• KHI: Fajr 5:30am Sunrise 6:48am
  • LHR: Fajr 5:06am Sunrise 6:30am
  • ISB: Fajr 5:14am Sunrise 6:40am
  • KHI: Fajr 5:30am Sunrise 6:48am
  • LHR: Fajr 5:06am Sunrise 6:30am
  • ISB: Fajr 5:14am Sunrise 6:40am

اپوزیشن لیڈر کے معاملے پر پیپلز پارٹی، مسلم لیگ (ن) کی اختلافات دور کرنے کی کوشش

شائع March 26, 2021
دونوں جماعتیں اس تنازع کو درمیانی راستہ نکال کر حل کرنے کی کوشش میں بھی مصروف ہیں —فائل فوٹو: نادر گرامانی
دونوں جماعتیں اس تنازع کو درمیانی راستہ نکال کر حل کرنے کی کوشش میں بھی مصروف ہیں —فائل فوٹو: نادر گرامانی

اسلام آباد: پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) اور پاکستان مسلم لیگ (ن) کے درمیان اختلافات دور کرنے کے لیے پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کے پس منظر میں مذاکرات جاری ہیں۔

ماضی کی دونوں حریف جماعتوں کے مابین ایوانِ بالا کے نئے اپوزیشن لیڈر کے معاملے پر اختلافات ابھر کے سامنے آئے تھے کیوں کہ چیئرمین سینیٹ کی جانب سے کسی رکن کو اس عہدے پر نامزد کرنے کی حتمی مدت ہفتے کے روز ختم ہورہی ہے۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق دونوں جماعتوں کے ذرائع کا کہنا تھا کہ دونوں فریقین سینیٹ کے عہدے کے دعوے پر بضد ہیں لیکن ساتھ ہی اس تنازع کو درمیانی راستہ نکال کر حل کرنے کی کوشش میں بھی مصروف ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: سینیٹ کے اپوزیشن لیڈر کے معاملے پر مسلم لیگ (ن)، پیپلز پارٹی میں ٹھن گئی

اس ضمن میں پی ڈی ایم کے صدر مولانا فضل الرحمٰن نے چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری سے ملاقات کی تاہم اس حوالے سے جاری باضابطہ بیان میں کہا گیا کہ دونوں رہنماؤں نے 'موجودہ سیاسی صورتحال' پر بات چیت کی۔

دوسری جانب ذرائع کا کہنا تھا کہ اس بات چیت کے دوران دونوں رہنماؤں میں اپوزیشن لیڈر کے معاملے پر بھی گفتگو ہوئی۔

ذرائع کے مطابق مسلم لیگ (ن) سینیٹ سیکریٹریٹ میں سینیٹر اعظم نذیر تارڑ کو اپوزیشن لیڈر کے عہدے کے لیے نامزد کرنے کی درخواست جمع کرواچکی ہے جبکہ پیپلز پارٹی کی جانب سے باضابطہ طور پر اس قسم کی کوئی درخواست ابھی تک نہیں جمع کروائی گئی۔

خیال رہے کہ اعظم نذیر تارڑ کی نامزدگی کے لیے مسلم لیگ (ن) کے 17 اراکین سینیٹ نے دستخط کیے اس کے علاوہ جمعیت علمائے اسلام (ف) کے 5 سینیٹرز اور نیشنل پارٹی اور پختونخوا ملی عوامی پارٹی کے 2، 2 اراکین نے بھی پی ڈی ایم کے فیصلے کے مطابق حمایت کی یقین دہانی کروائی ہے۔

مزید پڑھیں: پی ڈی ایم میں اختلاف کی ایک وجہ اعظم نذیر تارڑ کی نامزدگی تھی

دوسری جانب پیپلز پارٹی کے پاس 21 سینیٹرز ہیں اور انہیں عوامی نیشنل پارٹی کے 2 جبکہ جماعتِ اسلامی کے ایک رکن کی حمایت حاصل ہے۔

حالانکہ پیپلز پارٹی نے اب تک باضابطہ طور پر اس عہدے کے لیے کسی نام کا اعلان نہیں کیا ہے تاہم پارٹی رہنماؤں نے اتحادیوں کو بتایا ہے کہ ان کا سید یوسف رضاگیلانی کو نامزد کرنے کا ارادہ ہے۔

یہ صورتحال اس لیے بھی انتہائی دلچسپ موڑ اختیار کر گئی ہے کیونکہ بلوچستان نیشنل عوامی پارٹی مینگل کے دو ووٹس فیصلہ کن اہمیت حاصل کرچکے ہیں۔

اس وقت صورتحال پیپلز پارٹی کے حق میں ہے کیوں کہ قواعد کے مطابق اگر اپوزیشن لیڈر کے عہدے کے لیے 2 اراکین کو یکساں تعداد میں اراکین کی حمایت حاصل ہو تو جس پارٹی کے اراکین کی تعداد زیادہ ہوگی، اس کے نامزد امیدوار کو چیئرمین سینیٹ اپوزیشن لیڈر نامزد کردیں گے۔

یہ بھی پڑھیں:’گیم پلانر نے اس مرتبہ حکومت اور اپوزیشن دونوں کو سبق سکھا دیا‘

ذرائع کا کہنا تھا کہ اس بات کا امکان ہے کہ پیپلز پارٹی کراچی سے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے-249 کی نشست پر ضمنی انتخاب کو مسلم لیگ (ن) سے سودے بازی کے لیے استعمال کرے جبکہ مسلم لیگ (ن) اس نشست پر اپنے امیدوار مفتاح اسمٰعیل کے لیے پیپلز پارٹی سے حمایت کی درخواست کرچکی ہے۔

اس ضمن میں ایک پی پی پی رہنما کا کہنا تھا کہ اگر ایسا ہوا تو یہ پارٹی کے لیے ایک اچھی ڈیل ہوگی کیوں کہ ان کا کراچی کے اس حلقے میں ووٹ بینک نہیں اور یہ زیادہ تر دیگر صوبوں سے آنے والے مہاجرین پر مشتمل ہے۔

کارٹون

کارٹون : 14 نومبر 2024
کارٹون : 13 نومبر 2024