• KHI: Fajr 5:34am Sunrise 6:54am
  • LHR: Fajr 5:12am Sunrise 6:37am
  • ISB: Fajr 5:20am Sunrise 6:47am
  • KHI: Fajr 5:34am Sunrise 6:54am
  • LHR: Fajr 5:12am Sunrise 6:37am
  • ISB: Fajr 5:20am Sunrise 6:47am

پاکستان، ترکی ہیلی کاپٹر معاہدے میں 6 ماہ کی توسیع

شائع March 17, 2021
جولائی 2018 میں پاکستان نے ترک ساختہ 30 ٹی 129 اٹک ہیلی کاپٹر خریدنے کے لیے 1.5 ارب ڈالر کے معاہدے پر دستخط کیے تھے۔ - فائل فوٹو:اناطولو ایجنسی
جولائی 2018 میں پاکستان نے ترک ساختہ 30 ٹی 129 اٹک ہیلی کاپٹر خریدنے کے لیے 1.5 ارب ڈالر کے معاہدے پر دستخط کیے تھے۔ - فائل فوٹو:اناطولو ایجنسی

واشنگٹن: پاکستان نے ترکی کے ساتھ ہیلی کاپٹر کے معاہدے میں دوبارہ توسیع کرتے ہوئے ہیلی کاپٹرز کی فراہمی کے لیے انقرہ کو مزید 6 ماہ کی مہلت دے دی۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق جولائی 2018 میں پاکستان نے ترک ساختہ 30 ٹی 129 اٹک ہیلی کاپٹر خریدنے کے لیے 1.5 ارب ڈالر کے معاہدے پر دستخط کیے تھے۔

پینٹاگون کے انجنز اور امریکا میں تیار کردہ دیگر پرزوں کے برآمدی لائسنس جاری کرنے سے انکار کی وجہ سے اس کی فراہمی کی تاریخ میں توسیع کی گئی۔

ترکی کے اعلیٰ عہدیدار اسمٰعیل دمیر نے امریکی دفاعی اشاعت، ڈیفنس نیوز کو بتایا کہ 'ہم نے پاکستان سے 6 ماہ کی توسیع حاصل کرلی ہے'۔

مزید پڑھیں: امریکا نے ترکی کو گن شپ ہیلی کاپٹرز کی پاکستان کو فراہمی سے روک دیا

جنوری 2020 میں پاکستان نے ہیلی کاپٹروں کی فراہمی کے لیے مینوفیکچررز، ترک ایرو اسپیس انڈسٹریز (ٹی اے آئی) کو پہلے ایک سال کی توسیع دی تاہم بعد میں فروخت کے خطرے کے پیش نظر ترک حکومت نے ٹی اے آئی کی دوسری کمپنی ٹوساس انجن انڈسٹریز کو ٹی 129 کے لیے دیسی انجن تیار کرنے کا کام سونپا۔

ڈیفنس نیوز کی اشاعت، جس میں ٹیلی ویژن، اخبار اور ایک ویب سائٹ شامل ہے، نے بتایا ہے کہ مذکورہ معاملے میں امریکی اعتراض کی بنیاد وجہ واشنگٹن کی جانب سے روسی ساختہ ایس -400 ٹرومف فضائی دفاعی نظام خریدنے کے انقرہ کے فیصلے کی مخالفت ہے۔

ترکی میں ایک سینئر عہدیدار نے ڈیفنس نیوز کو بتایا کہ اس توسیع کا یہ مطلب نہیں ہے کہ معاہدہ عمل میں آجائے گا۔

انہوں نے کہا کہ 'یہ کوئی تکنیکی یا تجارتی مسئلہ نہیں ہے، یہ مکمل طور پر سیاسی ہے اور جب تک امریکا کی رکاوٹ کی وجوہات برقرار ہیں، ایسا لگتا ہے کہ ترکی-پاکستان کے معاہدہ امریکا کے تنازع سے متاثر ہوگا'۔

یہ بھی پڑھیں: دنیا کی سب سے چھوٹی گَن نیلامی کیلئے پیش

پاکستان نے 1980 کے عشرے میں حاصل کیے گئے کوبرا گن شپ کے اپنے بیڑے کو تبدیل کرنے کے لیے ترکی کے ٹی 192 اٹیک ہیلی کاپٹرز کا انتخاب کیا تھا۔

تاہم ہیلی کاپٹر بنانے والی ترک ایرو اسپیس انڈسٹریز کو ترسیل ہونے سے قبل امریکی برآمدی لائسنس حاصل کرنا ہوگا۔

5 ٹن کا ٹی 129 دو انجنز کا ملٹی رول اٹیک ہیلی کاپٹر ہے جو اطالوی-برطانوی کمپنی اگسٹا ویسٹ لینڈ کے لائسنس کے تحت تیار کیا گیا ہے اور اے 129 منگستا پر مبنی ہے۔

اس میں دو ایل ایچ ٹی ای سی 800-4 اے ٹربو شافٹ انجن لگے ہیں، جو امریکی کمپنی ہنی ویل اور برطانوی کمپنی رولس رائس مشترکہ طور پر تیار کرتی ہے۔

ترکی کے ایک ایرو اسپیس عہدیدار نے ڈیفنس نیوز کو بتایا کہ رکاوٹ صرف یہی نہیں ہے۔

مزید پڑھیں: بھارتی گن شپ ہیلی کاپٹر افغانستان کے حوالے

انہوں نے کہا کہ 'دوسرے ایسے عوامل موجود ہیں جن کی وجہ سے امریکا برآمدی لائسنس جاری کرنے سے انکار کرسکتا ہے'۔

ان کا کہنا تھا کہ 'ہمیں یہ لگتا ہے کہ ٹی 129 معاہدہ واشنگٹن سے سیاسی اجازت نامے کے بغیر آگے نہیں بڑھ سکتا'۔

امریکی قانون سازوں نے حال ہی میں نیٹو کے اتحادی کو امریکی ہتھیاروں کی تمام فروخت روک دی ہے تاکہ انقرہ پر روسی ساختہ ایس -400 ترک کرنے کے لیے دباؤ ڈالا جائے۔

ڈیفنس نیوز نے اطلاع دی ہے کہ امریکی قانون سازوں کو یہ بھی خدشہ ہے کہ ہیلی کاپٹروں کے انجن بھارت کے خلاف پاکستان کی زمینی حملے کی صلاحیت میں اضافہ کرسکتے ہیں۔

کارٹون

کارٹون : 22 نومبر 2024
کارٹون : 21 نومبر 2024