• KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm
  • KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm

’ایشیائی افراد سے نفرت بند کریں‘ سوشل میڈیا پر کیوں ٹرینڈ کر رہا ہے؟

شائع March 22, 2021
ایشیائی افراد سے نفرت کے معاملے پر ایشیائی لوگ مغربی ممالک میں مظاہرے بھی کرتے رہے ہیں—فائل فوٹو: اے ایف پی
ایشیائی افراد سے نفرت کے معاملے پر ایشیائی لوگ مغربی ممالک میں مظاہرے بھی کرتے رہے ہیں—فائل فوٹو: اے ایف پی

سوشل میڈیا پر ٹرینڈز کا بننا اور پھر ان کا اچانک سے غائب ہوجانا کوئی نئی بات نہیں تاہم کچھ ٹرینڈز ایسے بھی ہوتے ہیں جو کئی ہفتوں تک بیک وقت کئی ممالک میں بھی ٹرینڈ کرتے ہیں۔

کچھ ٹرینڈز ایسے بھی ہوتے ہیں، جن کی کوئی خاص مدت نہیں ہوتی اور نہ ہی ان کا تعلق کسی ایک خاص ملک یا قوم سے ہوتا ہے، ایسے ٹرینڈز میں ’می ٹو‘ ٹرینڈ سب سے اہم ہے۔

’می ٹو‘ ٹرینڈ کی طرح دیگر ٹرینڈز بھی سوشل میڈیا پر بیک وقت کئی ممالک میں ٹرینڈ کرتے ہیں اور ایسے ٹرینڈز میں ’ایشیائی افراد سے نفرت بند کریں‘ اور ’ایشیائی افراد کے خلاف نفرت پر مبنی جرائم بند کریں‘ بھی شامل ہیں۔

دونوں مذکورہ ٹرینڈز اگرچہ گزشتہ برس ابتدائی طور پر اس وقت سامنے آئے تھے جب کہ دنیا بھر میں چین سے شروع ہونے والی کورونا کی وبا پھیلی تھی۔

اس وقت زیادہ تر ممالک میں چینی نژاد افراد یا چین کے پڑوسی ممالک جیسے کوریا، جاپان، سنگاپور اور تھائی لینڈ کے رہنے والوں کو دیگر ممالک میں نفرت انگیز رویے کا سامنا تھا۔

یہ بھی پڑھیں: امریکا میں تین مساج پارلرز میں فائرنگ، خواتین سمیت 8 افراد ہلاک

’ایشیائی افراد سے نفرت بند کریں‘ کا ٹرینڈ اگرچہ گزشتہ برس سے وقتا بوقتا سوشل میڈیا پر ٹرینڈ کرتا رہا ہے تاہم گزشتہ ہفتے سے مذکورہ ٹرینڈ سمیت ایک اور ٹرینڈ ’ایشیائی افراد کے خلاف نفرت پر مبنی جرائم بند کریں‘ بھی دنیا بھر میں ٹرینڈ کرنے لگا ہے۔

دراصل مذکورہ دونوں ٹرینڈز گزشتہ ہفتے اس وقت ٹرینڈ میں آئے جب امریکی ریاست جارجیا کے شہر اٹلانٹا کے تین مختلف مساج پارلرز پر مسلح فرد کی فائرنگ سے 8 ایشیائی نژاد افراد ہلاک ہوئے، جس پر معروف شخصیات نے ٹوئٹس کیں۔

’نکی ایشیا‘ کے مطابق معروف شخصیات کی جانب سے اٹلانٹا دہشت گرد حملوں پر کی جانے والی ٹوئٹس کے بعد عام افراد نے بھی ٹوئٹس کرنا شروع کیں، جس کے بعد ایشیائی افراد سے نفرت بند کریں‘ اور ’ایشیائی افراد کے خلاف نفرت پر مبنی جرائم بند کریں‘ ٹوئٹر پر ٹرینڈ کرنے لگے۔

مذکورہ دونوں ٹرینڈز پر معروف فلمی شخصیات نے نہ صرف ٹوئٹس کیں بلکہ انہوں نے اپنی انسٹاگرام پوسٹس میں بھی مذکورہ ٹرینڈز پر بات کی، جس وجہ سے ان ٹرینڈز پر بات ہونے لگی۔

اٹلانٹا میں ہونے والے دہشت گردی کے واقعات میں ہلاک ہونے والے 8 افراد میں ایک مرد اور 7 خواتین تھیں اور تمام ہلاک شدگان کا تعلق ایشیا سے تھا۔

ہلاک ہونے والے 8 افراد میں سے 4 کے لیے جنوبی کوریا نے تصدیق کی ہے کہ وہ ان کے شہری ہیں جب کہ دیگر 4 سے متعلق تاحال کوئی واضح معلومات سامنے نہیں آ سکی لیکن حکام کے مطابق ان کا تعلق بھی ایشیائی ملک سے ہے۔

گزشتہ برس کورونا کی وجہ سے ایشیائی افراد سے رنگ و نسل کی بنیاد پر نفرت اور ان کے خلاف تشدد کے واقعات کے بعد اب اٹلانٹا میں دہشت گردی کے واقعات میں ایشیائی افراد کی ہلاکت کے بعد ایشیائی افراد سے نفرت بند کریں‘ اور ’ایشیائی افراد کے خلاف نفرت پر مبنی جرائم بند کریں‘ اب امریکا اور یورپ سمیت کئی ایشیائی ممالک میں ٹرینڈ کر رہے ہیں۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024