• KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am
  • KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am

آرٹس کونسل کراچی میں ممبران کی کورونا ویکسینیشن کا سلسلہ جاری

شائع March 19, 2021
طلعت حسین، بہروز سبزواری، انور مقصود، جاوید شیخ سمیت متعدد شوبز شخصیات نے بھی کورونا ویکسین لگوائی ہے— فائل فوٹو: اسکرین شاۓ
طلعت حسین، بہروز سبزواری، انور مقصود، جاوید شیخ سمیت متعدد شوبز شخصیات نے بھی کورونا ویکسین لگوائی ہے— فائل فوٹو: اسکرین شاۓ

آرٹس کونسل آف پاکستان کراچی کے اراکین کو عالمی وبا کی وجہ بننے والے کورونا وائرس سے بچاؤ کی ویکسین لگانے کا سلسلہ جاری ہے۔

ترجمان آرٹس کونسل بشیر سدوزئی کے مطابق 17 مارچ سے آرٹس کونسل کے صرف 60 سال سے زائد عمر کے اراکین کو ویکسین لگائی جا رہی ہے۔

انہوں نے بتایا کہ آرٹس کونسل کے 60 سال سے زائد عمر کے اراکین کی تعداد 2 ہزار 850 ہے۔

مزید پڑھیں: 'کورونا ویکسین لگوانے سے پہلے سینئر سٹیزن ہونے کا مزا کبھی نہیں آیا'

ترجمان کے مطابق ان دنوں اراکین کو ویکسین کی پہلی ڈوز دی جارہی ہے جبکہ دوسری ڈوز 6 اپریل سے دی جائے گی۔

انہوں نے بتایا کہ 3 دن کے دوران متعدد معروف شخصیات سمیت 400 افراد کورونا ویکسین لگواچکے ہیں، جن میں طلعت حسین، بہروز سبزواری، معروف مصنف اسد محمد خان اور انور شہود و دیگر شامل ہیں۔

علاوہ ازیں آرٹس کونسل کراچی کے مطابق اب تک لیجنڈری آرٹسٹ ضیا محی الدین، جاوید شیخ اور ادیب و مزاح انور مقصود نے بھی کورونا ویکسین لگوائی ہے۔

ان کے علاوہ سابق میئر کراچی وسیم اختر سمیت دیگر معروف شخصیات نے بھی ویکسین لگوائی ہے۔

اس ضمن میں آرٹس کونسل احمد شاہ بلڈنگ ہال ون میں کووڈ-19 ویکسین سینٹر قائم کیا گیا ہے اور ویکسین لگوانے کے لیے قومی شناختی کارڈ لانا لازمی ہے۔

بہروز سبزواری نے اس ضمن میں آرٹس کونسل پاکستان کے صدر احمد شاہ اور حکومت سندھ کی کوششوں کو سراہا اور ان کا شکریہ ادا کیا۔

انہوں نے کہا کہ 'میں پوری آرٹسٹ برادری کی طرف سے شکریہ ادا کرتا ہوں کہ حکومت سندھ جو اچھے کام کررہی ہے اس میں ہم ان کے ساتھ ہیں'۔

یہ بھی پڑھیں: ارمینہ خان نے بھی کورونا وائرس کی ویکسین لگوالی

بہروز سبزواری نے ویکسینیشن سینٹر کے انتظامات کی بھی تعریف کی اور کہا کہ انتظامات بہت اچھے ہیں، ویکسین کے لیے 15 منٹ بھی نہیں لگے'۔

خیال رہے کہ گزشتہ دنوں اداکارہ بشری انصاری نے بھی کورونا ویکسین لگوائی تھی لیکن ثمینہ پیرزادہ پہلی پاکستانی اداکارہ تھیں جنہوں نے پاکستان میں ویکسین لگوائی۔

مزید پڑھیں: ثمینہ پیرزادہ پاکستان میں کورونا ویکسین لگوانے والی پہلی اداکارہ

ان سے قبل اداکارہ ارمینہ رانا نے کورونا وائرس سے بچاؤ کی ویکسین (ایسٹرا زینیکا) لگوائی تاہم اداکارہ ارمینہ خان نے کورونا ویکسین پاکستان میں نہیں بلکہ بیرون ملک لگوائی ہے۔

ان سے قبل جنوری میں اداکارہ ریماخان عالمی وبا کورونا وائرس سے بچاؤ کی ویکسین لگوانے والی پہلی پاکستانی اداکارہ بن گئی تھیں۔

ریما خان نے اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹس پر کی گئی پوسٹ میں اپنے مداحوں اور فالوورز کو کورونا وائرس کی ویکسین لگوانے سے متعلق بتایا تھا۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024