• KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am
  • KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am

شہباز گل پر لاہور ہائیکورٹ کے احاطے میں 'سیاہی اور انڈوں سے حملہ'

شائع March 15, 2021
لاہور ہائی کورٹ کے احاطے میں وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے سیاسی امور شہباز گل پر انڈے اور سیاہی پھینکی گئی— فوٹو: ڈان نیوز
لاہور ہائی کورٹ کے احاطے میں وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے سیاسی امور شہباز گل پر انڈے اور سیاہی پھینکی گئی— فوٹو: ڈان نیوز

لاہور ہائی کورٹ کے احاطے میں مبینہ طور پر سیاسی جماعت کے کارکنان نے وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے سیاسی امور شہباز گِل پر انڈے اور سیاہی پھینک دی۔

واقعے کے بعد رپورٹرز سے گفتگو کرتے ہوئے شہباز گل نے واقعے کو غنڈہ غردی قرار دیتے ہوئے کہا کہ وہ مکمل ٹھیک ہیں۔

انہوں نے کہا کہ یہ اپنے سیاہ کرتوتوں پر سیاہی پھینک رہے ہیں اور بدلہ نہ لینے کا عزم ظاہر کیا۔

ان کا کہنا تھا کہ ہم ایک تھپڑ کے جواب میں دس تھپڑ نہیں ماریں گے، ہم گالی کے جواب میں گالی نہیں دیں گے۔

تحریک انصاف کے رہنما نے کہا کہ مریم نواز کو بتا دیں کہ میں کسی سے ڈرنے والا نہیں، اپنے کارکنوں کو سمجھائیں، ہم خاندانی لوگ ہیں، ایسی حرکت کا جواب اس طرح نہیں دیں گے، مجھے عدالت بلائے گی تو ضرور آؤں گا، آپ کی طرح بہانے نہیں بناؤں گا۔

اس سے قبل شہباز گِل عدالت پہنچے تو لیگی کارکنوں نے شہباز گِل کو انڈے دے مارے جو چھتری پر لگے جبکہ دیگر کارکنان نے معاون خصوصی پر سیاہی بھی پھینکی۔

بعد ازاں پولیس اہلکاروں نے شہباز گل پر سیاہی اور انڈے پھیکنے والی لیگی کارکن کو حراست میں لے لیا جبکہ اس موقع پر پولیس اہلکاروں اور تحریک انصاف کے کارکنان نے سیاہی اور انڈے پھینکنے والے مسلم لیگ (ن) کے کارکنان کو تشدد کا نشانہ بھی بنایا۔

واضح رہے کہ اسلام پورہ پولیس کی جانب سے درج ایک مجرمانہ مقدمے کو چیلنج کرنے والی درخواست کی سماعت پر لاہور ہائی کورٹ نے معاون خصوصی کو عدالت طلب کیا تھا۔

مذکورہ درخواست طاہر مبین کے ساتھ ساتھ ترک شہریوں شیمل سینوچیک اور یمین یمنیگلو نے دائر کی تھی۔

پولیس نے پاکستان پینل کوڈ کی دفعہ 419، 420، 468 اور 471 کے تحت 13 جنوری کو درخواست گزاروں کے خلاف ایف آئی آر درج کی تھی۔

درخواست گزاروں نے مؤقف اپنایا ہے کہ شہباز گل نے اپنے سیاسی اثرورسوخ کا استعمال کرتے ہوئے ان کے خلاف جعلی مقدمہ درج کرایا۔

البیراک گروپ آف کمپنیز کے ذیلی ادارے ایم ایس پلیٹ فارم تورزم تسیماسلک کی جانب سے شہباز گل کے خلاف دائر ہتک عزت کی شکایت بھی التوا کا شکار ہے اور کمپنی نے جھوٹے الزامات عائد کرنے پر پاکستان پینل کوڈ کی دفعہ 499 اور 500 کے تحت نعاون خصوصی پر کارروائی کی درخواست کی ہے۔

