• KHI: Asr 4:13pm Maghrib 5:49pm
  • LHR: Asr 3:27pm Maghrib 5:05pm
  • ISB: Asr 3:27pm Maghrib 5:05pm
  • KHI: Asr 4:13pm Maghrib 5:49pm
  • LHR: Asr 3:27pm Maghrib 5:05pm
  • ISB: Asr 3:27pm Maghrib 5:05pm

خوش ہوں کہ 99 سالہ والد صحت یاب ہوکر گھر آگئے، 72 سالہ شہزادہ چارلس

شائع March 17, 2021
شہزادہ چارلس نے انتظامات کا جائزہ بھی لیا—فوٹو: پی اے
شہزادہ چارلس نے انتظامات کا جائزہ بھی لیا—فوٹو: پی اے

ملکہ برطانیہ کے بڑے صاحبزادے اور برطانوی بادشاہت کے اگلے امیدوار 72 سالہ شہزادہ چارلس نے اس بات پر خوشی کا اظہار کیا ہے کہ ان کے 99 سالہ والد شہزادہ فلپس تقریبا ایک ماہ تک ہسپتال میں رہنے کے بعد گھر منتقل ہوئے۔

برطانوی اخبار دی گارجین کے مطابق شہزادہ چارلس نے 16 مارچ کو لندن کے علاقے فنسبری پارک میں موجود اس مسجد کا دورہ کیا، جہاں ایشیائی افراد کے لیے ویکسین سینٹر قائم کیا گیا ہے۔

شہزادہ چارلس نے اہلیہ 73 سالہ شہزادی کمیلا کے ہمراہ مسجد اور ویکسینیشن سینٹر کا دورہ کیا اور انتظامات کا جائزہ لیا۔

دورے کے دوران شہزادہ چارلس اور ان کی اہلیہ نے فیس ماسک پہن رکھا تھا جب کہ انہیں مسجد میں قائم کیے گئے ویکسینیشن سینٹر میں کیے گئے انتظامات سے متعلق آگاہ کیا گیا۔

مختصر دورے کے دوران اگرچہ شہزادہ چارلس نے میڈیا سے بات نہیں کی تاہم انہوں نے ایک خاتون صحافی کے سوال پر بتایا کہ وہ اپنے عمر رسیدہ والد کے صحت یاب ہوکر گھر آنے پر بہت خوش ہیں۔

72 سالہ شہزادہ چارلس کے مطابق انہوں نے اپنے 99 سالہ والد سے متعدد بار گفتگو بھی کی ہے اور انہیں خوشی ہے کہ ان کے والد ہسپتال سے گھر آگئے۔

یہ بھی پڑھیں: ملکہ برطانیہ کے شوہر علیل ہونے پر ہسپتال منتقل

ان کے والد شہزادہ فلپس کو 16 مارچ کو ہسپتال سے ڈسچارج کیا گیا تھا، انہیں ان کی طبیعت ناساز ہونے پر 17 فروری کو ہسپتال منتقل کیا گیا تھا۔

شاہی محل نے شہزادہ فلپس کی بیماری سے متعلق کوئی وضاحت جاری نہیں کی تھی تاہم بتایا تھا کہ انہیں کورونا نہیں ہوا اور ان کے گھر منتقل ہونے کے بعد شاہی محل کی جانب سے جاری بیان میں ڈاکٹرز کا شکریہ ادا کیا گیا تھا۔

مستقبل کے بادشاہ کی اہلیہ کے مطابق وہ انجکشن سے نفرت کرتی ہیں—فوٹو: اے ایف پی
مستقبل کے بادشاہ کی اہلیہ کے مطابق وہ انجکشن سے نفرت کرتی ہیں—فوٹو: اے ایف پی

شہزادہ چارلس اور ان کی اہلیہ کمیلا کی جانب سے مسجد میں قائم کیے گئے ویکسینیشن سینٹر کے دورے کے دوران شہزادے کی بیوی کا کہنا تھا کہ انہوں نے اور ان کے شوہر نے ویکسین کا پہلا ڈوز لگوالیا ہے اور انہیں نہیں معلوم کے انہیں دوسرا ڈوز کب تک لگے گا۔

مزید پڑھیں: ایک ماہ بعد ملکہ برطانیہ کے شوہر ہسپتال سے ڈسچارج

انہوں نے بتایا کہ انہوں نے پہلا ڈوز آکسفورڈ/ ایسٹرازینیکا کی تیار کردہ ویکسین کا لگوایا تھا تاہم وہ دوسرا ڈوز ممکنہ طور پر فائزر و بائیو این ٹیک کی ویکسین کا لگوائیں گی۔

ساتھ ہی انہوں نے مزاح میں کہا کہ انہوں نے خود بھی یہ نہیں پوچھا کہ انہیں دوسرا ڈوز کب لگایا جائے گا، کیوں کہ حقیقت میں وہ انجکشن سے نفرت کرتی ہیں۔

مسجد میں ویکسنیشن سینٹر قائم کرنے پر شہزادہ چارلس نے خوشی کا اظہار بھی کیا—فوٹو: رائٹرز
مسجد میں ویکسنیشن سینٹر قائم کرنے پر شہزادہ چارلس نے خوشی کا اظہار بھی کیا—فوٹو: رائٹرز

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024