• KHI: Zuhr 12:19pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:50am Asr 3:23pm
  • ISB: Zuhr 11:55am Asr 3:23pm
  • KHI: Zuhr 12:19pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:50am Asr 3:23pm
  • ISB: Zuhr 11:55am Asr 3:23pm

وزیراعظم ویکسین لگوانے سے قبل ہی وائرس سے متاثر ہوچکے تھے، اسد عمر

شائع March 20, 2021
اسد عمر نے کہا کہ وائرس کی علامات ظاہر ہونے میں کچھ روز لگتے ہیں — فائل فوٹو / ڈان نیوز
اسد عمر نے کہا کہ وائرس کی علامات ظاہر ہونے میں کچھ روز لگتے ہیں — فائل فوٹو / ڈان نیوز

وفاقی وزیر منصوبہ بندی، ترقی و اصلاحات و خصوصی اقدامات اسد عمر نے کہا ہے کہ ‏وزیراعظم عمران خان کورونا ویکسین لگوانے سے قبل ہی وائرس سے متاثر ہوچکے تھے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر ٹوئٹ میں اسد عمر نے کہا کہ وزیر اعظم کو جمعرات کی شام کو کورونا ویکسین لگائے جانے کے بعد سے کچھ لوگ ویکسی نیشن کی افادیت پر سوال اٹھا رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ وائرس کی علامات ظاہر ہونے میں کچھ روز لگتے ہیں لہٰذا یہ بات یقینی ہے کہ عمران خان کورونا ویکسین لگوانے سے قبل ہی وائرس سے متاثر ہوچکے تھے۔

اسد عمر نے عوام سے ایک بار پھر ویکسین لگوانے کی اپیل اور وزیر اعظم کی جلد صحتیابی کی دعا کی۔

قبل ازیں وزیر اعظم کے معاون خصوصی شہباز گِل نے بھی عمران خان کے کورونا سے متاثر ہونے سے متعلق ٹوئٹ میں کہا کہ 'براہ مہربانی اس کو کورونا ویکسین کے ساتھ منسلک مت کریں کیونکہ ویکسین لگنے کے کچھ ہفتے کے بعد قوت مدافعت پیدا ہوتی ہے'۔

یہ بھی پڑھیں: وزیر اعظم عمران خان کا کورونا ٹیسٹ مثبت آگیا

شبہاز گل نے بتایا تھا کہ عمران خان میں کورونا وائرس کی علامات شدید نہیں ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ بہت ہلکی سی کھانسی اور ہلکا سا بخار ہے۔

دوسری جانب کورونا کے حوالے سے وفاقی حکومت کی سائنٹیفک ٹاسک فورس کے رکن اور یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز کے وائس چانسلر ڈاکٹر جاوید اکرم نے ڈان ڈاٹ کام سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ویکسی نیشن کے فوری بعد لوگوں کا وائرس سے متاثر ہونا غیر معمولی بات نہیں ہے۔

انہوں نے کہا کہ 'اصل میں ویکسین کی پہلی خوراک لینے کے پانچ سے سات روز بعد جسم میں اینٹی باڈیز بننا شروع ہوتی ہیں، دو ہفتے بعد اینٹی باڈیز حفاظتی سطح تک پہنچ جاتی ہیں لیکن انہیں بہترین سطح تک پہنچنے میں 28 روز لگتے ہیں'۔

ان کا کہنا تھا کہ 'اس کے باوجود یہ نہیں کہا جاسکتا کہ کوئی بھی شخص وائرس سے پوری طرح محفوظ ہوگیا ہے اور کسی بھی ویکسین ی افادیت سو فیصد نہیں ہے'۔

ڈاکٹر جاوید اکرم نے کہا کہ 'سائینوفارم ویکسین کی افادیت کی سطح 80 فیصد ہونے کا مطلب ہے کہ ایک شخص مکمل ویکسین لگوانے کے باوجود وائرس سے متاثر ہوسکتا ہے لیکن اس میں معمولی علامات ہوں گی اور موت کے امکانات کم ہوں گے'۔

مزید پڑھیں: وزیر اعظم عمران خان نے کورونا ویکسین لگوا لی

واضح رہے کہ وزیر اعظم عمران خان کا کورونا ٹیسٹ مثبت آگیا تھا جس کے بعد انہوں نے خود کو گھر میں قرنطینہ کرلیا۔

وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے قومی صحت ڈاکٹر فیصل سلطان نے سماجی روابط کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر تصدیق کی کہ 'عمران خان کا کورونا ٹیسٹ مثبت آیا ہے'۔

انہوں نے بتایا کہ وزیر اعظم عمران خان نے خود کو گھر میں قرنطینہ کرلیا۔

18 مارچ کو صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کے بعد وزیر اعظم عمران خان نے بھی کورونا وائرس کی ویکسین لگوائی تھی۔

کارٹون

کارٹون : 26 نومبر 2024
کارٹون : 25 نومبر 2024