• KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm
  • KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm

پاکستان میں مسلسل تیسرے روز کورونا کیسز کی یومیہ تعداد 2 ہزار سے زائد

شائع March 13, 2021
ملک میں کورونا کیسز میں اضافہ ہوا ہے—فائل فوٹو: ڈان آرکائیو
ملک میں کورونا کیسز میں اضافہ ہوا ہے—فائل فوٹو: ڈان آرکائیو

پاکستان میں کورونا وائرس کی صورتحال بہتر ہونے کے بعد ایک مرتبہ پھر یہ وائرس دوبارہ تیزی سے پھیلنے لگا ہے اور اس کی نئی قسم کے باعث مختلف شہروں میں مختلف پابندیاں عائد کردی گئی ہیں۔

ملک میں کچھ روز قبل تک اگرچہ کورونا صورتحال بہتر تھی اور یومیہ کیسز اور اموات میں کمی دیکھی جارہی تھی تاہم کچھ روز سے اس میں ایک مرتبہ پھر اضافہ دیکھا گیا ہے اور مسلسل تیسرے روز کیسز کی یومیہ تعداد 2 ہزار سے تجاوز کرگئی ہے۔

اس وائرس کے پھیلاؤ کو دیکھتے ہوئے حکومت نے جہاں مختلف پابندیاں دوبارہ عائد کردی وہیں مختلف شہروں میں تعلیمی اداروں کو بھی 15 مارچ سے 28 مارچ تک بند کرنے کا اعلان کردیا۔

اس کے علاوہ صوبہ پنجاب کے دارالحکومت لاہور سمیت مختلف شہروں میں شادی کی تقریبات، کھیلوں کی سرگرمیاں اور جلسوں پر دو ہفتے کی پابندی بھی لگادی گئی ہے۔

وہی اگر کورونا وائرس کی یومیہ صورتحال کو دیکھیں تو سرکاری اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں میں 2 ہزار 338 افراد کورونا وائرس سے متاثر ہوئے جبکہ 46 افراد زندگی کی بازی ہار گئے۔

تاہم ایک ہزار 231 وہ خوش نصیب تھے جو اس بیماری سے صحتیاب ہوئے جس کے بعد فعال کیسز کی مجموعی تعداد 19 ہزار 764 ہوگئی۔

اس طرح ملک میں اب تک مجموعی کیسز کی تعداد 6 لاکھ 2 ہزار 536 ہوگئی ہے جس میں سے 5 لاکھ 69 ہزار 296 صحتیاب ہوئے ہیں جبکہ 13 ہزار 476 کا انتقال بھی ہوا ہے۔

واضح رہے کہ ملک میں کورونا وائرس کا پہلا کیس 26 فروری 2020 کو رپورٹ ہوا تھا، جس کے بعد ملک میں تعلیمی اداروں کی بندش کے ساتھ ساتھ مختلف پابندیوں اور لاک ڈاؤن کے نفاذ اور ہٹانے کا سلسلہ جاری رہا۔

این سی او سی کی جانب سے 15 مارچ سے انِڈور شادیوں، ڈائننگ اور سینما گھروں پر پابندی ہٹانے کا فیصلہ کیا گیا تھا جسے وبا کی صورتحال کے باعث واپس لے لیا گیا جبکہ 9 شہروں کے تعلیمی اداروں میں 15 سے 28 مارچ تک تعطیلات دے دی گئی تھیں۔

اگر آج 13 مارچ کو دیکھیں تو پاکستان کے چاروں صوبوں اور وفاقی اکائیوں میں وائرس کی صورتحال کچھ یوں ہے:

سندھ

سندھ جو اس وبا سے سب سے زیادہ متاثر ہونے والا صوبہ ہے وہاں وائرس نے مزید 298 افراد کو متاثر کیا جبکہ ایک مریض انتقال کرگیا۔

اس طرح سندھ میں وائرس کے اب تک رپورٹ ہونے والے کیسز کی تعداد 2 لاکھ 60 ہزار 959 ہوگئی اور اموات 4 ہزار 453 تک پہنچ گئیں۔

پنجاب

پنجاب وائرس سے سندھ کے مقابلے میں نسبتاً کم متاثر ہوا ہے تاہم گزشتہ کئی روز سے یہاں انفیکشن کی صورتحال بگڑتی جارہی ہے اور 24 گھنٹوں میں پنجاب میں ایک ہزار 239 کیسز رپورٹ ہوئے جبکہ 34 مریض انتقال کر گئے۔

اس طرح پنجاب میں مجموعی کیسز کی تعداد ایک لاکھ 83 ہزار 815 اور اموات 5 ہزار 732 ہوگئیں۔

خیبرپختونخوا

ادھر خیبرپختونخوا میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران عالمی وبا کے 305 نئے کیسز اور 9 اموات رپورٹ ہوئیں۔

اس طرح سامنے آنے والے ان اعداد و شمار کے بعد وہاں کیسز کی مجموعی تعداد 75 ہزار 357 اور اموات 2 ہزار 147 تک پہنچ گئیں۔

بلوچستان

رقبے کے لحاظ سے ملک کے سب سے بڑے صوبے بلوچستان میں کورونا کی صورتحال قدرے بہتر تھی لیکن گزشتہ 24 گھنٹوں میں وہاں 17 نئے کیسز سامنے آئے۔

اس طرح وہاں مجموعی کیسز کی تعداد 19 ہزار 188 ہوگئی جبکہ اموات کی تعداد 202 پر برقرار ہے۔

اسلام آباد

ملک کے وفاقی دارالحکومت میں عالمی وبا کے 402 نئے کیسز کی تصدیق ہوئی اور مزید 2 مریض انتقال کر گئے۔

یوں اسلام آباد میں مجموعی کیسز 47 ہزار 365 تک پہنچ گئے اور اموات 522 ہو گئیں۔

آزاد کشمیر

اسی طرح آزاد کشمیر میں وائرس کے پھیلاؤ میں تیزی دیکھنے میں آئی اور مزید 76 افراد اس سے متاثر ہوئے جبکہ کسی مریض کا انتقال نہیں ہوا۔

آزاد کشمیر میں کورونا متاثرین کی تعداد 10 ہزار 892 ہوگئی جبکہ مرنے والوں کی تعداد 317 پر برقرار ہے۔

گلگت بلتستان

گلگت بلتستان کی حکومت خطے کو کورونا فری قرار دے چکی ہے اور وہاں گزشتہ 24 گھنٹوں میں صرف ایک کیس رپورٹ ہوا ہے جبکہ کوئی موت واقعہ نہیں ہوئی۔

اس علاقے میں کورونا کے مجموعی طور پر 4 ہزار 960 کیسز رپورٹ ہوچکے ہیں جبکہ 103 افراد کا انتقال ہوا ہے۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024