• KHI: Zuhr 12:20pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:51am Asr 3:22pm
  • ISB: Zuhr 11:56am Asr 3:22pm
  • KHI: Zuhr 12:20pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:51am Asr 3:22pm
  • ISB: Zuhr 11:56am Asr 3:22pm

راولپنڈی: ایس ایچ او قتل کیس میں نامزد دوسرا ملزم بھی 'پولیس مقابلے' میں ہلاک

شائع March 24, 2021
پولیس ترجمان کے مطابق ملزم کو چونترا تھانے میں درج قتل کے مقدمے میں مفرور قرار دیا تھا —فائل فوٹو: رائٹرز
پولیس ترجمان کے مطابق ملزم کو چونترا تھانے میں درج قتل کے مقدمے میں مفرور قرار دیا تھا —فائل فوٹو: رائٹرز

راولپنڈی: پولیس نے دعویٰ کیا ہے کہ ریس کورس تھانے کے ایس ایچ او انسپکٹر میاں عمران عباس کے قتل کیس میں نامزد دوسرا ملزم بھی ویسٹرج چیک پوائنٹ پر ہوئے ایک 'پولیس مقابلے' میں مارا گیا۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق اس قتل کیس کے دونوں ملزم پولیس مقابلے میں مارے جاچکے ہیں۔

ایک پولیس ترجمان کے مطابق ملزم کی شناخت چودھری زاہد کے نام سے ہوئی جس نے اپنے ساتھی چودھری شاہد امجد کے ساتھ مل کر ایس ایچ او کو فائرنگ کر کے قتل کیا۔

یہ بھی پڑھیں: راولپنڈی: نامعلوم افراد کی فائرنگ سے ایس ایچ او جاں بحق

اس سے قبل چودھری امجد بھی 12 مارچ کو ہوئے ایک پولیس مقابلے میں مارا جاچکا ہے۔

پولیس ترجمان کے مطابق ملزم کو چونترا تھانے میں درج قتل کے مقدمے میں مفرور قرار دیا تھا اور اس کا مجرمانہ سرگرمیوں میں ملوث رہنے کا ریکارڈ بھی ہے۔

پولیس اور ملزم کے درمیان فائرنگ کے تبادلے کی اطلاع ملتے ہی سینئر سپرنٹنڈنٹ پولیس (ایس ایس پی) آپریشنز اور ایس ایس پی انویسٹیگیشنز دیگر عہدیداران کے ساتھ جائے وقوع پر پہنچے۔

پولیس ترجمان کا کہنا تھا کہ دونوں ملزمان کے دیگر ساتھیوں اور معاونین کو جلد گرفتار کرلیا جائے گا۔

قبل ازیں پیر کے روز انسپکٹر جنرل (آئی جی) پنجاب انعام غنی نے شہید ایس ایچ او کے اہلِ خانہ سے ملاقات کی اور ان سے تعزیت کا اظہار کیا۔

مزید پڑھیں: جڑواں شہروں میں ایک اور پولیس اہلکار کو گولی مار کر قتل کردیا گیا

آئی جی پنجاب نے مقتول ایس ایچ او کی والدہ سے بات کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب پولیس کو ان کے بیٹے کی شہادت پر دکھ ہے، خاتون کے شوہر ایس آئی محمد عباس نے بھی جامِ شہادت نوش کیا تھا۔

آئی جی پنجاب کا مزید کہنا تھا کہ ان کی قربانیاں پولیس کے لیے فخر کا ذریعہ ہیں۔

خیال رہے کہ 7 مارچ کو تھانہ سول لائنز کے علاقے میں ایکسائز آفس کے قریب موٹر سائیکل سواروں کی فائرنگ کے نتیجے میں اسٹیشن ہاؤس افسر (ایس ایچ او) ریس کورس انسپکٹر میاں عمران جاں بحق ہوگئے تھے۔

ایس ایچ او انسپکٹر میاں عمران اہل خانہ کے ہمراہ جا رہے تھے، انہیں گردن پر گولی لگی تھی جو جان لیوا ثابت ہوئی تھیں، ان کے والد بھی پولیس میں ملازم تھے اور انہیں بھی فائرنگ کرکے قتل کیا گیا تھا۔

کارٹون

کارٹون : 28 نومبر 2024
کارٹون : 27 نومبر 2024