• KHI: Asr 4:12pm Maghrib 5:49pm
  • LHR: Asr 3:27pm Maghrib 5:04pm
  • ISB: Asr 3:26pm Maghrib 5:04pm
  • KHI: Asr 4:12pm Maghrib 5:49pm
  • LHR: Asr 3:27pm Maghrib 5:04pm
  • ISB: Asr 3:26pm Maghrib 5:04pm

بلوچستان: کوئلے کی کان سے 7 کان کنوں کی لاشیں نکال لی گئیں

متعلقہ حکام نے حادثے میں 7 کان کنوں کے جاں بحق ہونے کی تصدیق کردی---فائل فوٹو: اے ایف پی
متعلقہ حکام نے حادثے میں 7 کان کنوں کے جاں بحق ہونے کی تصدیق کردی---فائل فوٹو: اے ایف پی

کوئٹہ: ضلع ہرنائی کے علاقے تورغر میں میتھین گیس کے دھماکے سے کوئلے کی کان کا ایک حصہ بیٹھ گیا تھا، جس کے نتیجے میں متعدد کان کن پھنس گئے تھے اور اب کئی گھنٹوں کی کوششوں کے بعد 7 کان کنوں کی لاشیں نکال لی گئیں۔

ڈان اخبار کی رپورٹ میں ذرائع کے حوالے سے بتایا گیا تھا کہ ورکرز ایک نجی کمپنی کی کوئلے کی کان کے اندر 15 سو فٹ گہرائی میں کھدائی کررہے تھے کہ ایک زوردار دھماکا ہوا۔

ہرنائی کی ضلعی انتظامیہ کے ایک عہدیدار نے ڈان کو بتایا کہ دھماکا میتھین گیس کے باعث ہوا اور دھماکے کے بعد کان کا ایک حصہ بیٹھ گیا اور آگ بھڑک اٹھی تھی۔

مزید پڑھیں: کوئٹہ: کان کے بیٹھ جانے کی وجہ سے 6 کان کن ہلاک

واقعے کی اطلاع ملتے ہی مائنز ڈائڑیکٹوریٹ اور صوبائی ڈیزاسٹرمنیجمنٹ اتھارٹی کی ریسکیو ٹیمیں جائے وقوع پرپہنچ گئیں اور امدادی کارروائیوں کا آغاز کیا۔

اس حوالے سے فراہم کردہ معلومات کے مطابق کوئلے کی کان میں ریسکیو آپریشن 17 گھنٹوں بعد مکمل کر لیا گیا۔

متعلقہ حکام نے حادثے میں 7 کان کنوں کے جاں بحق ہونے کی تصدیق کردی جن کی لاشیں بھی نکال لی گئیں۔

چیف مائنر انسپکٹر شفقت فیاض نے بتایا کہ کان کنوں کو نکالنے کے لیے ریسکیو آپریشن شروع کیا گیا اور 17 گھنٹوں بعد 7 کان کنوں کی لاشیں نکال لی گئیں۔

یہ بھی پڑھیں: شانگلہ: کان کنوں کی ہلاکتوں کی ذمہ داری حکومت پر عائد ہوتی ہے، ماہرین

چیف مائنز انسپکٹر کا کہنا تھا کہ کوئلہ کان میں آگ بھڑکنے اور زہریلی گیس کے باعث کان کن جاں بحق ہوئے۔

ریسکیو آپریشن میں نکالی جانیوالی لاشیں آگ بھڑکنے کے باعث جل چکی تھیں۔

انہوں نے بتایا کہ کان میں زہریلی گیس بھر جانے سے ریسکیو آپریشن میں بھی مشکلات کا سامنا رہا۔

علاوہ ازیں شفقت فیاض نے مزید بتایا کہ لاشوں کو نکالنے کے بعد شناخت کا عمل جاری ہے۔

یہ بھی پڑھیں: بلوچستان: مچھ میں اغوا کے بعد 11 کان کنوں کا قتل

خیال رہے کہ چند روز قبل کوئٹہ کے مضافاتی علاقے مرور میں قائم کوئلے کی کان بیٹھنے کے نتیجے میں 6 کان کن ہلاک ہوگئے تھے۔

صوبائی ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) کے مطابق 8 کان کن 800 فٹ گہری کان میں اپنے کام میں مصروف تھے کہ اچانک اس کا ایک حصہ بیٹھ گیا اور کان کن پھنس گئے۔

اس سے قبل بلوچستان کے علاقے ڈیگاری میں کوئلے کی کان میں حادثے سے 9 افراد جاں بحق ہوگئے تھے۔

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2024
کارٹون : 21 دسمبر 2024