• KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am
  • KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am

جلد صحت یابی کیلئے دعا کرنے والوں کا شکرگزار ہوں، وزیراعظم

شائع March 21, 2021
وزیراعظم عمران خان اورخاتون اول کا کورونا ٹیسٹ گزشتہ روز مثبت آیا تھا—فوئل/فوٹو: ٹوئٹر
وزیراعظم عمران خان اورخاتون اول کا کورونا ٹیسٹ گزشتہ روز مثبت آیا تھا—فوئل/فوٹو: ٹوئٹر

وزیراعظم عمران خان نے پاکستان سمیت دنیا بھر میں ان کی جلد صحت یابی کے لیے دعا کرنے اور نیک خواہشات کا اظہار کرنے والوں کا شکریہ ادا کیا۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے بیان میں وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ 'پاکستان سمیت دنیا بھر سے میری اور خاتون اول کی کورونا سے جلد شفایابی کے لیے دست دعا بلند کرنے اور ہمارے لیے نیک خواہشات کا تحفہ بھیجنے والوں کا میں تہہ دل سے شکرگزار ہوں'۔

گزشتہ روز وزیر اعظم عمران خان کا کورونا ٹیسٹ مثبت آگیا تھا جس کے بعد انہوں نے خود کو گھر میں قرنطینہ کرلیا ہے، بعدازاں خاتون اول بشریٰ بی بی کا ٹیسٹ بھی مثبت آگیا تھا۔

مزید پڑھیں: وزیر اعظم عمران خان کا کورونا ٹیسٹ مثبت آگیا

وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے قومی صحت ڈاکٹر فیصل سلطان نے ٹوئٹر پر تصدیق کرتے ہوئے کہا تھا کہ 'عمران خان کا کورونا ٹیسٹ مثبت آیا ہے' اور انہوں نے خود کو گھر میں قرنطینہ کرلیا ہے۔

وزیر اعظم عمران خان کا کورونا ٹیسٹ مثبت آنے کے بعد ٹوئٹر پر وفاقی وزرا سمیت دیگر شخصیات کی جانب سے پیغامات کی بھرمار ہوگئی تھی جس میں وزیر اعظم کی جلد صحت یابی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا گیا تھا۔

پاکستان ہی نہیں بلکہ دنیا بھر سے مختلف رہنماؤں اور شخصیات نے وزیراعظم کی جلد صحت یابی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی نے کورونا وائرس کا شکار اپنے پاکستانی ہم منصب عمران خان کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے جلد صحت یابی کی دعا کی۔

یہ بھی پڑھیں: بھارتی وزیراعظم کا کورونا کا شکار عمران خان کیلئے نیک خواہشات کا اظہار

پاکستان میں جرمن سفیر برنارڈ شلیگیک اور آسٹریلین ہائی کمشنر ڈاکٹر جیوفری شا نے بھی عمران خان کی جلد صحتیابی کے لیے دعا کی۔

پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے بھی ٹوئٹ کے ذریعے وزیر اعظم کی کورونا وائرس سے جلد صحتیابی کے لیے دعا کی۔

مسلم لیگ (ن) کے رہنما احسن اقبال نے وزیراعظم کی صحتیابی کے لیے دعا کرتے ہوئے کہا کہ ہم سب کو بحیثیت لیڈر حفاظتی تدابیر اختیار کر کے رول ماڈل بننا چاہیے۔

وزارت قومی ادارہ برائے صحت نے ٹوئٹر پر واضح کیا تھا کہ وزیر اعظم عمران خان میں کورونا وائرس کی تشخیص ایسے وقت پر ہوئی ہے جب انہیں کورونا وائرس سے بچاؤ کی مکمل خوراکیں نہیں دی گئی۔

وزارت کی جانب سے کہا گیا تھا کہ وزیر اعظم کو محض دو روز قبل ویکسین کی پہلی خوارک دی گئی اور دوسری خوراک کے دو سے تین ہفتے بعد ہی جسم میں وائرس سے بچاؤ کی صلاحیت پیدا ہوتی ہے۔

وزیر اعظم عمران خان کا کورونا ٹیسٹ ایسے وقت پر مثبت آیا ہے جب ملک میں کورونا کی تیسری لہر جاری ہے اور کیسز کی تعداد میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔

اس حوالے سے وزیراعظم کے معاون خصوصی فیصل سلطان نے عوام کو خبردار کیا کہ اگر احتیاط نہ کی تو حالات ہاتھ سے نکل سکتے ہیں۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024