• KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm
  • KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm

بحرین میں شاپنگ مال کورونا ویکسین سینٹر میں تبدیل

شائع March 25, 2021
ان دنوں بحرین کے ستارہ مال میں فائزر اور سائنوفارم ویکسین لگائی جارہی ہے—فوٹو:رائٹرز
ان دنوں بحرین کے ستارہ مال میں فائزر اور سائنوفارم ویکسین لگائی جارہی ہے—فوٹو:رائٹرز

بحرین میں عالمی وبا کورونا وائرس کی وجہ سے بڑے پیمانے پر خالی ہونے والے شاپنگ مال کو ویکسی نیشن سینٹر میں تبدیل کردیا گیا ہے تاکہ عوام کو وبا سے بچاؤ کی ویکسین لگائی جاسکے.

برطانوی خبررساں ادارے 'رائٹرز' کی رپورٹ کے مطابق ستارہ مال، سرکاری دفاتر تک رسائی کے لیے لوگوں کو اپنی جانب راغب کرتا تھا لیکن عالمی وبا کی وجہ سے وہ آؤٹ لیٹس بند ہوگئے اور ان کی سروسز اب ورچوئلی دستیاب ہیں۔

اس مال میں چند فاسٹ فوڈ آؤٹ لیٹس اور ایک سپرمارکیٹ کھلی ہونے کی وجہ سے بحرین کے صحت حکام نے اس شاپنگ مال کو ویکسی نیشن حب میں تبدیل کردیا۔

مزید پڑھیں: چینی ویکسین کورونا سے بچاؤ میں 86 فیصد تک موثر قرار

نئے ویکسین سینٹر میں عوامی صحت اور وبائی امراض کی ماہر بسمہ محمود نے کہا کہ 'ہر گھنٹے میں لوگوں کی بڑی تعداد یہاں آرہی ہے'۔

اس سلسلے میں شاپنگ مال آنے والے افراد سماجی فاصلے کے ساتھ اپنی باری کا انتظار کرتے نظر آئے۔

بسمہ محمود نے کہا کہ یہ ویکسی نیشن سینٹر بحرین کی 50 فیصد سے زائد آبادی کو مکمل طور پر کورونا سے بچاؤ کی ویکسین کے حصول میں مدد دے گا۔

خیال رہے کہ بحرین میں شہریوں اور رہائشیوں کو کورونا سے بچاؤ کی 4 ویکسینز مفت دستیاب ہیں۔

ان میں فائزر/بائیو این ٹیک ویکسین، چین کی سائنو فارم، آکسفورڈ-ایسٹرا زینیکا ویکسین اور روس کی اسپٹنک ویکسین شامل ہیں۔

یہ بھی پڑھیں:سب سے بڑے اسلامی ملک انڈونیشیا میں کورونا ویکسین کا استعمال شروع

علاوہ ازیں ہنگامی استعمال کے لیے جانسن اینڈ جانسن کی ویکسین کے استعمال کے منظوری دی گئی ہے۔

ان دنوں بحرین کے ستارہ مال میں فائزر اور سائنوفارم ویکسینز لگائی جارہی ہیں۔

بحرین میں فروری کے وسط میں کورونا کے یومیہ کیسز کے تعداد میں کمی آنا شروع ہوگئی تھی جن میں حالیہ دنوں میں اضافہ ہوا ہے۔

10 روز قبل بحرین نے کورونا وائرس سے متعلق پابندیوں میں نرمی کی تھی جن میں ریسٹورنٹ میں کھانا کھانے اور تعلیمی ادارے دوبارہ کھولنے کی اجازت بھی شامل تھی۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024