• KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm
  • KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm

کراچی: 100 سالہ شہری نے بھی کورونا وائرس کی ویکسین لگوالی

شائع March 17, 2021
اسرائیل احمد مینائی کے مطابق وہ کورونا وائرس سے بچاؤ کی ویکسین لگوا کر ایک صحت مند زندگی گزارنا چاہتے ہیں۔ — فوٹو: قاضی حسن
اسرائیل احمد مینائی کے مطابق وہ کورونا وائرس سے بچاؤ کی ویکسین لگوا کر ایک صحت مند زندگی گزارنا چاہتے ہیں۔ — فوٹو: قاضی حسن

ان دنوں پاکستان میں عالمی وبا کورونا وائرس سے بچاؤ کی ویکسین کا دوسرا مرحلہ چل رہا ہے جس میں 60 برس سے زائد عمر کے افراد کو ویکسین لگائی جارہی ہے۔

15 مارچ کو صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی اور ان کی اہلیہ ثمینہ علوی نے اسلام آباد میں کورونا ویکسین لگوائی تھی۔

گزشتہ روز کراچی میں 100 سالہ شہری اسرائیل احمد مینائی نے نجی ہسپتال میں کورونا وائرس سے بچاؤ کی ویکسین لگوائی ہے۔

مزید پڑھیں: صدر مملکت عارف علوی نے کورونا ویکسین لگوا لی

محکمہ صحت سندھ کے حکام کے مطابق گزشتہ روز (16 مارچ کو) آغا خان کے ایڈَلٹ ویکسینیشن سینٹر میں وہیل چیئر پر لائے جانے والے اسرائیل احمد مینائی نے دعویٰ کیا تھا کہ ان کی عمر 100 سال ہے۔

بعدازاں جب اسرائیل احمد مینائی کا شناختی کارڈ لے کر ان کی تاریخ پیدائش کی تصدیق کی گئی تو معلوم ہوا کہ وہ حقیقت میں اپنی زندگی کی سو بہاریں دیکھ چکے ہیں۔

تاہم آغا خان کے ایڈَلٹ ویکسینیشن سینٹر کے عملے کا کہنا تھا کہ اسرائیل احمد مینائی کہیں سے 100 برس کے نہیں لگتے تھے اور ان کا اندازہ تھا کہ اسرائیل احمد مینائی کی عمر زیادہ سے زیادہ 70 سے 75 سال ہوگی۔

محکمہ صحت سندھ کے حکام کے مطابق کراچی کے علاقے ڈیفنس ہاؤسنگ اتھارٹی کے رہائشی اسرائیل احمد مینائی کے بلڈ پریشر (فشار خون)، شوگر اور دیگر ٹیسٹ کیے گئے اور پوری طرح مطمئن ہونے کے بعد انہیں کورونا وائرس سے بچاؤ کی ویکسین لگائی گئی۔

یہ بھی پڑھیں: سائنوفارم ویکسین کی 60 سال سے زائد عمر کے افراد میں استعمال کی منظوری

اس حوالے سے جاری بیان میں مزید کہا گیا کہ اسرائیل احمد مینائی کو تقریباً آدھے گھنٹے تک نگرانی میں رکھا گیا لیکن ان کی حالت ٹھیک رہی اور سر میں ہلکے سے بھاری پن کے علاوہ انہیں کسی قسم کی کوئی شکایت نہیں ہوئی، جس کے بعد انہیں گھر جانے کی اجازت دی گئی۔

محکمہ صحت سندھ کے حکام کا کہنا تھا کہ اسرائیل احمد مینائی کے مطابق وہ ابھی مزید جینا چاہتے ہیں۔

اسرائیل احمد مینائی کے مطابق اللہ تعالی نے انہیں ابھی تک کورونا وائرس سے محفوظ رکھا ہے اور وہ چاہتے ہیں کہ اس مرض کی ویکسین لگوا کر ایک صحت مند زندگی گزاریں۔

یاد رہے کہ پاکستان میں کووڈ-19 ویکسین لگانے کا عمل گزشتہ ماہ چین سے ویکسین کی پہلی کھیپ پہنچنے کے بعد شروع ہوا تھا۔

مزید پڑھیں: رجسٹرڈ 70 سال سے زائد عمر کے شہریوں کو واک ان ویکسینیشن کی اجازت

ویکسینیشن کے پہلے مرحلے میں صف اول کے طبی عملے کو ویکسین لگائی گئی، جس کے بعد 22 فروری کو ڈاکٹروں، نرسز، فارماسسٹ اور دیگر طبی عملے کی رجسٹریشن شروع ہوئی۔

ابتدائی طور پر وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے صحت نے کہا تھا کہ سائنوفارم 60 سال سے زائد عمر کے افراد کے لیے تجویز نہیں کر رہے۔

بعد ازاں 5 مارچ کو ڈرگ ریگولیٹری اتھارتی آف پاکستان (ڈریپ) نے چین کی تیار کردہ سائنوفارم کووڈ-19 ویکسین کے استعمال کی اجازت کے دو ماہ بعد 60 سال سے زائد عمر کے افراد کو اسے لگانے کی بھی منظوری دی تھی۔

وفاقی وزارت صحت کے ترجمان ساجد شاہ نے تصدیق کرتے ہوئے کہا تھا کہ مذکورہ عمر کے افراد سمیت نیشنل امیونائزیشن منیجمنٹ سسٹم (نیمز) میں رجسٹرڈ تمام طبی عملہ، جن کی عمر 60 سال سے زائد ہے، وہ ڈریپ سے منظوری کے بعد ویکسین سینٹرز سے ویکسین لگا سکتے ہیں۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024