براڈ پٹ کے 'بیٹے' نے ان کے خلاف گواہی دے دی
ہولی وڈ سپر اسٹار 45 سالہ انجلینا جولی اور ان کے سابق شوہر 54 سالہ براڈ پٹ کے گود لیے بیٹے نے سوتیلے والد یعنی اداکار کے خلاف گواہی دے دی۔
انجلینا جولی اور براڈ پٹ کا بیٹا 19 سالہ میڈوکس ان کا سوتیلا بیٹا ہے، جسے انہوں نے گود لیا تھا اور اسی پر تشدد کے الزامات کی وجہ سے ہی دونوں اداکاروں میں علیحدگی ہوئی تھی۔
دونوں 2016 میں اس وقت الگ ہوگئے تھے جب انجلینا جولی نے دعویٰ کیا کہ براڈ پٹ نے ان کے بڑے بیٹے 19 سالہ میڈوکس کو طیارے میں سفر کے دوران مارا۔
مذکورہ واقعے کے بعد انجلینا جولی نے براڈ پٹ سے علیحدگی اختیار کرکے طلاق کے لیے درخواست دائر کردی تھی اور ریاست کیلی فورنیا کی عدالت نے اپریل 2019 میں ان کی طلاق کے فیصلے میں دونوں کو ’غیر شادی شدہ‘ قرار دیا تھا۔
یہ بھی پڑھیں: انجلینا جولی سابق شوہر براڈ پٹ کے خلاف تشدد کے ثبوت فراہم کرنے کو تیار
اگرچہ تاحال ان کی باضابطہ طلاق نہیں ہوئی مگر عدالت کی جانب سے انہیں نئی زندگی شروع کرنے کے لیے ’طلاق یافتہ‘ قرار دیا گیا تھا مگر باضابطہ طور پر ان کی طلاق کے معاملات تاحال طے نہیں پائے۔
ان کی طلاق کا معاملہ ان کے گود لیے گئے 6 بچوں کی کفالت کی وجہ سے لٹکا ہوا ہے، کیوں کہ انجلینا جولی کی خواہش ہے کہ تمام بچے ان کے حوالے کردیے جائیں جبکہ براڈ پٹ کا مطالبہ ہے کہ بچوں کی پرورش مشترکہ طور پر ہونی چاہیے۔
معاملے کو حل کروانے کے لیے رواں ماہ 12 مارچ کو انجلینا جولی اور میڈوکس نے امریکی عدالت میں دستاویزات جمع کرائے تھے کہ ان کے پاس براڈ پٹ کے خلاف شواہد موجود ہیں اور وہ عدالت میں پیش کرنے کو تیار ہیں۔
دستاویزات میں کہا گیا تھا کہ براڈ پٹ کے خلاف ان کے تمام بچے گواہی دینے کو تیار ہیں۔
اور اب ان کے بڑے بیٹے 19 سالہ میڈوکس نے عدالت میں اپنے سوتیلے والد براڈ پٹ کے خلاف گواہی دے دی۔
یو ایس میگزین کے مطابق میڈوکس نے عدالت میں والد کے خلاف بیان دیا اور ساتھ ہی انہوں نے عدالت میں جمع کرائے گئے قانونی دستاویزات میں پٹ کا نام بھی ہٹادیا۔
میڈوکس نے اپنے نام کے آخر میں اب جولی لگایا ہے اور وہ چاہتے ہیں کہ قانونی طور پر بھی ان کے نام سے پٹ ہٹانے کا فیصلہ دیا جائے تاہم ان کی ایسی درخواست سے متعلق خیال کیا جاتا ہے کہ مذکورہ درخواست انجلینا جولی کے کہنے پر دی گئی ہوگی تاہم اداکارہ ایسے الزامات کو مسترد کرتے ہوئے دعویٰ کرتی ہیں کہ مذکورہ درخواست میڈوکس نے اپنی مرضی سے دی ہے۔
میڈوکس کی گواہی سے متعلق مزید تفصیلات سامنے نہیں آ سکیں تاہم انہوں نے والد کے خلاف بیان دیا اور وہ مزید ان کے ساتھ نہیں رہنا چاہتے۔
مزید پڑھیں: انجلینا جولی اور براڈ پٹ میں باضابطہ طلاق، دونوں غیر شادی شدہ قرار
انجلینا جولی کی جانب سے عدالت میں جمع کرائے گئے دستاویزات میں کہا گیا کہ ان کے باقی 5 بچے بھی براڈ پٹ کے خلاف گواہی دینے کو تیار ہیں، کیوں کہ وہ تمام اس وقت موجود تھے جب اداکار نے بڑے بیٹے پر تشدد کیا تھا۔
براڈ پٹ نے مبینہ طور پر 2016 میں خاندان کے نجی طیارے میں سفر کے دوران بڑے بیٹے میڈوکس پر تشدد کیا تھا اور گزشتہ ساڑھے 4 سال براڈ پٹ اور بچے الگ زندگی گزار رہے ہیں۔
ابھی یہ واضح نہیں ہے کہ انجلینا جولی کے مزید بچے کب تک عدالت میں گواہی دیں گے تاہم خیال کیا جا رہا ہے کہ دیگر بچے بھی جلد ہی بیانات ریکارڈ کروائیں گے۔
یہ بات یاد رہے کہ انجلینا جولی اور براڈ پٹ کے درمیان جن بچوں پر جھگڑا ہے، وہ ان کے حقیقی بچے نہیں ہیں بلکہ دونوں نے تمام 6 ہی بچوں کو گود لیا تھا۔
یہ بھی پڑھیں: براڈ پٹ سے طلاق کے بعد انجلینا جولی کا اہم فیصلہ
ان کے گود لیے بچوں میں سب سے بڑے بچے میڈوکس کی عمر 19 برس، دوسرے بچے پاکس کی عمر 17 برس، زہرا کی عمر 16 برس، شلوح کی عمر 14 برس جب کہ جڑواں بچوں ناکس اور ووینے کی عمر 12 برس ہے۔
دونوں کی جانب سے گود لیے بچے غریب اور افریقی ممالک سے تعلق رکھتے ہیں۔
انجلینا جولی اور براڈ پٹ نے 10 سال تک شادی کے بغیر ایک دوسرے سے تعلقات رکھے تھے، جس کے بعد دونوں نے 2014 میں شادی کی تھی مگر دو سال بعد دونوں الگ ہوگئے تھے۔