• KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm
  • KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm

’موڑ مہراں‘ فطرت سے محبت کرنے والی لڑکی کی کہانی

شائع March 16, 2021
سونیا حسین کا ڈراما جلد ہی ریلیز کیا جائے گا — فائل فوٹو: انسٹاگرام
سونیا حسین کا ڈراما جلد ہی ریلیز کیا جائے گا — فائل فوٹو: انسٹاگرام

اداکارہ سونیا حسین جلد ہی نجی ٹی وی پر نشر ہونے والے ڈرامے ’موڑ مہراں‘ میں پہلی بار قدرے منفرد کردار میں دکھائی دیں گی۔

’موڑ مہراں‘ میں سونیا حسین ماہر ماحولیات کی لڑکی کا کردار ادا کرتی دکھائی دیں گی، جنہیں فطرت سے محبت ہوتی ہے۔

اس حوالے سے سونیا حسین نے ڈان امیجز کو بتایا کہ ڈرامے میں وہ پنجاب کے ریگستانی علاقے چولستان کی ایک ایسی لڑکی کا کردار ادا کرتی دکھائی دیں گی، جنہیں قدرت، زمین اور فطرت سے حد سے زیادہ محبت ہوتی ہے۔

اداکارہ کے مطابق ان کا کردار ڈرامے میں فطرت کی محبت میں سرشار رہتا ہے تاہم ان کے کردار کے خواب اس وقت حقیقت میں بدلتے ہیں جب وہ فطرت اور ماحول کا تحفظ کرنے کے لیے کردار ادا کرنا شروع کرتا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: سونیا حسین کا 'سراب' ذہنی بیماری کی شکار لڑکی کی کہانی

سونیا حسین کے مطابق ڈرامے میں وہ چولستان کے ایک چھوٹے سے قصبے میں رہنے والی لڑکی کا کردار ادا کریں گی، جہاں کی خواتین بہت سارے ماحولیاتی مسائل اور خاص طور پر پینے کے پانی کے بحران سے لڑ رہی ہوتی ہیں اور وہ کئی گھنٹوں کا سفر کرکے کنووں اور دیگر جگہوں سے پینے کے پانی لانے کا انتظام کرتی دکھائی دیتی ہیں۔

ان کے مطابق ان کے کردار کے ڈرامے میں دو مختلف روپ ہوں گے، ایک روپ میں لوگ انہیں گھر کی محنت کش اور خاموش طبیعت لڑکی دیکھیں گے اور دوسرے روپ میں شائقین انہیں پرندوں، جانوروں، کھیتوں اور کھلیانوں سے محبت کرنے والی لڑکی کے طور پر دیکھیں گے۔

اداکارہ نے ڈرامے کے حوالے سے مزید بتایا کہ تاحال ڈرامے کے مرکزی اداکار کو کاسٹ نہیں کیا گیا تاہم مذکورہ ڈراما عام پاکستانی ڈراموں سے قدرے مختلف ہے اور ’موڑ مہراں‘ کی کہانی ماحولیاتی آلودگی کے گرد گھومتی ہے۔

پروڈیوسر سیما طاہر کے مذکورہ ڈرامے کی کہانی علی معین نے لکھی ہے جب کہ اس کی ہدایات اویس خان نے دی ہیں۔

اگرچہ سونیا حسین کے مذکورہ ڈرامے کی ریلیز کی تاریخ کا اعلان نہیں کیا گیا تاہم خیال کیا جا رہا ہے کہ اسے عیدالفطر کے بعد ریلیز کیا جائے گا۔

سونیا حسین اس سے پہلے بھی چند اچھوتی کہانیوں پر مبنی ڈراموں میں کردار ادا کرچکی ہیں اور ایسے ڈراموں میں ’سراب‘ بھی ایک ہے، جو ذہنی صحت جیسے حساس موضوع پر بنا ہوا ہے۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024