• KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am
  • KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am

راولپنڈی: ایس ایچ او قتل کیس میں مطلوب ملزم ہلاک ہوگیا، پولیس

شائع March 13, 2021
پولیس انسپکٹر کو گزشتہ ہفتے قتل کردیا گیا تھا—
پولیس انسپکٹر کو گزشتہ ہفتے قتل کردیا گیا تھا—

راولپنڈی: پولیس نے ایک مقابلے میں اسٹیشن ہاؤس افسر (ایس ایچ او) ریس ہارس انسپکٹر عمران عباس کے قتل میں مطلوب ملزمان میں سے ایک کے ہلاک ہونے کا دعویٰ کردیا جبکہ ملزم کے بھائی کو بھی گرفتار کرلیا گیا۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق ’مقابلے‘ سے متعلق درج کی گئی ایف آئی آر میں مرکزی ملزم کی ہلاکت کا کوئی ذکر نہیں تاہم پولیس کے جاری کردہ ایک بیان میں دعویٰ کیا گیا کہ ملزم پولیس کے ساتھ مقابلے کے دوران ہلاک ہوا۔

پولیس ترجمان کا کہنا تھا کہ ایس ایچ او کا مشتبہ قاتل رینٹ اے کار کاروبار کے مالکان کے ساتھ دھوکا دہی میں ملوث تھا اور کلر سیداں پولیس کو مطلوب تھا۔

انہوں نے کہا کہ ملزمان جو موٹرسائیکلوں پر تھے انہوں نے پولیس ٹیم پر فائرنگ کی جس پر پولیس نے جواب دیا اور ان میں سے ایک ملزم ہلاک ہوگیا۔

مزید پڑھیں: راولپنڈی: نامعلوم افراد کی فائرنگ سے ایس ایچ او جاں بحق

ترجمان کا کہنا تھا کہ ملزمان کرائے کی کاریں استعمال کرتے تھے لیکن انہیں واپس ان کے مالکان کو نہیں دیتے تھے۔

ان کا کہنا تھا کہ ایس ایچ او عمران عباس نے کئی گاڑیاں برآمد کرکے ان کے مالکان کو واپس کی تھیں۔

ساتھ ہی انہوں نے بتایا کہ مرکزی ملزم کے دیگر ساتھیوں کو بھی گرفتار کرلیا جائے گا۔

تاہم ایس ایچ او سول لائنز کی شکایت پر اقدام قتل، پولیس سے مزاحمت اور غیرقانونی اسلحہ رکھنے کے الزام میں سول لائنز پولیس نے ملزمان اور پولیس کے درمیان مقابلے کی ایف آئی آر درج کرلی، مزید یہ کہ مرکزی ملزم کے ساتھی کی گرفتاری کے لیے تلاش شروع کردی گئی۔

ایس ایچ او سول لائنز راجا احسن تنویر کیانی کا کہنا تھا کہ وہ شیرزمان کالونی میں ایک مقام پر اپنی ٹیم کے ہمراہ کھڑے تھے کہ جب صبح 5 بجکر 10 منٹ کے قریب تلسہ روڈ سے شیر زمان کالونی کی طرف 2 موٹرسائیکلوں پر 4 افراد آئے۔

انہوں نے ایف آئی آر میں بتایا کہ پولیس کو دیکھ کر موٹرسائیکل سوار رکے اور اپنی پستولیں نکال کر پولیس ٹیم پر فائرنگ کردی، پولیس کی جانب سے ملزمان کو بھاگنے پر مجبور کرنے کے لیے ہوائی فائرنگ کی گئی۔

بعد ازاں جب بندوقوں کی آوازیں بند ہوئیں تو پولیس نے علاقے میں تلاشی کا عمل شروع کیا اور اسے سڑک پر ایک ملزم زخمی حالت میں ملا جس کے ہاتھ میں ایک پستول تھی۔

انہوں نے کہا کہ تلاشی کے دوران پولیس نے ملزم سے ایک سی این آئی سی، 800 روپے اور 10 گولیاں برآمد کیں، زخمی شخص کی شناخت شاہد امجد کے نام سے ہوئی جو دھامیال کا رہائشی ہے اور اسے ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹرز ہسپتال منتقل کردیا گیا۔

یہ بھی پڑھیں: اسلام آباد: نامعلوم افراد کی فائرنگ سے 2 پولیس اہلکار جاں بحق

ان کا کہنا تھا کہ ایک اور شخص قریبی جھاڑیوں میں چھپ گیا تھا جو موقع پر سامنے آیا اور اس کی شناخت محمد ناصر کے نام سے ہوئی۔

پولیس کا دعویٰ ہے کہ ناصر نے پولیس کو بتایا کہ ان کا بھائی امجد ان کے ساتھی زاہد کی فائرنگ سے زخمی ہوگیا تھا جبکہ زاہد دوسرے شخص کے ساتھ فرار ہوگیا تھا۔

یاد رہے کہ 7 مارچ کو راولپنڈی کے علاقے تھانہ سول لائنز میں مسلح موٹرسائیکل سواروں کی فائرنگ سے ایس ایچ او ریس کورس انسپکٹر میاں عمران جاں بحق ہوگئے تھے۔

پولیس نے بتایا تھا کہ تھانہ سول لائنز کے علاقے میں ایکسائز آفس کے قریب موٹر سائیکل سواروں نے فائرنگ کی، جس سے انسپکٹر عمران کی گردن پر گولی لگی جو جان لیوا ثابت ہوئی تھی۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024