• KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm
  • KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm

سیاحت کے فروغ کے لیے پی آئی اے کا سوات تک پروازیں چلانے کا فیصلہ

شائع March 15, 2021
ملک میں موجود 44 ایئرپورٹس میں سے 6 غیر فعال ہیں، سی اے اے—فائل فوٹو: اے ایف پی
ملک میں موجود 44 ایئرپورٹس میں سے 6 غیر فعال ہیں، سی اے اے—فائل فوٹو: اے ایف پی

راولپنڈی: سیاحت کے فروغ کے لیے پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز (پی آئی اے) نے سوات، اسکردو اور گلگت تک پروازیں چلانے کا فیصلہ کرلیا۔

سوات میں موجود سیدو شریف ایئرپورٹ کو 2004 میں سیکیورٹی وجوہات کی بنا پر غیر فعال کردیا گیا تھا تاہم اب جلد ہی سول ایوی ایشن اتھارٹی (سی اے اے) کی جانب سے اسے اپ گریڈ کیے جانے کے بعد اسے فعال کردیا جائے گا۔

پی آئی اے کے ترجمان عبداللہ حفیظ نے اس حوالے سے بتایا کہ قومی ایئرلائن کی جانب سے اگلے ماہ سے اسلام آباد سے سیدو شریف تک ہفتہ وار دو پروازیں چلانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

انہوں نے یہ بھی بتایا کہ پی آئی اے نے اگلے ماہ سے ہی لاہور سے اسکردو اور لاہور سے گلگت تک بھی پروازیں چلانے کا فیصلہ کیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: سیاحت کا فروغ: وزیراعظم نے اعلیٰ سطح کمیٹی تشکیل دے دی

ترجمان کے مطابق سی اے اے انتظامیہ کو پی آئی اے کے فیصلے سے پہلے ہی آگاہ کیا گیا تھا اور جیسے ہی ایئرپورٹ پر بحالی کا کام مکمل ہوجائے گا، قومی ایئرلائن پروازوں کے شیڈول کا اعلان کردے گی۔

اس ضمن میں سی اے اے کے سینئر عہدیدار نے بتایا کہ سیدو شریف ایئرپورٹ پر کچھ تعمیراتی کام شروع کیا گیا تھا، جسے اب مکمل کرلیا گیا۔

خیال رہے کہ پاکستان بھر میں موجود 44 ایئرپورٹس میں سے 27 ایئرپورٹس مکمل طور پر فعال ہیں، جب کہ 6 ایئرپورٹس غیر فعال اور 11 ایئرپورٹس بند ہیں۔

سی اے اے کے مطابق غیر فعال ایئرپورٹس میں سرگودھا اور بنوں ایئرپورٹ بھی شامل ہیں۔

سرگودھا ایئرپورٹ پر سی اے اے کا کوئی اسٹاف تعینات نہیں ہے مگر اسے پی اے ایف بیس مشف کا اسٹاف دیکھ رہا ہے جب کہ بنوں ایئرپورٹ کو 2002 میں اس وقت غیر فعال کردیا گیا تھا جب وہاں مسافروں کی آمد و رفت انتہائی کم ہوگئی تھی۔

تاہم مذکورہ دونوں ایئرپورٹس کو فوری طور پر فعال کرنے کی کوئی منصوبہ بندی نہیں ہے۔

ملک میں موجود دیگر عارضی طور پر غیر فعال ایئرپورٹس میں خضدار، مظفرآباد، بالاکوٹ، بنوں، پاراچنار اور سیدو شریف ایئرپورٹ شامل ہیں۔

مستقل طور پر غیر فعال ایئرپورٹس میں جیوانی پی این، ارماڑا، سبی، منگلا، کوہاٹ، بھگتانوالا، میانوالی، سیوہن شریف، میرپور خاص، تلہار اور جیکب آباد ایئرپورٹ شامل ہیں۔

مزید پڑھیں: پاکستانی سیاحت پر کورونا بحران کے بڑھتے سائے

اس وقت ملک بھر میں 12 انٹرنیشنل ایئرپورٹس فعال ہیں، جن میں جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ کراچی، علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ لاہور، اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ اسلام آباد، باچا خان انٹرنیشنل ایئرپورٹ پشاور، کوئٹہ انٹرنیشنل ایئرپورٹ، ملتان انٹرنیشنل ایئرپورٹ، فیصل آباد، رحیم یار خان، تربت، گوادر، اولڈ بینظیر بھٹو انٹرنیشنل ایئرپورٹ اور سیالکوٹ چیمبر آف کامرس کی جانب سے تعمیر کردہ سیالکوٹ انٹرنیشنل ایئرپورٹ شامل ہیں۔

سی اے اے کے مطابق اگر ملک میں موجود عارضی غیر فعال اور مستقل غیر فعال ایئرپورٹس کے مقامات پر لوگوں کی آمد و رفت میں اضافہ دیکھنے میں آتا ہے تو مذکورہ ایئرپورٹس کو 90 دن کے اندر فعال بنایا جا سکتا ہے۔

اس وقت میں ملک میں موجود 44 میں سے 12 ایئرپورٹس عالمی جب کہ 15 ایئرپورٹس مقامی پروازیں کے لیے فعال ہیں۔


یہ رپورٹ 15 مارچ 2021 کو ڈان میں شائع ہوئی

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024