'ویکسینیشن کیلئے 50 سال سے زائد عمر کے افراد کی رجسٹریشن کا آغاز 30 مارچ سے ہوگا'
وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی اسد عمر نے اعلان کیا ہے کہ ملک میں 50 سال سے زائد عمر کے افراد کے لیے کووِڈ 19 کی ویکسینیشن کے لیے رجسٹریشن کا آغاز 30 مارچ سے ہوگا۔
مائیکرو بلاگنگ ویب سائٹ ٹوئٹر پر ایک پیغام میں انہوں نے کہا کہ 60 سال سے زائد عمر کے شہریوں کی رجسٹریشن کا سلسلہ پہلے سے ہی جاری ہے۔
ساتھ ہی انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ 30 مارچ سے 50 سال سے زائد عمر کے افراد ویکسین لگوانے کے لیے اپنا اندراج ضرور کروائیں۔
یہ بھی پڑھیں: اسلام آباد کا مزید ویکیسینز کیلئے بیجنگ سے رابطہ
خیال رہے کہ پاکستان میں وائرس کی تیسری لہر میں روز بروز شدت آتی جارہی ہے جبکہ بزرگ افراد کی ویکسینیشن کا سلسلہ بھی جاری ہے۔
حفاظتی ٹیکے لگوانے کے خواہشمند شہری 1166 پر اپنا قومی شناختی کارڈ نمبر میسج کے ذریعے بھیج کر اپنی رجسٹریشن کرواسکتے ہیں، جس کے جواب میں انہیں ویکسینیشن کی تاریخ اور مقام سے آگاہ کردیا جائے گا۔
ملک میں وائرس کی تیسری لہر شدت اختیار کرچکی ہے اور خود وزیراعظم بھی اس کا شکار ہونے کے بعد قرنطینہ میں منتقل ہوگئے۔
واضح رہے کہ یکم فروری کو چین سے کورونا وائرس سے بچاؤ کی ویکسین کی 5 لاکھ خوراکوں پر مشتمل پہلی کھیپ پاکستان پہنچی تھی جس کے بعد 3 فروری سے کورونا کے خلاف صفِ اول میں کام کرنے والے ہیلتھ ورکرز کی ویکسینیشن کا آغاز ہوا تھا۔
مزید پڑھیں: چینی ویکسین قومی ادارہ صحت کے پلانٹ میں پیک کرنے کا فیصلہ
ملک میں فرنٹ لائن ہیلتھ ورکرز کے بعد 60 سال اور اس سے زائد عمر کے افراد کو کووڈ 19 ویکسین لگانے کے لیے رجسٹریشن کا آغاز 15 فروری سے ہوا تھا تاہم کچھ تاخیر کے بعد ان کی ویکسینیشن کا عمل 10 مارچ سے شروع ہوا تھا۔
ملک میں ویکسینیشن کی ضرورت پوری کرنے کے لیے حکومت نے چین سے ویکسین کی خوراکیں خریدی ہیں، اسد عمر نے بتایا تھا کہ چین سے 10 لاکھ خوراکیں سائنو فارم اور 6 لاکھ کین سائنو کی خریدی ہیں جو مارچ کا مہینہ ختم ہونے سے قبل مل جائیں گی۔
ان کا کہنا تھا کہ اس کے ساتھ ہی ہمیں کوویکس سے بھی مفت ویکیسن ملے گی جس نے پاکستان کی 20 فیصد آبادی کے لیے ویکسین کی فراہمی کا وعدہ کیا ہے۔
پاکستان کو کوویکس پروگرام کے تحت آکسفورڈ ایسٹرازینیکا ویکیسن کی 28 لاکھ خوراکیں بھی ملیں گی جس کی 60 لاکھ خوراکیں مارچ تک ملنے کا امکان تھا تاہم اب تک نہیں مل سکیں۔
ملک بھر میں کورونا وائرس سے متاثرہ مریضوں کی تعداد 6 لاکھ 45 ہزار 3568 ہو گئی ہے جبکہ مرنے والوں کی تعداد بھی 14 ہزار 91 تک پہنچ گئی اور اب تک مجموعی طور پر 5 لاکھ 91 ہزار 145 مریض صحتیاب ہوچکے ہیں۔