• KHI: Fajr 5:34am Sunrise 6:53am
  • LHR: Fajr 5:12am Sunrise 6:37am
  • ISB: Fajr 5:19am Sunrise 6:46am
  • KHI: Fajr 5:34am Sunrise 6:53am
  • LHR: Fajr 5:12am Sunrise 6:37am
  • ISB: Fajr 5:19am Sunrise 6:46am

پشاور: ٹیسٹ دینے کیلئے آنے والا طالبعلم پولیس کی مبینہ فائرنگ سے جاں بحق

شائع March 8, 2021
ایس ایس پی آپریشنز نے کہا کہ دونوں رائیڈر پولیس اہلکاروں کو گرفتار کرکے ان کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا ہے — فوٹو: ڈان نیوز
ایس ایس پی آپریشنز نے کہا کہ دونوں رائیڈر پولیس اہلکاروں کو گرفتار کرکے ان کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا ہے — فوٹو: ڈان نیوز

پشاور میں رائیڈر پولیس کی مبینہ فائرنگ سے بنوں سے ٹیسٹ دینے کے لیے آنے والا طالب علم جاں بحق ہوگیا۔

طالب علم مبشر کے کزن و عینی شاہد نے کہا کہ رات کو کھانے کے لیے گاڑی میں نکلے تو رائیڈر پولیس کے اہلکاروں نے چلتی گاڑی پر مبینہ طور پر فائرنگ کردی جس سے مبشر شدید زخمی ہوا۔

انہوں نے بتایا کہ مبشر کو لیڈی ریڈنگ ہسپتال (ایل آر ایچ) منتقل کیا گیا جہاں وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا۔

پولیس نے کہا کہ فائرنگ کا واقعہ پہاڑی پورا کی حدود میں پیش آیا، گاڑی میں بنوں سے تعلق رکھنے والے 3 نوجوان موجود تھے جو ٹیسٹ کے لیے پشاور آئے تھے۔

یہ بھی پڑھیں: اسلام آباد میں پولیس اہلکاروں کی فائرنگ سے نوجوان جاں بحق، دہشتگردی کا مقدمہ درج

سینیئر سپرنٹنڈنٹ پولیس (ایس ایس پی) آپریشنز یاسر آفریدی کا کہنا تھا کہ واقعہ رات 2 بجے پیش آیا، دونوں رائیڈر پولیس اہلکاروں کو گرفتار کرکے ان کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ واقعے کی شفاف تحقیقات ہوں گی اور طلب علم کے ورثا کو انصاف ملے گا۔

واضح رہے کہ رواں سال جنوری میں وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں انسداد دہشت گردی اسکواڈ (اے ٹی ایس) پولیس اہلکاروں کی فائرنگ سے ایک 22 سالہ نوجوان جاں بحق ہوگیا، جبکہ پولیس نے والد کی مدعیت میں مقدمہ درج کرکے 5 اہلکاروں کو حراست میں لے لیا تھا۔

مزید پڑھیں: کراچی: پولیس اہلکاروں کی ’غلط فہمی‘ پر فائرنگ، ایک شخص جاں بحق

قبل ازیں ستمبر 2020 میں کراچی کے علاقے آئی آئی چند ریگر روڈ پر پولیس نے غلط فہمی میں ڈاکو سمجھ کر موٹر سائیکل سواروں پر فائرنگ کردی تھی، جس کے نتیجے میں ایک شخص جاں بحق اور دوسرا زخمی ہوگیا۔

مذکورہ واقعے کا حکام بالا نے نوٹس لیا تھا جبکہ اس میں ملوث 3 پولیس اہلکاروں کو حراست میں لے لیا گیا۔

کارٹون

کارٹون : 21 نومبر 2024
کارٹون : 20 نومبر 2024