کالجز، تعلیمی اداروں کی ڈگریوں اور نوکریوں کا جھانسہ دے کر شہریوں سے بڑے پیمانے پر رقم حاصل کی۔

رینجرز ترجمان کا کہنا تھا کہ ملزم کے قبضے سے خفیہ ایجنسی کا جعلی کارڈ، وردی اور متعدد جعلی دستاویزات بھی حاصل کی گئی ہیں۔

علاوہ ازیں ملزم کو مزید قانونی کارروائی کے لیے پولیس کے حوالے کردیا گیا۔

مزید پڑھیں: خود کو نیب کا افسر ظاہر کرنے والا شخص گرفتار

خیال رہے کہ گزشتہ سال فروری میں پولیس نے ڈیفنس ہاؤسنگ اتھارٹی کے علاقے سے ایک شخص کو گرفتار کیا تھا جس کے پاس سے متعدد میڈیا اداروں کے جعلی کارڈز برآمد ہوئے تھے۔

مذکورہ شخص کے حوالے سے تفتیش کے دوران یہ بات سامنے آئی تھی کہ وہ خود کو صحافی قرار دیتا تھا تاہم تحقیقات کے دوران ثابت ہوا ہے اس کا تعلق کسی صحافتی ادارے سے نہیں ہے۔

مقابلے کے بعد زخمی ڈکیت گرفتار

علاوہ ازیں فروز آباد پولیس کا کہنا تھا کہ انہوں نے پی ای سی ایچ ایس کے علاقے سے ایک ڈکیت کو زخمی حالت میں گرفتار کرلیا۔

پولیس کے مطابق طارق روڈ کے عقب میں ایک بنگلے میں 5 مسلح ملزمان اور پولیس کے درمیان مقابلہ ہوا، جس کے نتیجے میں ایک ڈکیت غلام سخی زخمی ہوگیا جبکہ دیگر ملزمان فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔

یہ بھی پڑھیں: کراچی میں پولیس مقابلہ، 5 مشتبہ ڈاکو ہلاک

پولیس نے دعویٰ کیا کہ ملزم کے قبضے سے ایک 9 ایم ایم پستول، 5 گولیاں، موبائل فون اور لوٹی ہوئی نقد رقم برآمد کرلی گئی۔

ایس ایس پی شرقی ساجد عامر سدوزئی کے مطابق گرفتار ہونے والا ملزم بین الاصوبائی افغان گینگ کا سرغنہ ہے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ مذکورہ گینگ ڈکیتی کی 50 سے زائد وارداتوں میں ملوث ہے۔

کارٹون

کارٹون : 5 نومبر 2024
کارٹون : 4 نومبر 2024