• KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:10pm
  • LHR: Maghrib 5:04pm Isha 6:31pm
  • ISB: Maghrib 5:04pm Isha 6:33pm
  • KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:10pm
  • LHR: Maghrib 5:04pm Isha 6:31pm
  • ISB: Maghrib 5:04pm Isha 6:33pm

کورونا کیسز کے باعث 'پاکستان سپر لیگ 6' ملتوی

پی ایس ایل کا آغاز 20 فروری سے ہوا تھا — فائل فوٹو: پی ایس ایل ویب سائٹ
پی ایس ایل کا آغاز 20 فروری سے ہوا تھا — فائل فوٹو: پی ایس ایل ویب سائٹ

عالمی وبا کورونا وائرس نے پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کو بھی اپنی لپیٹ میں لے لیا جس کے باعث ایونٹ کو ملتوی کردیا گیا۔

اس حوالے سے پی سی بی کے جاری اعلامیے کے مطابق پی سی بی اور ٹیموں کے مالکان کے درمیان منعقدہ ایک ورچوول اجلاس کے بعد پاکستان کرکٹ بورڈ نے پی ایس ایل 6 کو فوری طور پر ملتوی کردیا۔

ساتھ ہی یہ بھی بتایا گیا کہ لیگ کو 7 کورونا کیسز سامنے آنے کے بعد ملتوی کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔

اعلامیے میں بتایا گیا کہ پی سی بی اب فوری طور پر تمام 6 ٹیموں کے شرکا کی پی سی آر ٹیسٹنگ، کورونا ویکسین اور آئسولیشن سہولیات کے لیے اقدامات کرے گا۔

مزید پڑھیں: پی ایس ایل 6: دو ٹیموں کے مزید 3 کھلاڑی کورونا وائرس سے متاثر

قبل ازیں پاکستان کرکٹ بورڈ کے جاری اعلامیے میں بتایا گیا تھا کہ پی ایس ایل 6 کی 2 ٹیموں کے مزید 3 کھلاڑیوں کے کورونا ٹیسٹ کی رپورٹ مثبت آئی، جس کے بعد یہ تینوں کھلاڑی 10 روز تک آئسولیشن میں رہیں گے۔

پی سی بی نے بتایا تھا کہ ان تینوں کھلاڑیوں نے بدھ کو پی ایس ایل 6 کے میچز میں شرکت نہیں کی تھی اور ان تینوں کھلاڑیوں میں علامات ظاہر ہونے پر گزشتہ روز دوپہر میں ٹیسٹ کیا گیا تھا۔

اس سے قبل 2 مارچ کو پی سی بی نے بتایا تھا کہ ایونٹ میں شامل مزید 3 کھلاڑیوں کے کورونا ٹیسٹ مثبت آئے تاہم تمام میچز شیڈول کے مطابق ہوں گے۔

پی سی بی کے ڈائریکٹر میڈیا ڈپارٹمنٹ سمیع الحسن برنی نے کہا تھا کہ اسلام آباد یونائیٹڈ کے فواد احمد کے کورونا ٹیسٹ مثبت آنے کے بعد 244 پی سی آر ٹیسٹ کروائے گئے جس میں سے 3 کے نتائج مثبت آئے۔

انہوں نے بتایا تھا کہ ٹیسٹ مثبت آنے والوں میں 2 غیر ملکی کھلاڑی اور ایک مقامی اسپورٹنگ اسٹاف ہے۔

قبل ازیں یکم مارچ کو پی ایس ایل میں اسلام آباد یونائیٹڈ اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے میچ سے قبل یونائیٹڈ کے کھلاڑی فواد احمد کا کورونا ٹیسٹ مثبت آیا تھا اور اس وجہ سے میچ کو ملتوی کرنا پڑ گیا تھا۔

واضح رہے کہ پاکستان سپر لیگ سیزن 6 کا آغاز 20 فروری کو کراچی سے ہوا تھا اور ایونٹ کے میچز اس مرتبہ ملک کے دو شہروں کراچی اور لاہور میں کھیلے جارہے تھے۔

کورونا وائرس کے باعث اس مرتبہ ایونٹ کی افتتاحی تقریب بھی ریکارڈڈ پیش کی گئی تھی جبکہ تماشائیوں کی اجازت بھی ابتدا میں 20 فیصد تک تھی جسے بعد ازاں صورتحال کو دیکھتے ہوئے 50 فیصد تک کردیا گیا تھا۔

اگر 20 فروری سے 3 مارچ تک کھیلے جانے والے پی ایس ایل کے میچز کی بات کریں تو 14 میچز کھیلے جاچکے تھے جس میں کراچی کنگز کی ٹیمز 5 میچز میں سے 3 میں کامیابی حاصل کرکے بہتر رن ریٹ کی وجہ سے پوائنٹس ٹیبل پر سرفہرست تھی۔

یہ بھی پڑھیں: اسلام آباد یونائیٹڈ کے ایک کھلاڑی کا کورونا ٹیسٹ مثبت، میچ ملتوی

اس کے علاوہ پشاور زلمی نے بھی 5 میں سے 3 میچز جیتے تھے تاہم رن ریٹ کی وجہ سے اس کا دوسرا نمبر تھا۔

ایونٹ کی اگر دیگر ٹیموں کی بات کریں تو اسلام آباد یونائیٹڈ اور لاہور قلندرز 4 میں سے 3، 3 میچ جیت کر بالترتیب تیسرے اور چوتھے نمبر پر تھے۔

ان کے علاوہ ملتان سلطانز اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے 5 میں سے صرف ایک، ایک میچ جیتا تھا اور وہ 2، 2 پوائنٹس کے ساتھ بالترتیب پانچویں اور چھٹے نمبر پر تھے۔

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2024
کارٹون : 21 دسمبر 2024