• KHI: Fajr 5:25am Sunrise 6:42am
  • LHR: Fajr 5:00am Sunrise 6:23am
  • ISB: Fajr 5:07am Sunrise 6:31am
  • KHI: Fajr 5:25am Sunrise 6:42am
  • LHR: Fajr 5:00am Sunrise 6:23am
  • ISB: Fajr 5:07am Sunrise 6:31am

کورونا کیسز میں اضافے کے باوجود اسلام آباد میں لائیو کنسرٹ پر مہوش حیات برہم

شائع March 15, 2021
ویڈیو میں دیکھا جائے تو کنسرٹ میں سماجی فاصلے اور کورونا ایس او پیز کو یکسر نظر انداز کیا گیا ہے— فائل فوٹو: انسٹاگرام
ویڈیو میں دیکھا جائے تو کنسرٹ میں سماجی فاصلے اور کورونا ایس او پیز کو یکسر نظر انداز کیا گیا ہے— فائل فوٹو: انسٹاگرام

گزشتہ ہفتے حکومتِ پاکستان نے ملک میں کورونا وائرس کی تیسری لہر کی تصدیق کی تھی جبکہ عالمی وبا کے کیسز میں اضافے کو مدنظر رکھتے ہوئے ملک کے 9 شہروں میں آج (15 مارچ) سے تعلیمی ادارے بھی بند کردیے گئے ہیں۔

وفاقی حکومت نے جن شہروں کے تعلیمی ادارے بند کرنے کا اعلان کیا ان میں فیصل آباد، گوجرانوالہ، لاہور، گجرات، راولپنڈی، سیالکوٹ، ملتان، اسلام آباد اور پشاور شامل ہیں۔

علاوہ ازیں پاکستان میں مسلسل پانچویں روز کورونا وائرس کے 2 ہزار سے زائد کیسز کی تصدیق ہوئی ہے۔

مزید پڑھیں: کورونا وائرس کی تیسری لہر: پنجاب کے 7 شہروں میں پیر سے دوبارہ 'لاک ڈاؤن' کا اعلان

تاہم ملک میں کورونا وائرس کی تیسری لہر کی تصدیق اور کیسز میں اضافے کے باوجود اسلام آباد میں 'ٹیسٹ ٹیسٹ' (Taste Test) کے نام سے 3 روزہ کلنری اور میوزیکل ایونٹ منعقد کیا گیا۔

اسلام آباد میں منعقد ہونے والے اس ایونٹ میں موسیقاروں اور معروف شخصیات نے پرفارم بھی کیا۔

سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ویڈیو میں دیکھا جائے تو کنسرٹ میں سماجی فاصلے اور کورونا ایس او پیز کو یکسر نظر انداز کیا گیا ہے۔

کورونا وائرس کے بڑھتے ہوئے کیسز کے باوجود ایونٹ کے انعقاد پر اداکارہ مہوش حیات کی جانب سے اظہارِ برہمی کیا گیا ہے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر کی گئی ٹوئٹ میں مہوش حیات نے کہا کہ 'یہ انتہائی مایوس کن ہے'۔

مہوش حیات نے لکھا کہ اتنے زیادہ لوگوں کے ساتھ لائیو کنسرٹ کرنا مایوس کن ہے جبکہ ہم ابھی تک کورونا فری نہیں ہوئے۔

یہ بھی پڑھیں: کورونا کیسز میں اضافہ: سندھ میں 15 اپریل تک نئی پابندیوں کا اعلان

اداکارہ نے مزید لکھا کہ 'کیسز دوبارہ بڑھ رہے ہیں اور ہمیں وائرس کی تیسری مہلک لہر کا سامنا ہے، لہذا ذمہ داری کا مظاہرہ کریں'۔

خیال رہے کہ 2 روز قبل حکومتِ پنجاب نے کورونا وائرس کی تیسری لہر کے پیشِ نظر صوبے کے 7 سب سے زیادہ کیسز والے شہروں میں لاک ڈاؤن لگا کر عوام کی نقل و حرکت محدود کرنے کا اعلان کیا۔

دوسری جانب نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) کی ہدایات کو مدنظر رکھتے ہوئے حکومتِ سندھ نے 15 اپریل تک تمام کاروبار، شاپنگ مال اور شادی ہال رات 10 بجے تک بند کرنے کا حکم دے دیا ہے۔

کارٹون

کارٹون : 5 نومبر 2024
کارٹون : 4 نومبر 2024