• KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:10pm
  • LHR: Maghrib 5:04pm Isha 6:31pm
  • ISB: Maghrib 5:04pm Isha 6:33pm
  • KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:10pm
  • LHR: Maghrib 5:04pm Isha 6:31pm
  • ISB: Maghrib 5:04pm Isha 6:33pm

عمران خان نے اعتماد کا ووٹ لے لیا تو آگے گڑھا پیچھے کھائی ہے، مریم نواز

شائع March 4, 2021
مریم نواز نے کہا کہ کس نے کہا تھا کہ اگر شو آف ہینڈ نہ ہوا تو الیکشن کے بعد اپوزیشن روئے گی — فوٹو: ڈان نیوز
مریم نواز نے کہا کہ کس نے کہا تھا کہ اگر شو آف ہینڈ نہ ہوا تو الیکشن کے بعد اپوزیشن روئے گی — فوٹو: ڈان نیوز

مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز کا کہنا ہے کہ وزیر اعظم عمران خان نے اعتماد کا ووٹ لے لیا تو آگے گڑھا ہے پیچھے کھائی ہے جبکہ ان کے اراکین نے اگر ان چوروں کا ساتھ دیا تو عوام ان کا محاصرہ کرے گی۔

اسلام آباد میں مسلم لیگ (ن) کی جنرل کونسل کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ 'ارکان اسمبلی کو خراج تحسین پیش کرتی ہوں، 83 کے 83 ارکان نے نواز شریف کے بیانیے پر لبیک کہا، پاکستان نے بہت کڑا وقت بھی دیکھا ہے لیکن تمام ارکان نے نظم و ضبط کا مظاہرہ کیا اور یوسف رضا گیلانی کو ووٹ دیا۔'

انہوں نے کہا کہ ان کا خیال تھا کہ نواز شریف کو باہر بھیجیں گے تو مسلم لیگ (ن) ٹوٹ جائے گی، ان کا خیال تھا کہ انہیں جیلوں میں پھینک کر مسلم لیگ کو توڑ دیں گے، ظلم و انتقام، جبر، دھونس دھاندلی جو اب دیکھی ہے وہ 73 سال میں نہیں دیکھی، اس سب کے باوجود مسلم لیگ (ن) نہیں ٹوٹی۔'

یہ بھی پڑھیں: سینیٹ انتخابات کا جھٹکا، پارلیمنٹ کے اندر اور باہر کیا ہوتا رہا؟

ان کا کہنا تھا کہ 'کہتے تھے نواز شریف کی نااہلی کا بوجھ بہت بھاری ہے کون اٹھائے گا، نواز شریف کی نااہلی کا بوجھ کارکنوں نے اٹھایا، آج اس کا ڈنکا پورے پاکستان میں بج رہا ہے، مسلم لیگ (ن) کو توڑنے والے خود ٹوٹ رہے ہیں، باقی سب بیانیے آپ موت مرگئے اور ایک بیانیہ سر چڑھ کر بولا کہ ووٹ کوعزت دو۔'

مریم نواز نے کہا کہ نواز شریف نے لندن میں بیٹھ کر طاقت کے ایوان ہلا کر رکھ دیے، نواز شریف نے جیل جانا بھی برداشت کیا، اپنی والدہ کی موت کو بھی برداشت کیا۔

انہوں نے کہا کہ ڈسکہ میں دیکھا (ن) لیگ کے ووٹر باہر نکلے، کسی بھول اور غلط فہمی میں مت رہنا، (ن) لیگ کا ووٹر ووٹ کے دن نکلتا ہے، نوشہرہ کےعوام کو مبارکباد دیتی ہوں جنہوں نے اپنے مخالف کو اس کے گھر میں گھس کر مارا۔

ان کا کہنا تھا کہ تمہیں فاول پلے کرنا پڑا، الیکشن عملے کو اغوا کرنا پڑا لیکن (ن) لیگ جیت گئی، یہ لوگ کہتے ہیں سینیٹ انتخابات میں پیسہ چلا، کیا چاروں صوبوں میں ضمنی انتخابات میں تمہیں شکست ہوئی وہاں بھی پیسہ چلا، الیکشن میں پیسا نہیں چلا مسلم لیگ (ن) کا ٹکٹ چلا ہے، ایم این ایز اور ایم پی ایز بھی جانتے ہیں کہ تم پہلی اور آخری بار اقتدار میں لائے گئے ہو۔

رہنما مسلم لیگ (ن) نے کہا کہ کس نے کہا تھا کہ اگر شو آف ہینڈ نہ ہوا تو الیکشن کے بعد اپوزیشن روئے گی، اوپن بیلٹ اور وہ تمام بھاگ دوڑ ایسے نہیں تھی، ان کو نظر آگیا تھا کہ یہ ہار رہے ہیں، تمہارا یہ حال ہے کہ اپنے بل بوتے پر سینیٹ کی ایک نشست نہیں جیت سکے۔

مزید پڑھیں: پی ڈی ایم عدم اعتماد کا فیصلہ کرے گی، عمران کو این آر او نہیں دیں گے، بلاول

انہوں نے کہا کہ تمہاری جمہوریت اس وقت کہاں سو رہی تھی جب 2018 کا الیکشن چوری ہوا، آرڈیننس لانا اور الیکشن کمیشن کو الزام دینا ایسے ہی نہیں تھا، اب ان کو نواز شریف کا بیانیہ یاد آگیا، یہ کل سے کہہ رہے ہیں کہ ووٹ کوعزت دو۔

وزیر اعظم عمران خان کی جانب سے ایوان سے اعتماد کا ووٹ لینے کے اعلان کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ 'عمران خان نے اعتماد کا ووٹ لے لیا تو آگے گڑھا ہے پیچھے کھائی، ان کے اراکین سے کہتی ہوں کہ آٹا، چینی، بجلی، گیس چوری کے جرائم میں بالکل شریک نہ ہوں، اگر ان اراکین نے ان چوروں کا ساتھ دیا تو عوام ان کا محاصرہ کرے گی۔'

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2024
کارٹون : 21 دسمبر 2024