• KHI: Asr 4:07pm Maghrib 5:43pm
  • LHR: Asr 3:24pm Maghrib 5:01pm
  • ISB: Asr 3:24pm Maghrib 5:01pm
  • KHI: Asr 4:07pm Maghrib 5:43pm
  • LHR: Asr 3:24pm Maghrib 5:01pm
  • ISB: Asr 3:24pm Maghrib 5:01pm

پی سی بی کا پی ایس ایل 6 کے بقیہ میچز جون میں کرانے کا فیصلہ

شائع March 11, 2021
پی ایس ایل 6 کے میچز کورونا کے باعث ملتوی ہوگئے تھے—فوٹو: پی ایس ایل ویب سائٹ
پی ایس ایل 6 کے میچز کورونا کے باعث ملتوی ہوگئے تھے—فوٹو: پی ایس ایل ویب سائٹ

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے پاکستان سپرلیگ (پی ایس ایل) کی ٹیموں کے مالکان سے مشاورت کے بعد کورونا وائرس کے کیسز کے باعث ملتوی ہونے والے رواں سیزن کے بقیہ 20 میچز جون میں کراچی میں منعقد کرانے کا فیصلہ کرلیا۔

پی سی بی کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق پی سی اور پی ایس ایل فرنچائز مالکان کا ورچوئل اجلاس ہوا جہاں مختلف ونڈوز پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

مزید پڑھیں: کورونا کیسز کے باعث 'پاکستان سپر لیگ 6' ملتوی

اجلاس میں مارچ یا اپریل میں میچز کے انعقاد پر بھی غور کیا گیا تاہم فیصلہ ہوا کہ جنوبی افریقہ کا دورہ شیڈول کے مطابق ہوگا اور جون میں دستیاب موقع پر بقیہ میچز کروائے جائیں گے۔

اجلاس میں پی ایس ایل 2021 کے ملتوی تمام 20 میچز کراچی میں منعقد کرنے پر بھی اتفاق کیا گیا۔

پی سی بی کے اعلامیے کے مطابق قومی کرکٹ ٹیم کی مئی، اپریل اور اگست، ستمبر میں بین الاقوامی مصروفیات کے باعث جون کی ونڈو کو ایونٹ کے لیے سب سے موزوں قرار دیاگیا۔

بیان میں کہا گیا کہ ایونٹ کے بقیہ 20 میچز اب قومی کرکٹ ٹیم کی 13 مئی کو زمبابوے سے واپسی اور 26 جون کو انگلینڈ روانگی کے درمیان دستیاب وقت میں شیڈول کیے جائیں گے۔

بورڈ کے مطابق پی سی بی کی انتظامیہ اب ایونٹ کے بقیہ میچوں سے متعلق آپریشنل اور لاجسٹک انتظامات کا جائزہ لینے کے بعد فرنچائز مالکان اور دیگر اسٹیک ہولڈرز سے رابطہ کرے گا۔

یاد رہے کہ پی سی بی نے 4 مارچ کو پی ایس ایل میں شامل مزید 7 کھلاڑیوں میں کورونا وائرس کی نشان دہی پر لیگ کے بقیہ میچز غیر معینہ مدت تک ملتوی کرنے کا اعلان کیا تھا۔

پی سی بی نے کہا تھا کہ پی سی بی اور ٹیموں کے مالکان کے درمیان منعقدہ ایک ورچوئل اجلاس کے بعد بورڈ نے پی ایس ایل 6 کو فوری طور پر ملتوی کردیا ہے۔

اعلامیے میں بتایا گیا تھا کہ پی سی بی اب فوری طور پر تمام 6 ٹیموں کے شرکا کی پی سی آر ٹیسٹنگ، کورونا ویکسین اور آئسولیشن سہولیات کے لیے اقدامات کرے گا۔

یہ بھی پڑھیں: پی ایس ایل میں ایس او پیز سے متعلق خامیوں کی تحقیقات کیلئے پینل تشکیل

بعد ازاں پی سی بی کے چیف ایگزیکٹو وسیم خان نے کہا تھا کہ پی ایس ایل 6 کو مناسب تاریخ پر گزشتہ سیزن کی طرح مکمل کیا جائے گا۔

کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وسیم خان نے کہا تھا کہ پی ایس ایل کے چھٹے سیزن کے التوا کی تصدیق کرتا ہوں کہ پی ایس ایل 6، نئی تاریخوں کے سامنے آنے تک ملتوی کردی گئی ہے اور یہ دن ہمارے لیے بڑا سخت ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ہمارے ساتھ ساتھ کرکٹ کے شائقین، اسٹیک ہولڈرز، پاکستان کرکٹ کے عالمی سطح پر مداح، تمام کھلاڑی اور آفیشلز جو پی ایس ایل سے منسلک تھے سب کے لیے یہ مشکل دن ہے۔

کارٹون

کارٹون : 22 نومبر 2024
کارٹون : 21 نومبر 2024