• KHI: Maghrib 5:42pm Isha 7:02pm
  • LHR: Maghrib 5:00pm Isha 6:25pm
  • ISB: Maghrib 5:00pm Isha 6:28pm
  • KHI: Maghrib 5:42pm Isha 7:02pm
  • LHR: Maghrib 5:00pm Isha 6:25pm
  • ISB: Maghrib 5:00pm Isha 6:28pm

ٹیسٹ کرکٹر اظہر علی کی والدہ انتقال کر گئیں

شائع March 22, 2021 اپ ڈیٹ March 23, 2021
اظہر علی 86 ٹیسٹ میچ کے ساتھ ساتھ 53 ون ڈے میچ میں پاکستان کی نمائندگی کا اعزاز رکھتے ہیں— فائل فوٹو: اے پی
اظہر علی 86 ٹیسٹ میچ کے ساتھ ساتھ 53 ون ڈے میچ میں پاکستان کی نمائندگی کا اعزاز رکھتے ہیں— فائل فوٹو: اے پی

قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور تجربہ کار بلے باز اظہر علی کی والدہ انتقال کر گئی ہیں جس پر پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) اور قومی ٹیم کے کرکٹرز نے ان سے تعزیت کی ہے۔

اظہر علی نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں بتایا کہ ان کی والدہ آج دوپہر میں انتقال کر گئیں۔

انہوں نے کہا کہ وہ جلد جنازے کے حوالے سے آگاہ کریں گے اور وہ درخواست کرتے ہیں کہ جنازے میں شرکت کرتے ہوئے کورونا وائرس کی وجہ سے ایس او پیز کا خیال رکھا جائے۔

بعد ازاں اپنی ایک اور ٹوئٹ میں انہوں نے بتایا کہ ان کی والدہ کی نماز جنازہ آج رات 10 بجے ویلنشیا ٹاؤن کی مرکزی مسجد میں ادا کی جائے گی اور ایک مرتبہ پھر جنازے کے شرکا سے ایس او پیز اور سماجی فاصلوں پر عمل کرنے کی درخواست کی۔

والدہ کے انتقال پر پاکستان کرکٹ بورڈ، قومی ٹیم کے موجودہ اور سابق کرکٹرز، صحافیوں اور کمنٹیٹرز نے قومی ٹیم کے سابق کپتان سے تعزیت کی اور ان کی والدہ کی بلندی درجات کے لیے دعا بھی کی۔

قومی ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے تعزیت کرتے ہوئے کہا کہ اس نقصان کے لیے تمام الفاظ ناکافی ہیں لیکن میری دعائیں آپ کے اور اہلخانہ کے ساتھ ہیں اور اظہر علی کی والدہ کے درجات کی بلندی کے لیے دعا کی۔

اس کے علاوہ قومی ٹیم کے سابق کپتان سرفراز احمد، اوپنر عابد علی، وہاب ریاض، سہیل تنویر، بلاول بھٹی، عامر یامین، خاتون کرکٹر ثنا میر سمیت متعدد دیگر کرکٹرز نے بھی والدہ کے انتقال پر اظہر علی سے تعزیت کی۔

موجودہ کرکٹرز کے ساتھ ساتھ سابق کرکٹرز راشد لطیف، بازید خان، یاسر عرفات، سعید اجمل، فیصل اقبال، معروف کمنٹیٹر ایلن ولکنز، فخر عالم اور صحافی برادری نے بھی قومی ٹیم کے سابق کپتان سے گہرے دکھ و افسوس کا اظہار کرتے ہوئے والدہ کے بلندی درجات کے لیے دعا کی۔

36 سالہ اظہر علی پاکستان کی ٹیسٹ ٹیم کے سب سے تجربہ کار رکن ہیں اور 86 ٹیسٹ میچ کے ساتھ ساتھ 53 ون ڈے میچ میں پاکستان کی نمائندگی کا اعزاز رکھتے ہیں۔

کارٹون

کارٹون : 25 نومبر 2024
کارٹون : 24 نومبر 2024