• KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am
  • KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am

پی ایس ایل 6: دو ٹیموں کے مزید 3 کھلاڑی کورونا وائرس سے متاثر

شائع March 4, 2021
پی ایس ایل کا فائنل 22 مارچ کو کھیلا جانا تھا —تصویر: بشکریہ پی ایس ایل ویب سائٹ
پی ایس ایل کا فائنل 22 مارچ کو کھیلا جانا تھا —تصویر: بشکریہ پی ایس ایل ویب سائٹ

پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) سیزن 6 کا میلہ جاری ہے تاہم یہ ایونٹ بھی عالمی وبا کورونا وائرس کی لپیٹ میں آرہا ہے اور لیگ میں شامل مزید 3 کھلاڑی کورونا وائرس کا شکار ہوگئے ہیں۔

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے جاری اعلامیے کے مطابق پی ایس ایل 6 کی 2 ٹیموں کے مزید 3 کھلاڑیوں کے کورونا ٹیسٹ کی رپورٹ مثبت آئی، جس کے بعد یہ تینوں کھلاڑی 10 روز تک آئسولیشن میں رہیں گے۔

پی سی بی کے مطابق ان تینوں کھلاڑیوں نے بدھ کو پی ایس ایل 6 کے میچز میں شرکت نہیں کی تھی اور ان تینوں کھلاڑیوں میں علامات ظاہر ہونے پر گزشتہ روز دوپہر میں ان کا ٹیسٹ کیا گیا تھا۔

مزید پڑھیں: مزید کھلاڑی کورونا کا شکار، پی ایس ایل کے میچز شیڈول کے مطابق ہوں گے، پی سی بی

اعلامیے میں واضح کیا گیا کہ ایچ بی ایل پی ایس ایل 6 کی آرگنائزنگ کمیٹی آج (جمعرات) کو تمام ٹیموں کے مالکان اور انتظامیہ کے ساتھ ایک ورچوول اجلاس کرے گی۔

اس سے قبل 2 مارچ کو پی سی بی نے بتایا تھا کہ ایونٹ میں شامل مزید 3 کھلاڑیوں کے کورونا ٹیسٹ مثبت آئے تاہم تمام میچز شیڈول کے مطابق ہوں گے۔

پی سی بی کے ڈائریکٹر میڈیا ڈپارٹمنٹ سمیع الحسن برنی نے کہا تھا کہ اسلام آباد یونائیٹڈ کے فواد احمد کے کورونا ٹیسٹ مثبت آنے کے بعد 244 پی سی آر ٹیسٹ کروائے گئے جس میں سے 3 کے نتائج مثبت آئے۔

انہوں نے بتایا تھا کہ ٹیسٹ مثبت آنے والوں میں 2 غیرملکی کھلاڑی اور ایک مقامی اسپورٹنگ اسٹاف ہے۔

قبل ازیں یکم مارچ کو پی ایس ایل میں اسلام آباد یونائیٹڈ اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے میچ سے قبل یونائیٹڈ کے کھلاڑی فواد احمد کا کورونا ٹیسٹ مثبت آیا تھا اور اس وجہ سے میچ کو ملتوی کرنا پڑ گیا تھا۔

یہ بھی پڑھیں: پی ایس ایل 2021: کراچی کے آئندہ میچز میں 50 فیصد اسٹیڈیم بھرنے کی تیاری

واضح رہے کہ پاکستان سپر لیگ کا میلہ جاری ہے اور لیگ کے ابتدائی میچز کراچی میں کھیلے جارہے ہیں جس کے بعد باقی میچز لاہور میں کھیلے جانے ہیں۔

اس ایونٹ کا آغاز 20 فروری سے ہوا ہے اور اب تک 14میچز کھیلے جاچکے ہیں جبکہ ایونٹ کا فائنل 22 مارچ کو لاہور میں کھیلا جانا ہے۔

یہاں یہ بھی مدنظر رہے کہ کورونا وائرس کے باعث اس مرتبہ شائقین کی تعداد کو پہلے 20 فیصد تک محدود کیا گیا تھا تاہم بعد ازاں مجموعی صورتحال کو دیکھتے ہوئے اسٹیڈیم میں 50 فیصد شائقین کو آنے کی اجازت ہے جبکہ پلے آف مراحل میں یہ تعداد اسٹیڈیم کی گنجائش کے مطابق ہوگی۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024