پاکستان میں کورونا وائرس کے مزید ایک ہزار 579 کیسز، 52 اموات رپورٹ
پاکستان میں فروری کے اختتام سے کورونا وائرس سے متعلق متعدد پابندیاں نرم کیے جانے کے بعد ایک ہفتے کے دوران وائرس کے کیسز میں 30 فیصد اضافہ دیکھا گیا جبکہ ویکسین کی کنسائمنٹ میں تاخیر کے باعث دوسرے مرحلے کی ویکسینیشن کا آغاز ابھی تک نہیں ہوسکا۔
اس عالمی وبا کو ملک میں ایک برس سے زائد ہو چکا ہے اور اس دوران وائرس کی 2 لہریں دیکھی جاچکی ہیں اور ماہرین نے بڑھتے ہوئے کیسز کے پیشِ نظر خدشہ ظاہر کیا ہے کہ اگر پابندیاں نہیں لگائی گئیں تو ملک میں وائرس کی تیسری لہر آسکتی ہے۔
پاکستان میں کورونا وائرس کے سلسلے میں اٹھائے گئے اقدامات اور صورتحال کی نگرانی کے لیے نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) قائم کیا گیا تھا جو نہ صرف پابندیوں کے نفاذ یا ہٹانے کا اعلان کرتا ہے بلکہ وبائی صورتحال میں وسائل کی تقسیم بھی اسی کی ذمہ داری تھی۔
پاکستان میں کورونا وائرس کے اعداد و شمار پر اگر نظر ڈالی جائے تو گزشتہ 24 گھنٹوں میں ملک میں کورونا وائرس سے مزید ایک ہزار 579 افراد متاثر ہوئے جس کے بعد کیسز کی مجموعی تعداد 5 لاکھ 87 ہزار 84 ہوگئی۔
اسی طرح ملک میں مزید 52 افراد اس وائرس کے باعث زندگی کی بازی ہار گئے اور ان کے انتقال کے بعد ملک میں اموات کی مجموعی تعداد 13 ہزار 128 تک پہنچ گئی۔
تاہم ملک میں حالات معمول پر آنے کی ایک بڑی وجہ لوگوں کا تیزی سے صحتیاب ہونا بھی ہے اور اس وائرس سے اب تک 94.8 فیصد مریض صحتیاب بھی ہوچکے ہیں اور فعال کیسز کی تعداد 17 ہزار 117 ہے۔
گزشتہ 24 گھنٹوں میں ان صحتیاب افراد کی تعداد میں ایک ہزار 527 کا اضافہ ہوا، جس کے بعد شفایاب ہونے والوں کی مجموعی تعداد 5 لاکھ 56 ہزار 769 ہوگئی۔
واضح رہے کہ ملک میں کورونا وائرس کا پہلا کیس 26 فروری 2020 کو رپورٹ ہوا تھا، جس کے بعد ملک میں تعلیمی اداروں کی بندش کے ساتھ ساتھ مختلف پابندیوں اور لاک ڈاؤن کے نفاذ جیسی صورتحال پیش آئی تھی۔
تاہم وقت کے ساتھ ساتھ صورتحال بہتر ہونے پر پابندیاں نرم کی جاتی رہیں اور تعلیمی اداروں کو بھی مجموعی صورتحال کے جائزے کے بعد مرحلہ وار کھولا گیا۔
اگر پاکستان کے چاروں صوبوں اور وفاقی اکائیوں میں وائرس کی صورتحال پر نظر ڈالی جائے تو صورتحال کچھ یوں ہے:
سندھ
سندھ جو اس وبا سے سب سے زیادہ متاثر ہونے والا صوبہ ہے وہاں وائرس نے مزید 260 افراد کو متاثر کیا جبکہ 17 مریض انتقال کر گئے۔
اس طرح سندھ میں وائرس کے اب تک رپورٹ ہونے والے کیسز کی تعداد 2 لاکھ 59 ہزار 164 ہوگئی اور اموات 4 ہزار 405 تک پہنچ گئی۔
پنجاب
ملک میں کیسز کے حساب سے دوسرے نمبر پر سب سے زیادہ متاثرہ صوبے پنجاب میں یہ وائرس مزید 418 افراد کو متاثر کرنے اور 26 کی جان لینے کا سبب بنا۔
یوں پنجاب میں مجموعی کیسز کی تعداد ایک لاکھ 75 ہزار 51 اور اموات 5 ہزار 510 ہوگئیں۔
خیبرپختونخوا
ادھر خیبرپختونخوا میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران عالمی وبا کے 251 نئے کیسز اور 3 اموات رپورٹ ہوئیں۔
اس طرح سامنے آنے والے ان اعداد و شمار کے بعد وہاں کیسز کی مجموعی تعداد 73 ہزار 258 اور اموات 2 ہزار 99 تک پہنچ گئیں۔
بلوچستان
رقبے کے لحاظ سے ملک کے سب سے بڑے صوبے بلوچستان میں کورونا کی صورتحال قدر بہتر رہی اور وہاں 24 گھنٹوں میں 13 نئے کیسز سامنے آئے جبکہ کسی فرد کا انتقال نہیں ہوا۔
اس طرح وہاں مجموعی کیسز کی تعداد 19 ہزار 97 ہوگئی جبکہ اموات 200 ہیں۔
اسلام آباد
ملک کے وفاقی دارالحکومت میں عالمی وبا کے 157 نئے کیسز کی تصدیق ہوئی اور مزید ایک مریض انتقال کر گیا۔
یوں اسلام آباد میں مجموعی کیسز کو دیکھیں تو وہ 45 ہزار 78 تک پہنچ گئے اور اموات 504 ہو گئیں۔
آزاد کشمیر
اسی طرح آزاد کشمیر میں وائرس کے پھیلاؤ میں تیزی دیکھنے میں آئی اور مزید 38 افراد اس سے متاثر ہوئے جبکہ ایک مریض لقمہ اجل بنا۔
آزاد کشمیر میں کورونا متاثرین کی تعداد 10 ہزار409 جبکہ مرنے والوں کی تعداد 308 ہوگئی ہے۔
گلگت بلتستان
پاکستان میں گلگت بلتستان وہ علاقہ ہے جہاں وبا کی صورتحال تسلی بخش ہے تاہم 26 فروری کے بعد سے وہاں گزشتہ روز ایک کیس سامنے آیا ہے
اس علاقے میں کورونا کے مجموعی طور پر 4 ہزار 957 کیسز رپورٹ ہوچکے ہیں جبکہ 102 افراد کا انتقال ہوا۔