جب آج شہباز گل سماعت کے لیے عدالت آئے تو مبینہ طور پر مسلم لیگ (ن) سے تعلق رکھنے والے کارکنوں نے ان پر انڈے اور سیاہی پھینک دی۔

ایسا محسوس ہوتا ہے کہ تحریک انصاف کے رہنما کو پہلے سے ہی اس منصوبے کا علم تھا اور عدالت آمد سے قبل معاون خصوصی نے ایک ٹوئٹ میں کہا تھا کہ انہیں اپنے صحافی دوستوں سے پتا چلا ہے کہ ان کے خلاف حملے کا منصوبہ بنایا گیا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ میں عمران خان کا سپاہی ہوں، میں عدالت آؤں گا، آپ سے ڈرنے والا نہیں، ہم سیاست پر یقین رکھتے ہیں آپ کی طرح غنڈہ گردی پر نہیں۔

بعدازاں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شہباز گل نے دعویٰ کیا کہ انہیں مسلم لیگ (ن) کے کارکنوں کے منصوبے کا پہلے سے علم تھا، تین سینئر صحافیوں نے مجھے بتایا کہ آپ پر حملہ ہو گا لہٰذا مت آئیں اور مجھے یہ بھی مشورہ دیا گیا کہ مقدمہ راولپنڈی کی عدالت منتقل کرا لوں۔

معاون خصوصی نے کہا کہ میں مقدمہ منتقل نہیں کراؤں گا، میں یہاں مقدمہ لڑوں گا، میں تحریک انصاف کے کارکنوں سے نہیں کہوں گا کہ وہ مسلم لیگ (ن) کے رہنماؤں کے ساتھ اسی طرح کی غنڈہ گردی کریں۔

دوسری جانب تحریک انصاف کے دیگر رہنماؤں نے شہباز گل پر حملے کی مذمت کرتے ہوئے مسلم لیگ (ن) کی جانب سے مبینہ طور پر حملے کی حمایت کرنے کو تنقید کا نشانہ بنایا۔

وفاقی وزیر برائے انسانی حقوق شیریں مزاری نے کہا کہ جب سے مسلم لیگ (ن) کی قیادت نے ضیا آمریت کی گود میں آنکھ کھولی ہے، اس وقت سے غنڈہ گردی ان کی ثقافت کا حصہ رہی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ آج کے حملے میں غنڈے اپنی قیادت کی روایت پر عمل کررہے ہیں جنہوں نے سپریم کورٹ پر حملہ کیا۔

وزیر صنعت و پیداوار حماد اظہر نے بھی الزام عائد کیا کہ یہ حملہ منصوبہ بندی کے تحت کیا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ صاف ظاہر ہے کہ شہباز گل پر حملے کی مکمل منصوبہ بندی کی گئی تھی، جس طرح جاوید لطیف کے پاکستان مخالف بیان کا ایک ایک لفظ ان کی پارٹی قیادت کے حکم پر پوری تیاری کے ساتھ بولا گیا۔

سینیٹر فیصل جاوید نے بھی حملے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ اس غنڈہ گردی کو ہرگز برداشت نہیں کیا جائے گا اور ذمے داران کا احتساب ہونا چاہیے۔

یہ پہلا موقع نہیں کہ پارٹی کارکنوں نے معاون خصوصی کا گھیراؤ کیا ہو بلکہ اس سے قبل گزشتہ ماہ ہتک عزت کے مقدمے کے لیے لاہور جوڈیشل کمپلیکس آمد پر شہباز گل کے خلاف مسلم لیگ (ن) کے کارکنوں نے نعرے بازی کی تھی۔

کارکنوں نے وزیراعظم کے معاون خصوصی کے خلاف آٹا چور، چینی چور کے نعرے لگائے تھے اور شہباز گل کا جوڈیشل کمپلیکس کے احاطے تک پیچھا کیا تھا۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024