دنیا کی تباہی اور اسے بچانے کے موضوع پر پہلی بولی وڈ فلم بنانے کی تیاریاں
بھارت کو دنیا کی سب سے بڑی فلم انڈسٹری رکھنے کا درجہ حاصل ہے، تاہم وہاں پر اچھوتے موضوعات پر فلمیں بنانے کی کمی ہے اور اس پر بولی وڈ کو تنقید کا نشانہ بھی بنایا جاتا ہے۔
عام طور پر بولی وڈ کی جو چند اچھی فلمیں ہوتی ہیں، وہ بھی اتفاق سے کسی نہ کسی ہولی وڈ، پاکستانی، چینی اور خود بھارت کی دوسری زبانوں میں بننے والی فلموں کا چربہ ہوتی ہیں۔
اور اب اسی طرح بولی وڈ میں پہلی بار دنیا کی تباہی اور اسے بچانے کے موضوع پر فلم بنائی جائے گی اور اس موضوع پر ہولی وڈ میں متعدد فلمیں بنائی جا چکی ہیں۔
جی ہاں، خبریں ہیں کہ فلم ساز ناگ اشون ریڈی ایک ایسی فلم بنانے جا رہے ہیں جو نہ صرف اچھوتے موضوع پر ہوگی بلکہ اس میں بھارتی فلم انڈسٹری کے بڑے اداکار بھی کاسٹ کیے جائیں گے۔
شوبز ویب سائٹ پنک ولا کے مطابق ناگ اشون ریڈی دنیا کی تباہی اور اسے بچانے کے موضوع پر پہلی بار ایک ہندی فلم بنانے جا رہے ہیں اور اس موضوع پر بولی وڈ میں یہ پہلی فلم ہوگی۔
رپورٹ میں بتایا گیا کہ اگرچہ تاحال فلم کا نام بھی نہیں رکھا گیا اور تاحال فلم کی مکمل کاسٹ سے متعلق بھی کوئی حتمی فیصلہ نہیں ہوسکا، تاہم اب تک آنے والی اطلاعات کے مطابق اس میں مہنگے اور بڑے اداکاروں کو کاسٹ کیا جائے گا۔ آنے والی مذکورہ فلم کے حوالے سے بھارتی اداکار پربھاس نے ایک ویڈیو بھی شیئر کی، جس میں امیتابھ بچن کا ذکر ہے، تاہم انہوں نے اپنی پوسٹ میں دپیکا پڈوکون اور دوسرے اداکاروں کو بھی مینشن کیا، جس سے عندیہ ملتا ہے کہ دپیکا بھی فلم کی کاسٹ میں شامل ہے۔
پنک ولا نے اپنی رپورٹ میں ذرائع سے بتایا کہ دنیا کی تباہی اور اسے بچانے کی کوشش کرنے کی کہانی پر مبنی مذکورہ فلم کی شوٹنگ رواں برس جولائی میں شروع کیے جانے کا امکان ہے۔
رپورٹ میں ذرائع سے بتایا گیا کہ فلم میں امیتابھ بچن اور پربھاس سمیت دپیکا پڈوکون اور دوسرے مہنگے اداکار بھی شامل ہیں۔
رپورٹ میں بتایا گیا کہ مذکورہ فلم کی خاص بات یہ ہوگی کہ اس کے افیکٹس اور اینیمیشن سمیت دیگر تکنیکی کام ہولی وڈ کی ٹیم ادا کرے گی اور ممکنہ طور پر فلم کے لیے تکنیکی معاونت ہولی وڈ فلم ’اوینجرز: اینڈ گیم‘ کی ٹیم فراہم کرے گی۔
خیال کیا جا رہا ہے کہ مذکورہ فلم میں دیگر بڑے اداکاروں کو کاسٹ کیے جانے اور اس کے نام کے حوالے سے آئندہ چند ہفتوں میں اعلان کردیا جائے گا اور اسے 2022 کے آخر تک ریلیز کیا جائے گا۔