• KHI: Zuhr 12:19pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:50am Asr 3:23pm
  • ISB: Zuhr 11:55am Asr 3:23pm
  • KHI: Zuhr 12:19pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:50am Asr 3:23pm
  • ISB: Zuhr 11:55am Asr 3:23pm

پنجاب میں کورونا کیسز کی تعداد 2 لاکھ، اموات 6 ہزار سے متجاوز

شائع March 23, 2021
پاکستان میں اس وائرس سے اب تک 92.4 فیصد مریض صحتیاب ہوچکے ہیں — فائل فوٹو: اے ایف پی
پاکستان میں اس وائرس سے اب تک 92.4 فیصد مریض صحتیاب ہوچکے ہیں — فائل فوٹو: اے ایف پی

پاکستان میں کورونا وائرس کے پھیلاؤ کے پیشِ نظر نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) نے ملک بھر میں نئی پابندیاں عائد کردی ہیں اور حکام مسلسل احتیاطی تدابیر اپنانے کے لیے عوام پر زور دے رہے ہیں۔

ملک میں گزشتہ 6 روز سے 3 ہزار سے زائد کیسز رپورٹ ہورہے ہیں اور 24 گھنٹوں میں بھی اس متعدی وائرس کے کیسز میں 3 ہزار 270 کا اضافہ ہوا جبکہ 72 مریض زندگی کی بازی ہار گئے۔

اسی طرح ملک میں کورونا وائرس متاثرین کی مجموعی تعداد 6 لاکھ 33 ہزار 741 تک جا پہنچی ہے جس میں سے 13 ہزار 935 مریض انتقال کر چکے ہیں۔

علاوہ ازیں گزشتہ 24 گھنٹوں میں کووِڈ 19 کا شکار مزید ایک ہزار 733 مریض صحتیاب ہونے میں کامیاب رہے اور یوں صحتیاب مریضوں کی مجموعی تعداد 5 لاکھ 85 ہزار 271 ہوگئی۔

پاکستان میں اس وائرس سے اب تک 92.4 فیصد مریض صحتیاب ہوچکے ہیں جبکہ فعال کیسز کی تعداد 34 ہزار 741 تک جا پہنچی ہے۔

واضح رہے کہ ملک میں کورونا وائرس کا پہلا کیس 26 فروری 2020 کو رپورٹ ہوا تھا، جس کے بعد ملک میں تعلیمی اداروں کی بندش کے ساتھ ساتھ مختلف پابندیوں اور لاک ڈاؤن کے نفاذ اور ہٹانے کا سلسلہ جاری رہا۔

دریں اثنا اب ملک میں وائرس کی تیسری لہر کے پیشِ نظر کئی علاقوں میں دوبارہ لاک ڈاؤن اور اسمارٹ لاک ڈاؤن لگائے گئے جبکہ کاروباری سرگرمیوں کے اوقات کار بھی محدود کردیے گئے ہیں۔

آج 23 مارچ کو پاکستان کے چاروں صوبوں اور وفاقی اکائیوں میں وائرس کی صورتحال کچھ یوں ہے:

سندھ

صوبہ سندھ پاکستان کا کورونا وائرس سے سب سے زیادہ متاثر ہونے والا صوبہ ہے تاہم حالیہ لہر کے دوران پنجاب کے مقابلے میں سندھ کی صورتحال قدرے بہتر ہے۔

یہاں گزشتہ 24 گھنٹوں میں وائرس نے مزید 174 افراد کو متاثر کیا اور خوش قسمتی سے اموات کی تعداد میں گزشتہ 2 روز سے اضافہ نہیں ہوا۔

اس طرح سندھ میں وائرس کے اب تک رپورٹ ہونے والے کیسز کی تعداد 2 لاکھ 63 ہزار 464 ہوگئی اور اموات 4 ہزار 479 پر برقرار ہیں۔

پنجاب

صوبہ پنجاب میں کورونا وائرس کی صورتحال خاصی بگڑی ہوئی ہے اور اس ضمن میں صوبے میں متعدد پابندیاں بھی عائد کی گئی ہیں۔

گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران پنجاب میں ایک ہزار 929 کیسز رپورٹ ہوئے جبکہ 57 مریض انتقال کر گئے۔

اس طرح پنجاب میں مجموعی کیسز کی تعداد 2 لاکھ 969 اور اموات 6 ہزار 39 ہوگئیں۔

خیبرپختونخوا

ادھر خیبرپختونخوا میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران عالمی وبا کے 482 نئے کیسز کی تشخیص ہوئی اور 10 اموات رپورٹ ہوئیں۔

اس طرح سامنے آنے والے ان اعداد و شمار کے بعد وہاں کیسز کی مجموعی تعداد 80 ہزار 519 اور اموات 2 ہزار 225 تک پہنچ گئیں۔

بلوچستان

رقبے کے لحاظ سے ملک کے سب سے بڑے صوبے بلوچستان میں گزشتہ روز 5 نئے کیسز سامنے آئے اور مزید کوئی موت رپورٹ نہیں ہوئی۔

اس طرح وہاں مجموعی کیسز کی تعداد 19 ہزار347 ہوگئی جبکہ اموات کی تعداد 203 ہے۔

اسلام آباد

ملک کے وفاقی دارالحکومت میں عالمی وبا کے 590 نئے کیسز کی تصدیق ہوئی اور مزید 3 مریض انتقال کر گئے۔

یوں اسلام آباد میں مجموعی کیسز 52 ہزار 676 تک پہنچ گئے اور اب تک 548 مریض انتقال کر چکے ہیں۔

آزاد کشمیر

آزاد کشمیر میں بھی کورونا کیسز تشویشناک حد تک بڑھ رہے ہیں اور گزشتہ روز مزید 88 افراد اس سے متاثر ہوئے جبکہ 2 مریض دم توڑ گئے۔

آزاد کشمیر میں کورونا متاثرین کی تعداد 11 ہزار 792 تک جا پہنچی ہے جبکہ مرنے والوں کی تعداد 338 ہے۔

گلگت بلتستان

گلگت بلتستان کی حکومت خطے کو کورونا فری قرار دے چکی تھی تاہم گزشتہ روز وہاں 2 نئے کیسز سامنے آئے۔

اس علاقے میں کورونا کے مجموعی طور پر 4 ہزار 974 کیسز رپورٹ ہوچکے ہیں جبکہ 103 افراد کا انتقال ہوا۔

کارٹون

کارٹون : 25 نومبر 2024
کارٹون : 24 نومبر 2024