روہڑی کے قریب کراچی ایکسپریس کی بوگیاں پٹری سے اتر گئیں، خاتون جاں بحق، 30 زخمی
سکھر: کراچی سے لاہور جانے والی ’کراچی ایکسپریس‘ کی منڈو ڈیرو اور سانگی ریلوے اسٹیشنز کے درمیان بوگیاں پٹری سے اترنے سے ایک خاتون جاں بحق جبکہ 30 افراد زخمی ہوگئے۔
اس واقعے کی ابتدائی تفصیلات سے متعلق ڈان اخبار کی رپورٹ میں بتایا گیا کہ ہفتے کو رات گئے لاہور جانے والی کراچی ایکسپریس اس وقت حادثے کا شکار ہوئی جب منڈو ڈیرو اور سانگی ریلوے اسٹیشن کے درمیان اس کی 9 بوگیاں پٹری سے اترگئیں۔
سامنے آنے والی ابتدائی معلومات میں بتایا گیا تھا کہ 15 اپ کراچی ایکسپریس رات سوا ایک بجے کے قریب روہڑی جنکشن سے روانہ ہوئی تھی کہ جب ٹرین سانگی کے قریب پہنچی تو اس کی 9 بوگیاں جس میں اے سی اور اکنامی کلاس کی کوچز شامل تھی وہ پٹری سے اتر گئیں۔
مزید پڑھیں: خانپور کے قریب مسافر ٹرین کی مال گاڑی کو ٹکر، 2 افراد زخمی
حادثے کے وقت زیادہ تر مسافر سو رہے تھے اور بوگیوں کے اچانک پٹری سے اترنے جانے سے افراتفری پھیلا گئی، جس کے بعد مسافروں کی جانب سے اپنی مدد آپ کے تحت ریسکیو کا کام شروع کیا گیا۔
تاہم بعد ازاں ایدھی ایمبولنسز جائے وقوع پر پہنچ گئیں اور زخمیوں کو تعلقہ ہسپتال روہڑی اور سول ہسپتال سکھر منتقل کردیا گیا۔
دوسری جانب ایدھی انچارج محمد عرس مگسی نے بتایا کہ واقعے میں ایک خاتون جاں بحق جبکہ 30 افراد زخمی ہوئے، جن میں سے 15 معمولی زخمی تھے۔
جاں بحق ہونے والی خاتون کی شناخت عظمیٰ زوجہ صابر سکنہ کے نام سے ہوئی جو کراچی کی رہائشی تھی۔
ادھر واقعے کے بعد جے ایم ریلوے نثار میمن نے جائے حادثہ کا دورہ کیا اور ٹریک کی بحالی و دیگر کام کا جائزہ لیا۔
یہ بھی پڑھیں: شیخوپورہ کے نزدیک مسافر کوسٹر ٹرین کی زد میں آگئی، 22 افراد ہلاک
اس موقع پر انہوں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ ٹریک کی بحالی کا کام جاری ہے جس میں کچھ وقت لگ سکتا ہے۔
ساتھ ہی انہوں نے کہا کہ واقعے کی تحقیقات کی جارہی ہے اور یہ دیکھا جائے گا کہ آیا اس میں کہیں انسانی غلطی تو نہیں تھی۔
جی ایم ریلوے کا کہنا تھا کہ ٹرین میں جدید انجن لگا ہوا تھا جس میں ایک، ایک سیکنڈ کا ریکارڈ ہوتا ہے، جس کی جانچ کی جائے گی۔