• KHI: Maghrib 5:43pm Isha 7:02pm
  • LHR: Maghrib 5:01pm Isha 6:26pm
  • ISB: Maghrib 5:01pm Isha 6:28pm
  • KHI: Maghrib 5:43pm Isha 7:02pm
  • LHR: Maghrib 5:01pm Isha 6:26pm
  • ISB: Maghrib 5:01pm Isha 6:28pm

نیب نے مریم نواز کو 26 مارچ کو دوبارہ طلب کرلیا

شائع March 17, 2021
مسلم لیگ(ن) کی نائب صدر مریم نواز کو 26 مارچ کو نیب طلب کیا گیا ہے— فائل فوٹو: ڈان نیوز
مسلم لیگ(ن) کی نائب صدر مریم نواز کو 26 مارچ کو نیب طلب کیا گیا ہے— فائل فوٹو: ڈان نیوز

قومی احتساب بیورو (نیب) نے چوہدری شوگر ملز کے کیس میں مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز کو تحقیقات کے لیے 26 مارچ کو نیب دفتر میں طلب کر لیا۔

نیب کی جانب سے جاری اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ 22 جنوری 2020 کو آپ کی جانب سے جمع کرایا گیا جواب مبہم، غیر واضح اور اطمینان بخش نہیں تھا جبکہ 31 جولائی 2019 کو نیب لاہور میں حاضری اور ریمانڈ کے دوران بھی آپ نے تسلی بخش جواب نہیں دیے تھے۔

مزید پڑھیں: مریم نواز کی نیب میں پیشی کے موقع پر کارکنان اور پولیس میں تصادم

نیب نے مریم نواز سے کہا کہ وہ چوہدری شوگر ملز میں 86 لاکھ 40 ہزار روپے کی سرمایہ کاری کی رقم کے ذرائع کی تفصیلات بتائیں جبکہ 2008 میں غیرملکیوں سے ان کے نام منتقل کیے گئے چوہدری شوگر ملز کے ایک کروڑ 15 لاکھ 27 ہزار روپے کے شیئرز کی خریداری کا معاہدہ یا ٹرانسفر ڈیڈ دکھائیں۔

قومی احتساب بیورو نے مسلم لیگ (ن) کی رہنما سے مزید کہا کہ اس کے ساتھ ساتھ وہ ان شیئرز کی خریداری کے لیے حاصل کی گئی رقم کے ذرائع بھی بتائیں۔

اس کے علاوہ چوہدری شوگر ملز کے لیے 2010 میں لیے گئے 4 کروڑ 23 لاکھ 4 ہزار 310 روپے کے قرض کے فنڈز کے ذرائع اور تفصیلات بھی طلب کی گئی ہیں۔

نیب نے 2011 میں چوہدری شوگر ملز کے اکاؤنٹ سے ان کے ذاتی اکاؤنٹ میں منتقل کیے گئے 7 کروڑ روپے کی تفصیلات طلب کر لی ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: مریم نواز اپنے خلاف تحقیقات سے توجہ ہٹانے کی کوشش کر رہی ہیں، نیب

مریم نواز کو ہدایت کی گئی کہ وہ 26 مارچ 2021 کو لاہور کے نیب کمپلیکس میں مشترکہ تفتیشی ٹیم کے سامنے پیش ہوں اور ایسا نہ کرنے کی صورت میں انہیں قانون کے تحت سنگین نتائج کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔

واضح رہے کہ اس سے قبل گزشتہ سال 11 اگست کو نیب نے مریم نواز کو عدالت طلب کیا تھا لیکن نیب دفتر کے باہر پولیس اور مسلم لیگ (ن) کے کارکنان کی جھڑپ کے باعث یہ پیشی ہنگامہ آرائی کی نظر ہو گئی تھی۔

دو روز قبل مریم نواز نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا تھا کہ نیب کی لاہور ہائی کورٹ میں میرے خلاف درخواست مضحکہ خیز ہے کیونکہ نیب نے اپنی آئینی اور قانونی ذمہ داری سے ہٹ کر دوسری ذمہ داریاں خود اپنے آپ کو سونپ دیں۔

مزید پڑھیں: نیب نے خود ہی ٹھیکا اٹھالیا کہ وہ سیاست دانوں کے بیانات بھی جانچا کرے گا، مریم نواز

قومی احتساب بیورو نے قومی احتساب بیورنے مریم نواز کے بیان کو مسترد کرتے ہوئے کہا تھا کہ لیگی رہنما اپنے خلاف تحقیقات سے توجہ ہٹانے کی کوشش کر رہی ہیں۔

کارٹون

کارٹون : 22 نومبر 2024
کارٹون : 21 نومبر 2024