اسامہ بن لادن پر مبنی ڈرامے 'القاھرہ کابول' کا پوسٹر جاری
عالمی دہشت گرد تنظیم 'القاعدہ' کے بانی اسامہ بن لادن پر مبنی مصری ڈراما سیریل ’القاهرة كابول‘ (قاہرہ کابل) کا آفیشل پوسٹر جاری کردیا گیا ہے۔
پوسٹر جاری کرنے کے بعد سے سوشل میڈیا پر مختلف رائے کا اظہار کیا جارہا ہے۔
انڈپینڈنٹ اردو کی رپورٹ کے مطابق اس ڈراما سیریل میں مصری اداکار طارق لطفی القاعدہ کے سابق سربراہ اسامہ بن لادن کا کردار ادا کررہے ہیں۔
اس پوسٹر میں شامل دیگر اداکاروں فتحی عبدالوهاب، خالد الصاوی، نبيل الحلفاوی اور حنان مطاوع شامل ہیں۔
رپورٹ میں العربیہ کا حوالہ دیتے ہوئے کہا گیا کہ یہ ڈراما 90 کی دہائی کے اواخر میں عرب دنیا اور مصر میں دہشت گردی کے منصوبوں کے پس پردہ عوامل پر مبنی ہے۔
مذکورہ ڈراما سیریل آئندہ رمضان کے دوران نشر کیا جائے گا،اس ڈرامے کا پوسٹر مصری اداکار فتحی عبدالوہاب نے بھی جاری کیا۔
ڈرامے میں اداکارہ حنان مطاوع ایک باحجاب لڑکی کا کردار ادا کررہی ہیں اور ان کے مطابق ڈرامے میں ان کا کردار پیچیدہ جذبات سے بھرپور ہے۔
’القاهرة كابول‘ (قاہرہ کابل) ڈرامے کی کہانی عبدالرحیم کمال نے لکھی ہے جبکہ اس کے ہدایت کار حسام علی ہیں۔
یہ ڈراما گزشتہ برس رمضان میں نشر ہونا تھا تاہم کورونا وائرس کی عالمی وبا کے پھیلاؤ کے پیشِ نظر اسے ملتوی کردیا گیا تھا۔
گزشتہ دنوں ڈرامے کے پروڈیوسر تامر مرسی نے کہا تھا کہ یہ ڈراما انتہا پسندی کو سمجھنے اور دہشت گردی کے خطرے سے آگاہی فراہم کرنے کی ایک نئی کوشش ہے۔
رپورٹ کے مطابق مصری ڈرامے کا پوسٹر جاری ہونے کے بعد سے سوشل میڈیا پر مختلف حلقوں نے سیریل کے پوسٹر کو مثبت لیا ہے اور اکثریت کا خیال ہے کہ یہ آئندہ رمضان میں پیش کیا جانے والا ایک اہم ڈراما ہوگا۔
خیال رہے کہ 2011 میں امریکا کی خصوصی افواج نے پاکستان کے شہر ایبٹ آباد کے ایک کمپاؤنڈ میں اسامہ بن لادن کو ہلاک کر دیا تھا۔
ان کی سربراہی میں القاعدہ نے 11 ستمبر 2001 کو امریکا میں حملہ کیا تھا جس میں لگ بھگ 3 ہزار افراد مارے گئے تھے۔