• KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:10pm
  • LHR: Maghrib 5:04pm Isha 6:31pm
  • ISB: Maghrib 5:04pm Isha 6:33pm
  • KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:10pm
  • LHR: Maghrib 5:04pm Isha 6:31pm
  • ISB: Maghrib 5:04pm Isha 6:33pm

کورونا وائرس کی تیسری لہر: پنجاب کے 7 شہروں میں پیر سے دوبارہ 'لاک ڈاؤن' کا اعلان

شائع March 14, 2021
حکومت پنجاب نے ان 7 شہروں میں کووڈ 19 کے کیسز میں بڑے اضافے کے باعث لاک ڈاؤن لگایا ہے—فائل فوٹو: اے ایف پی
حکومت پنجاب نے ان 7 شہروں میں کووڈ 19 کے کیسز میں بڑے اضافے کے باعث لاک ڈاؤن لگایا ہے—فائل فوٹو: اے ایف پی

حکومتِ پنجاب نے کورونا وائرس کی تیسری لہر کے پیشِ نظر صوبے کے 7 سب سے زیادہ کیسز والے شہروں میں لاک ڈاؤن لگا کر عوام کی نقل و حرکت محدود کرنے کا اعلان کردیا ہے۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق ایک سال کے عرصے کے بعد لگایا جانے والا مکمل لاک ڈاؤن 7 شہروں میں پیر سے نافذ ہوگا اور 2 ہفتوں تک جاری رہے گا۔

اس سے قبل وائرس کی پہلی لہر کے دوران حکومت نے مارچ 2020 میں صوبے بھر میں مکمل لاک ڈاؤن لگایا تھا۔

یہ بھی پڑھیں:کورونا کیسز میں اضافہ: این سی او سی کا پنجاب، خیبر پختونخوا میں لاک ڈاؤن میں توسیع پر غور

حکومت پنجاب نے ان 7 شہروں میں کووڈ 19 کے کیسز میں اضافے کے باعث لاک ڈاؤن لگایا ہے جس کی وجہ کورونا وائرس کی برطانوی قسم کے پھیلاؤ کو قرار دیا جارہا ہے۔

اس ضمن میں جاری کردہ نوٹفکیشن میں پنجاب پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیئر ڈپارٹمنٹ کا کہنا تھا کہ لاہور، راولپنڈی، سرگودھا، فیصل آباد، ملتان، گوجرانوالہ اور گجرات میں مکمل لاک ڈاؤن لگاتے ہوئے ان اضلاع کے اندر اور باہر عوام کی نقل و حمل محدود کردی گئی ہے۔

نوٹیفکیشن کے مطابق اس دوران ہر قسم کی سماجی، مذہبی یا کسی بھی مقصد کے لیے اجتماع پر پابندی ہوگی جبکہ ان شہروں میں ہر طرح کے شادی ہالز، بینکوئٹس، کمیونٹی مراکز اور مارکیز بھی بند رہیں گے۔

علاوہ ازیں مذکورہ بالا 7 شہروں میں انِ ڈور ہر قسم کے اجتماع پر مکمل پابندی عائد ہوگی جبکہ آؤٹ ڈور ہونے والے اجتماع میں زیادہ سے زیادہ 50 افراد کو شرکت کی اجازت ہوگی۔

مزید پڑھیں: پاکستان میں کورونا وائرس کی نئی لہر آچکی ہے، ڈاکٹر فیصل سلطان

حکومت کا کہنا تھا کہ ریسٹونٹس کے اندر اور باہر بیٹھ کر کھانے پر مکمل پابندی ہوگی البتہ صرف کھانا خرید کر لے جانے یا منگوانے کی اجازت ہوگی۔

ان 7 شہروں کے علاوہ صوبے بھر میں آوٹ ڈور ہونے والے اجتماع میں زیادہ سے زیادہ 300 افراد شریک ہوسکیں گے اور تقریب کے لیے مختص دورانیہ 2 گھنٹے ہے۔

نوٹیفکیشن میں کہا گیا کہ 'صوبے بھر میں ہر قسم کے کھیلوں کی، ثقافتی اور دیگر طرح کی سرگرمیوں پر بھی پابندی عائد ہوگی'۔

محکمہ صحت کے حکام کا کہنا تھا کہ لاک ڈاؤن وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کی منظوری سے لگایا گیا ہے۔

اس فیصلے کے تحت تمام کاروباری سرگرمیاں، ادارے اور بازار پیر تا جمعہ 6 بجے بند ہوجائیں گے جبکہ ہفتہ اور اتوار کے روز مکمل بند رہیں گے۔

یہ بھی پڑھیں: پنجاب کے 4 شہروں میں کورونا کی نئی قسم کا وائرس موجود ہے، حکام

تاہم تمام طبی خدمات، فارمیسیز، میڈیکل اسٹورز، بیکریاں، جنرل اسٹورز، دودھ/گوشت/چکن کی دکانیں، تندور، پھل، سبزیاں، کوریئر سروسز، ڈرائیوروں کے ہوٹلز، پیٹرول پمپس وغیرہ ان پابندیوں سے مستثنیٰ ہوں گے۔

صوبے میں تمام تفریحی پارکس شام 6 بجے بند ہوں گے، سرکاری و نجی دفاتر میں 50 فیصد حاضری اور 50 فیصد گھر سے کام کی پالیسی اپنائی جائے گی۔

نوٹیفکیشن کے مطابق صوبے بھر میں تمام مزارات اور سینما بند رہیں گے تاہم صنعتی سرگرمیوں کو ان پابندیوں سے استثنیٰ حاصل ہوگا۔

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2024
کارٹون : 21 دسمبر 2024