جاوید آفریدی، ڈیرن سیمی کی آرمی چیف سے ملاقات
پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل)کی فرنچائز پشاور زلمی کے چیئرمین جاوید آفریدی، زلمی ٹیم کے کوچ اور ویسٹ انڈیز کے سابق کرکٹر ڈیرن سیمی آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے ملاقات کی۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر ) کے جاری کردہ بیان کے آرمی چیف سے ملاقات میں پشاور زلمی کے بیٹنگ مینٹور اور جنوبی افریقا کے معروف بلے باز ہاشم آملہ، سابق پاکستانی کرکٹر محمد اکرم بھی موجود تھے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق ملاقات میں آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے پاکستان میں بین الاقوامی کرکٹ کی بحالی میں کردار ادا کرنے اور امن کے سفیر بننے پر پشاور زلمی فرنچائز سے وابستہ مہمانوں کے کردار کو سراہا۔
مزید پڑھیں : کورونا کیسز کے باعث 'پاکستان سپر لیگ 6' ملتوی
آرمی چیف نے پاکستان سپر لیگ کی کامیابی اور ترقی پر کرکٹرز کو مبارکباد بھی دی۔
جنرل قمر جاوید باجوہ نے اس امید کا اظہار بھی کیا کہ پی ایس ایل کے دوبارہ آغاز سے قوم میں خوشی کی لہر دوڑجائے گی۔
علاوہ ازیں ملاقات میں شریک مہمانوں نے پاکستان کے مختلف حصوں کے دوروں کے حوالے سے تجربات سے آرمی چیف کو آگاہ کیا اور پاکستان کو ایک خوبصورت اور پُرامن ملک قرار دیا۔
یاد رہے کہ پی سی بی نے4 مارچ کو پی ایس ایل میں شامل مزید 7 کھلاڑیوں میں کورونا وائرس کی نشان دہی پر لیگ کے بقیہ میچز غیر معینہ مدت تک ملتوی کرنے کا اعلان کیا تھا۔
پی سی بی نے کہا تھا کہ پی سی بی اور ٹیموں کے مالکان کے درمیان منعقدہ ایک ورچوئل اجلاس کے بعد بورڈ نے پی ایس ایل 6 کو فوری طور پر ملتوی کردیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: پی ایس ایل میں ایس او پیز سے متعلق خامیوں کی تحقیقات کیلئے پینل تشکیل
بعد ازاں پی سی بی کے چیف ایگزیکٹو وسیم خان نے کہا تھا کہ پی ایس ایل 6 کو مناسب تاریخ پر گزشتہ سیزن کی طرح مکمل کیا جائے گا۔
پی ایس ایل 6 میں بائیوسیکیور ببل کی ناکامی اور لیگ کے التوا پر تنقید کے بعد پی سی بی کے ڈائریکٹر اسپورٹس سائنس اور میڈیکل نے استعفیٰ دے دیا تھا جبکہ پی سی بی نے پی ایس ایل2021 کے دوران کورونا کیسز رپورٹ ہونے کی وجوہات جاننے کے لیے دو رکنی تحقیقاتی پینل تشکیل دے دیا ہے۔
علاوہ ازیں پاکستان سپر لیگ کی تمام 6 ٹیموں نے پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کو کووڈ-19 کے باعث ملتوی لیگ کے رواں سیزن کے بقیہ 20 میچوں کو اپریل یا جون میں کروانے کی تجویز دی ہے۔