• KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am
  • KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am

بلوچستان سے نو منتخب سینیٹر عبدالقادر تحریک انصاف میں شامل

شائع March 9, 2021
عبدالقادر نے حکمراں جماعت میں شامل ہونے کا اعلان وزیر اعظم سے ملاقات میں کیا—تصویر: اسکرین گریب
عبدالقادر نے حکمراں جماعت میں شامل ہونے کا اعلان وزیر اعظم سے ملاقات میں کیا—تصویر: اسکرین گریب

سینیٹ انتخابات میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے ٹکٹ سے محروم ہونے کے بعد آزاد حیثیت میں کامیاب ہونے والے نو منتخب سینیٹر عبدالقادر نے پی ٹی آئی میں شمولیت کا اعلان کردیا۔

نو منتخب سینیٹر عبدالقادر نے حکمراں جماعت میں شامل ہونے کا باقاعدہ اعلان وزیر اعظم عمران خان سے ملاقات میں کیا۔

وزیراعظم کے دفتر سے جاری بیان کے مطابق ملاقات میں وفاقی وزیر دفاع پرویز خٹک اور پی ٹی آئی رہنما سیف اللہ نیازی بھی موجود تھے۔

یہ بھی پڑھیں: پی ٹی آئی نے عبدالقادر سے سینیٹ کا ٹکٹ واپس لے لیا

خیال رہے عبدالقادر کو سینیٹ انتخابات میں بلوچستان عوامی پارٹی (بی اے پی) اور پی ٹی آئی کی حمایت حاصل تھی اور انہوں نے آزاد حیثیت میں کامیابی حاصل کی تھی۔

یاد رہے کہ سینیٹ انتخابات کے لیے اسلام آباد میں پی ٹی آئی کی قیادت نے بلوچستان سے جنرل نشست پر انتخاب لڑنے کے لیے تعمیراتی شعبے سے وابستہ بزنس ٹائیکون عبدالقادر کو ٹکٹ دیا تھا۔

پی ٹی آئی کی صوبائی قیادت نے بلوچستان میں پارلیمانی لیڈرز اور پارٹی کے ایم پی ایز سے مشاورت کے بغیر فیصلہ لینے پر تحفظات کا اظہار کیا تھا۔

پارٹی کے بلوچستان چیپٹر کی جانب سے شدید تنقید کے بعد عبدالقادر سے ٹکٹ واپس لے کر ظہور آغا کو دے دیا گیا تھا۔

مزید پڑھیں: بلوچستان سے پی ٹی آئی کے واحد اُمیدوار سینیٹ انتخابات سے دستبردار

بعدازاں ڈرامائی طور پر پی ٹی آئی کے سید ظہور آغا سمیت بی اے پی کے 3 اُمیدواروں نے اپنے کاغذات نامزدگی واپس لے لیے تھے، ظہور آغاز کا کہنا تھا کہ بی اے پی کی قیادت کی درخواست پر وزیراعظم عمران خان کے دیے گئے حکم پر وہ سینیٹ انتخابات سے دستبردار ہوئے۔

چنانچہ ان کے دستبردار ہوجانے کے بعد بلوچستان سے پی ٹی آئی کے کسی امیدوار نے سینیٹ انتخابات میں حصہ نہیں لیا تھا جبکہ عبدالقادر نے آزاد حیثیت میں الیکشن لڑا۔

دوسری جانب بلوچستان میں پی ٹی آئی کے پارلیمانی رہنما سردار یار محمد رند نے کے بیٹے آزاد نشست پر سینیٹ انتخابات میں حصہ لے رہے تھے تاہم پارٹی قیادت انہیں انتخابات سے قبل راضی کرنے میں کامیاب ہوگئی تھی۔

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2024
کارٹون : 21 دسمبر 2024