• KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:10pm
  • LHR: Maghrib 5:04pm Isha 6:31pm
  • ISB: Maghrib 5:04pm Isha 6:33pm
  • KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:10pm
  • LHR: Maghrib 5:04pm Isha 6:31pm
  • ISB: Maghrib 5:04pm Isha 6:33pm

اقربا پروری ہر انڈسٹری میں موجود ہے، شہریار منور

شائع March 11, 2021
روزانہ ساڑھے 6 گھنٹے موبائل استعمال کرتا ہوں، اداکار—اسکرین شاٹ
روزانہ ساڑھے 6 گھنٹے موبائل استعمال کرتا ہوں، اداکار—اسکرین شاٹ

اداکارہ شہریار منور کا کہنا ہے کہ اقربا پروری دنیا کی ہر انڈسٹری میں موجود ہے لیکن میڈیا انڈسٹری کے اہم ہونے کی وجہ سے لوگوں کو لگتا ہے کہ یہ صرف میڈیا میں موجود ہے۔

اے آر وائے کے شو ’ گھبرانا نہیں ہے‘ میں میزبان واسع چوہدری سے بات کرتے ہوئے شہریار منور نے اقربا پروری سمیت سوشل میڈیا رجحانات اور کیریئر پر بھی کھل کر بات کی۔

شہریار منور نے پروگرام میں انکشاف کیا کہ 2019 کی رومانٹک کامیڈی فلم ’پرے ہٹ لو‘ میں ابتدائی طور پر مرکزی کردار کے لیے کاسٹ نہیں کیا گیا تھا اور صرف فلم کے پروڈیوسر تھے تاہم پھر ہدایت کار عاصم رضا نے انہیں ہی مرکزی کردار دیا۔

شہریار منور نے بتایا کہ اسی طرح وہ اور ماہرہ خان ’سات دن محبت ان‘ میں بھی ایک دوسرے کی جوڑی کا کردار ادا نہیں کرنا تھا مگر بعد ازاں آخری وقت میں ان دونوں کو جوڑی کے طور پر کاسٹ کیا گیا۔

انہوں نے اعتراف کیا کہ وہ شروع سے ہی اداکاری کے بجائے ہدایت کار یا پروڈیوسر بننا چاہتے تھے مگر وہ اداکار بن گئے۔

انہوں نے بتایا کہ ان کی پھوپھو پاکستان ٹیلی وژن (پی ٹی وی) پر ڈراما پروڈیوسر و ہدایت کار تھیں، اسی وجہ سے وہ بھی ہدایت کار یا پروڈیوسر بننا چاہتے تھے۔

شہریار منور نے بتایا کہ بعد ازاں دوران تعلیم انہوں نے ایڈورٹائزنگ کی فیلڈ میں بھی بطور ہدایت کار جانے کا سوچا مگر پھر وہ اداکار بن گئے۔

ایک سوال کے جواب میں شہریار منور نے بتایا کہ وہ روزانہ ساڑھے 6 گھنٹے تک موبائل فون استعمال کرتے ہیں اور سوشل میڈیا پر وہ مذہب اور سیاست سمیت متنازع معاملات پر بات کرنے سے گریز کرتے ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ وہ ٹوئٹر پر اس لیے متحرک نہیں، کیوں کہ وہاں پر زیادہ تر لوگ اپنے نظریات شیئر کرتے ہیں اور نظریات شیئر کرنا ان کی عادت نہیں۔

شہریار منور نے اس بات پر تعجب کا اظہار کیا کہ پاکستان میں ’پب جی‘ گیم جیسی چیزوں کو غلط سمجھ کر بند تو کیا جاتا ہے مگر ہراسانی اور بلیک میلنگ کو جرم نہیں بنایا جاتا۔

ایک سوال کے جواب میں شہریار منور نے بتایا کہ ایسا بلکل نہیں ہے کہ اقربا پروری صرف میڈیا انڈسٹری میں موجود ہے۔

انہوں نے دلیل دی کہ چوں کہ میڈیا انڈسٹری کی اہمیت ہے، اس لیے لوگوں کو صرف اسی شعبے میں اقربا پروری نظر آتی ہے مگر حقیقت یہ ہے کہ دنیا کی ہر انڈسٹری میں اقربا پروری موجود ہے۔

پروگرام کے ایک سیگمنٹ میں شہریار منور نے اداکارہ ماہرہ خان، مہوش حیات عائشہ عمر اور مایا علی کو موبائل میسیج بھیجا کہ وہ آج کل تنہا ہیں کیا مذکورہ اداکارائیں بھی تنہا ہیں؟

اسی سیگمنٹ کے تحت شہریار منور کو صرف اور صرف مہوش حیات نے میسیج کا جواب دیا اور اداکار کو بتایا کہ ہاں وہ بھی تنہا ہیں مگر وہ ان کے ساتھ کچھ نہیں کرنا چاہتیں۔

موبائل میسیج میں مہوش حیات نے شہریار منور کو پیش کش کی کہ اگر وہ اجازت دیں تو اداکارہ ان کے لیے کوئی اور دیکھیں؟

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2024
کارٹون : 21 دسمبر 2024